قومی خبریں

سر چڑھ کر بولنے لگا رفتار کی شہزادی ’رِفاہ تسکین‘ کا جادو

محض 9 سال کی عمر میں کئی ایوارڈ حاصل کر چکی رفاہ کی شہرت اس قدر پھیل گئی ہے کہ ان پر گانے فلمائے جانے لگے ہیں۔ رفاہ اس وقت ممبئی دورہ پر ہیں اور گلوکار نتیش راج نے ان کا استقبال بہترین انداز میں کیا۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز 

بچوں کی کامیابی میں سرپرستوں کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے اور اس کی بہترین مثال کرناٹک کی 9 سالہ بچی رفاہ تسکین ہیں۔ رفاہ تسکین کے پاس رفتار کا جادو ہے، ڈر سے آگے نکل کر جیت حاصل کرنے کا جذبہ ہے اور سب سے بڑی بات... اس میں ایک جنون ہے جو اسے لگاتار نئی اونچائیاں عطا کر رہا ہے۔ 2 پہیہ گاڑی سے لے کر 10 پہیہ گاڑی تک کو اپنے اشاروں پر نچانے، گھمانے اور بے خوف انداز میں ڈرِفٹ کرنے میں ماہر رِفاہ تسکین کا نام اس کے ہنر کے لیے نومبر 2017 میں ہی ’گولڈن بک آف ورلڈ ریکارڈس‘ میں شامل کر لیا گیا تھا، لیکن اب تو وہ بہت آگے بڑھ چکی ہیں۔ اس کی کامیابی اور شہرت کا اندازہ آپ اس بات سے بخوبی لگا سکتے ہیں کہ ممبئی کے گلوکار نتیش راج نے رفاہ تسکین کو لے کر ایک گانا لکھا اور اس کو موسیقی دینے کے ساتھ ساتھ خود گلوکاری بھی کی۔ انھوں نے اگست میں ہی اس گانے کو ریلیز کیا اور رفاہ تسکین کی پوری فیملی کو ممبئی بلا کر ایک تقریب کے دوران ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

رفاہ تسکین کم عمری میں ہی بہت بڑے بڑے کارنامے انجام دے چکی ہیں۔ ان کے بارے میں جو بھی سنتا ہے حیران ہوئے بغیر نہیں رہتا۔ 25 اگست کو ہی رفاہ اپنی فیملی کے ساتھ ممبئی پہنچی ہیں اور ’شعلے‘، ’ڈان‘، ’مسٹر انڈیا‘ اور ’دیوار‘ جیسی فلموں کی اسکرپٹ لکھنے والے سلیم خان سے ملاقات کا موقع مل گیا۔ اپنی والدہ بی بی فاطمہ، والد تاج الدین اور بڑی بہن شفا سحر کے ساتھ انھوں نے عظیم گلوکار محمد رفیع کے بیٹے شاہد رفیع اور ان کے دیگر اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ ان کی ملاقات بالی ووڈ کی عظیم ترین ہستی کمال امروہی کے پوتے مشہور امروہی سے بھی ہوئی۔ ممبئی میں وہ روزانہ کئی بڑی ہستیوں سے ملاقات کر رہی ہیں اور یہ سلسلہ کرناٹک واپسی کی تاریخ یعنی 31 اگست تک جاری رہنے والا ہے۔ ’قومی آواز‘ سے بات چیت کے دوران بی بی فاطمہ نے بتایا کہ انھیں کئی لوگ ملنے کے لیے بلا رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ کوئی مایوس نہ ہو۔ دراصل جسے بھی رفاہ کے بارے میں معلوم ہو رہا ہے، وہ اس سے ملنے کا خواہش مند نظر آ رہا ہے۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST

رفاہ اپنے ممبئی دورہ کے دوران محمد رفیع کی فیملی سے مل کر بہت خوش ہوئیں کیونکہ انھوں نے محمد رفیع کی اس گیلری کا دیدار کیا جو سال میں صرف ایک بار ہی لوگوں کے لیے کھلتی ہے۔ رفاہ کے لیے 27 اگست کو یہ گیلری خاص طور پر کھولی گئی اور وہاں موجود محمد رفیع سے جڑی چیزوں کو دیکھ کر وہ بہت خوش ہوئی۔ اپنے ممبئی دورہ کے دوران رفاہ کو اس بات کا افسوس ضرور ہوا کہ سلیم خان کے بیٹے سلمان خان سے ان کی ملاقات نہیں ہو سکی کیونکہ وہ کسی فلم کی شوٹنگ کے لیے ریاست سے باہر تھے۔ دراصل رفاہ سلمان خان کی بہت بڑی شیدائی ہیں اور وہ ان سے ملاقات کرنا چاہتی تھیں۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST

بہر حال، رفاہ تسکین خوش نصیب ہیں کہ انھیں تاج الدین جیسا والد اور بی بی فاطمہ جیسی والدہ ملیں، کیونکہ ان کا تعاون ملے بغیر رفاہ کے لیے شاید ایک قدم بڑھانا بھی مشکل ہوتا۔ تاج الدین رفاہ کے والد ہی نہیں، اس کے کوچ بھی ہیں جنھوں نے بیٹی کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی ملازمت تک قربان کر دی۔ اب انھیں یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ رفاہ نہ صرف کامیابی کی سیڑھیاں چڑھ رہی ہے بلکہ ان خوابوں کو بھی پرواز دے چکی ہے جسے کبھی تاج الدین نے دیکھا تھا۔ آپ کو یہ جان کر مزید حیرانی ہوگی کہ رفاہ نے صرف گاڑیوں کی ڈرفٹنگ سے ہی لوگوں کو انگشت بدنداں نہیں کیا ہے بلکہ اس نے ہوائی جہاز بھی اڑایا ہے۔ جب یہ بات عدنان، فیضو، حسنین اور اویس جیسے ’ٹک ٹاک‘ کی مشہور ہستیوں کو پتہ چلی تو ان کی آنکھیں بھی پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔ ان سے رفاہ کی ملاقات بھی تازہ ممبئی دورہ کے دوران ہی ہوئی۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST

رفاہ کی والدہ نے ’قومی آواز‘ سے ایک خاص بات یہ بتائی کہ بہت جلد ’ورلڈ آف ونڈر‘ کی شوٹنگ ہونے والی ہے جس میں رفاہ تسکین کو قلابازیاں دکھانے کا بہترین موقع ملے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سبھی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور کبھی بھی شوٹنگ کے لیے انھیں مدعو کیا جا سکتا ہے۔ واقعی یہ رفاہ کے لیے ایک بہترین موقع ہے جب وہ لوگوں میں اپنی ایک الگ پہچان بنا سکے گی۔ ویسے امید یہ بھی ہے کہ بہت جلد رفتار کی یہ شہزادی ’دی کپل شرما شو‘ میں نظر آئے۔ ممبئی دورہ کے دوران کچھ لوگوں نے بی بی فاطمہ سے اس سلسلے میں بات کی ہے۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST

محمد رفیع کے بیٹے شاہد رفیع (درمیان میں) کے ساتھ رفاہ تسکین (بائیں) اور رفاہ کے والد تاج الدین (دائیں)

جیسے جیسے رفاہ آگے بڑھ رہی ہیں، ان کی شہرت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ لیکن شہرت کے درمیان وہ اپنے اندر موجود خوبیوں کو زنگ بھی نہیں لگنے دیتیں۔ اسی مہینے انھوں نے کرناٹک کے منڈیا میں ایک ایسی ریس میں حصہ لیا جہاں بڑی عمر کے بائیکرس شریک تھے۔ درجن بھر بائیکرس کے درمیان رفاہ چھوٹی دوپہیہ گاڑی میں سب سے الگ نظر آ رہی تھی۔ یہاں ریس میں اس نے سبھی کو حیران کر دیا۔ دیکھنے والے تو اس کی تعریف کر ہی رہے تھے، وہاں موجود افسران نے بھی اس کی خوب حوصلہ افزائی کی۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST

مشہور و معروف اسکرپٹ رائٹر سلیم خان کے ساتھ رفاہ تسکین

گزشتہ دو سالوں میں رفاہ تسکین کو چھوٹے-بڑے کئی ایوارڈس مل چکے ہیں اور اکثر و بیشتر انھیں مختلف تقاریب میں بطور مہمانِ خصوصی مدعو بھی کیا جاتا ہے۔ ابھی زیادہ دنوں کی بات نہیں ہے جب کرناٹک کے مشہور ’رویندر کلا کشیتر‘ میں منعقد تقریب کے دوران اسے ’سورن شری اسٹیٹ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ ڈیڑھ سو لوگوں کو دیا گیا تھا جن کے درمیان رفاہ ’زہرہ ستارہ‘ کی طرح چمک رہی تھیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ انعام حاصل کرنے والے دیگر اشخاص عمر رسیدہ تھے اور رفاہ نے اپنے کارناموں کی وجہ سے خود کو ان کے ساتھ لا کھڑا کیا تھا۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST

(دائیں سے بائیں) شفا سحر، بی بی فاطمہ، کمال امروہی کے پوتا مشہور امروہی، رفاہ تسکین، تاج الدین اور سیدہ مسیحہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 29 Aug 2019, 7:10 PM IST