قومی خبریں

’آپ کے ساتھ کھڑا ہونا میری ذمہ داری‘، راہل نے لوگوں کے حقوق اور انصاف کی آواز بلند کرنے کے لیے شروع کیا ’ستیہ گرہ‘ پورٹل

راہل گاندھی نے کہا کہ ’ملک بھر میں لوگ اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور اکثر اکیلے لڑ رہے ہیں۔ لیکن جو آواز اکیلی اٹھتی ہے وہ اکثر دب جاتی ہے۔ ’ستیہ گرہ‘ انہی آوازوں کو ایک نقشہ پر ساتھ لانے کی پہل ہے۔‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (ویڈیو گریب)</p></div>

راہل گاندھی (ویڈیو گریب)

 

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کرنے والے لوگوں، اداروں اور گروپوں کی مدد کے لیے ایک بڑی پہل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ان کی مدد کے لیے ’ستیہ گرہ‘ نام سے ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مطالبات کو لے کر ملک کے کونے کونے میں احتجاج ہو رہے ہیں اور حزب اختلاف کے قائد کی حیثیت سے میری ذمہ داری ہے کہ ان کی آواز کو صحیح جگہ تک پہنچایا جائے۔

راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر یہ شروعات کی اور اس سے متعلق ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو جاری کر کہا کہ ’’ملک بھر میں لوگ اپنے حق کے لیے لڑ رہے ہیں اور اکثر اکیلے لڑ رہے ہیں۔ جین زی، طلبہ، کسان، آدیواسی، دلت خواتین، ہر جدوجہد کی اپنی کہانی ہے۔ لیکن جو آواز اکیلی اٹھتی ہے وہ اکثر دب جاتی ہے۔ ’ستیہ گرہ‘ انہی آوازوں کو ایک نقشہ پر ساتھ لانے پہل ہے۔ باپو نے یہی سکھایا تھا، سچ سب سے بڑا ہتھیار ہے، لیکن اس سے بھی بڑا ہتھیار ہے، متحد ہو کر سچ کے ساتھ کھڑا ہونا۔‘‘

کانگریس رہنما راہل گاندھی مزید کہتے ہیں کہ ’’اگر آپ بھی کسی ناانصافی کے خلاف لڑ رہے ہیں تو اپنی کہانی بھیجے 2 منٹ لگیں گے۔ آپ کی کہانی نقشے پر آئے گی۔ آپ دیکھیں گے کہ آپ کی طرح اور کون کون لڑ رہا ہے۔ اور میں جو کر سکتا ہوں کروں گا، پارلیمنٹ میں، سڑک پر، خط لکھ کر اور جہاں بھی میری ضرورت ہو وہاں آپ کے ساتھ کھڑے ہو کر۔ حزب اختلاف کے قائد کے طور پر یہی میری ذمہ داری ہے۔‘‘ سوشل میڈیا پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی ویب پورٹل کا لنک rahulgandhi.in/satyagraha دے کر لکھا کہ ’’اپنے ستیہ گرہ کی کہانی مجھے یہاں بتائیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔