قومی خبریں

الیکٹورل بانڈ پر ’سپریم‘ پابندی، مرکزی حکومت کو جھٹکا! جانیں اس فیصلے سے کیا تبدیلی آئے گی؟

سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ منصوبے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے شہریوں کے حق اطلاعات کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ ایس بی آئی کو حکم دیا گیا ہے کہ بانڈ کی فروخت پر فوری طور پر روک لگائی جائے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے الیکٹورل (انتخابی) بانڈ اسکیم پر پابندی عائد کر دی۔ یہ فیصلہ مرکزی حکومت کے لیے ایک جھٹکے کی طرح ہے کیونکہ وہ اس اسکیم کو جاری رکھنے کی حامی تھی۔ عدالت عظمیٰ نے الیکٹورل بانڈ کو غیر آئینی قرار ہوئے کہا کہ یہ اسکیم عوام کے حق اطلاعات یعنی رائٹ ٹو انفارمیشن (آر ٹی آئی) کے منافی ہے۔

Published: undefined

چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکٹورل بانڈ کے حوالہ سے 2019 سے اب تک کی تفصیلات طلب کرے۔ وہیں بانڈ جاری کرنے والے ادارے ایس بی آئی کو یہ معلومات فراہم کرنا ہوں گی کہ اپریل 2019 سے لے کر اب تک کتنے لوگوں نے کتنے کتنے روپے کے الیکٹورل بانڈز خریدے ہیں۔ ایس بی آئی تین ہفتوں میں یہ معلومات فراہم کرے گا۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن یہ معلومات عوام تک پہنچائے گا۔

Published: undefined

خیال رہے کہ حکومت نے الیکٹورل باند کو آر ٹی آئی کے دائرہ سے باہر رکھا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ عام لوگ حق اطلاعات کے تحت الیکٹورل بانڈز سے متعلق معلومات حاصل نہیں کر سکتے تھے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ووٹرز کو سیاسی جماعتوں کے فنڈز کے بارے میں جاننے کا حق ہے۔ الیکشن کمیشن کو انتخابی بانڈز سے متعلق معلومات اپنی ویب سائٹ پر بھی فراہم کرنی ہوں گی۔ حکومت کی دلیل تھی کہ انتخابی بانڈز کے ذریعے کالے دھن اور سیاسی فنڈنگ ​​میں بے ضابطگیوں کو روکا جائے گا۔ جبکہ عدالت نے کہا کہ کالے دھن کو روکنے کے اور بھی طریقے ہیں۔

Published: undefined

اب جبکہ سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈ اسکیم کو غیر آئینی قرار دینے کا فیصلہ سنایا ہے تو اس کے نتیجہ میں اب بینک الیکٹول بانڈ فروخت یا جمع نہیں کر سکیں گے۔ اگر کوئی شخص کسی سیاسی جماعت کو چندہ دینا چاہتا ہے تو اسے یہ کام اپنے بینک کھاتے کے ذریعے کرنا ہوگا۔ ایس بی آئی کو سیاسی جماعتوں کے ذریعے کیش کیے گئے الیکٹورل بانڈز کی تفصیلات جمع کرانی ہوں گی۔ وہیں، الیکٹورل بانڈز کی رقم جو کیش نہیں کی گئی ہے، اسے خریدار کے اکاؤنٹ میں واپس کرنا ہوگا۔

Published: undefined

خیال رہے کہ الیکٹورل بانڈز جمع کروانے کے سلسلے میں ملک بھر میں ایس بی آئی کی مجاز کل 29 شاخیں ہیں، جہاں پر کوئی بھی اس طرح کے بانڈ کو خرید سکتا ہے اور سیاسی جماعتوں کو عطیات فراہم کر سکتا ہے۔ تاہم، عدالت نے اسے جاری کرنے والے بینک (ایس بی آئی) کو ہدایت کی ہے کہ وہ الیکٹورل بانڈ کو جاری کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ اس سے سیاسی جماعتوں کی مشکلات بڑھنے والی ہیں کیونکہ عام انتخابات قریب ہیں اور پارٹیوں کو انتخابی چندے کی سب سے زیادہ ضرورت ہوگی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined