
شیئر مارکیٹ، تصویر/آئی اے این ایس
دیوالی کے موقع پر آج ہندوستانی شیئر بازار میں روایتی ’مہورت ٹریڈنگ‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے تحت اتوار (8 نومبر) کو بھی نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) اور بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) میں ایک گھنٹے کے خصوصی سیشن کے دوران کاروبار ہوگا۔ مقررہ پروگرام کے مطابق ’مہورت ٹریڈنگ‘ دوپہر 2 بج کر 20 منٹ سے 3 بج کر 30 منٹ تک ہوگی۔ اگرچہ 8 نومبر باقاعدہ طور پر ہفتہ وار تعطیل کا دن ہے، لیکن دیوالی پر ’لکشمی پوجا‘ کے موقع پر خصوصی تجارتی سیشن منعقد کرنے کی روایت برقرار رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ شیئر بازار میں ’مہورت ٹریڈنگ‘ کو انتہائی مبارک تصور کیا جاتا ہے۔ یہ محض ایک خصوصی تجارتی سیشن نہیں بلکہ ہندو نئے سال کے آغاز کی علامت بھی ہے۔ اسی وجہ سے بڑی تعداد میں سرمایہ کار اس دوران علامتی طور پر شیئرز خریدتے ہیں اور نئی سرمایہ کاری کا آغاز کرتے ہیں۔ مانا جاتا ہے کہ لکشمی پوجا کے دن کی گئی سرمایہ کاری آنے والے سال میں خوشحالی اور اچھے نتائج فراہم کرتی ہے۔
اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پری اوپننگ سیشن دوپہر 2:05 سے 2:20 تک چلے گا۔ بلاک ڈیل ونڈو دوپہر 1:50 سے 2:05 تک کھلی رہے گی۔ باقاعدہ ’مہورت ٹریڈنگ‘ سیشن 2:20 سے 3:30 تک ہوگا۔ اس کے بعد کلوزنگ سیشن اور پوسٹ کلوزنگ سیشن مقررہ وقت کے مطابق چلائے جائیں گے۔ بازار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’مہورت ٹریڈنگ‘ کی اہمیت صرف مذہبی اور روایتی نہیں بلکہ اس کا تعلق سرمایہ کاروں کے حوصلے اور بازار کے مثبت رجحان سے بھی ہے۔ کئی طویل مدتی سرمایہ کار اس دوران اپنے پورٹ فولیو میں نئے شیئرز شامل کرتے ہیں، جب کہ کچھ سرمایہ کار صرف ’مبارک شروعات‘ کے لیے علامتی خریداری کرتے ہیں۔
نومبر 2026 میں مہورت ٹریڈنگ کے علاوہ بھی شیئر بازار کئی دیگر مواقع پر بند رہے گا۔ ’دیوالی-بالی پرتی پدا‘ کے موقع پر 10 نومبر کو بازار میں تعطیل ہوگی۔ اس کے علاوہ 24 نومبر کو ’گرو نانک دیو پرکاش پرو‘ کے باعث بھی بازار بند رہے گا۔ ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں اس کے علاوہ ہوں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ’مہورت ٹریڈنگ‘ کے دوران سرمایہ کاری کا فیصلہ صرف مبارک وقت کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ کمپنی کی بنیادی کارکردگی، طویل مدتی امکانات اور سرمایہ کاری کے اہداف کی بنیاد پر کرنا چاہیے۔ حالانکہ ہندوستانی شیئر بازار میں یہ روایت کئی دہائیوں پرانی ہے اور آج بھی سرمایہ کاروں میں اتنی ہی مقبول ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔