5.7 شدت کے زلزلے سے پھر لرز اٹھا جاپان، دکانوں کے شیشے ٹوٹے، بھگدڑ میں 22 افراد زخمی

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارتوں میں موجود لوگ خوف زدہ ہو کر باہر بھاگنے لگے۔ اس افراتفری کے دوران تقریباً 22 افراد زخمی بھی ہو گئے۔

<div class="paragraphs"><p>زلزلہ / علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i

جاپان میں اتوار (8 نومبر) کی علی الصبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں سے دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور عمارتوں میں موجود لوگ خوف زدہ ہو کر باہر بھاگنے لگے۔ اس افراتفری کے دوران تقریباً 22 افراد زخمی بھی ہو گئے۔ یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق علی الصبح 1 بج کر 4 منٹ پر آیا۔ اس کا مرکز شیزوکا صوبہ میں زمین سے تقریباً 40 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ پڑوسی صوبہ آئیچی اور شیزوکا اس قدرتی آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

زلزلہ پیما جائزوں کے مطابق سب سے شدید جھٹکے آئیچی میں محسوس کیے گئے۔ یہ علاقہ راجدھانی ٹوکیو سے کافی فاصلے پر واقع ہے، اس لیے وہاں زلزلے کے جھٹکے محسوس نہیں کیے گئے۔ زلزلے کے بعد علاقے میں کئی ہلکے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔ جاپانی ٹی وی چینلوں پر دکھائی گئی تصاویر میں دکانوں کے ٹوٹے ہوئے شیشے اور سڑکوں پر بکھرے ان کے ٹکڑے صاف نظر آئے۔ ایک بک اسٹور کا منظر ایسا تھا جیسے الماریوں سے کتابیں گر کر نیچے ڈھیر ہو گئی ہوں۔ اچانک آئے اس زلزلے سے لوگ گھبرا گئے اور عمارتوں سے باہر بھاگنے لگے۔ باہر نکلنے کی کوشش میں کئی افراد سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہو گئے۔


زلزلے کے اثر سے آئیچی صوبہ، ہماماتسو شہر، قدیم راجدھانی کیوٹو اور نارا، ماؤنٹ فوجی والے یاماناشی اور گیفو صوبے متاثر ہوئے ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پر متاثرہ علاقوں میں شنکانسن بلٹ ٹرینوں کی رفتار کم کر دی گئی، کیونکہ زلزلے کے ایسے جھٹکوں سے اکثر ریلوے پٹریوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جمعہ (6 نومبر) کو بھی جاپان کے ہاساکی میں شدید زلزلہ آیا تھا۔ جاپانی مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 7 بج کر 39 منٹ پر آئے اس زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔