
پریس کانفرنس میں میڈیا اہلکاروں کو ’ڈَمی چیک‘ دکھاتے ہوئے کانگریس لیڈران
تصویر: پریس ریلیز
نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج ’ریکھا کا دھوکہ‘ عنوان سے منعقد پریس کانفرنس میں بی جے پی حکومت کے انتخابی وعدوں کو یاد دلایا۔ انھوں نے 24 اکبر روڈ واقع کانگریس ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کے ذریعہ دہلی کی خواتین کو 2500 روپے نہ دینے کے دھوکہ کو بے نقاب کیا۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی نے دہلی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا۔‘‘
Published: undefined
اس پریس کانفرنس میں دیویندر یادو کے علاوہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین، سکریٹری انچارج و سابق رکن اسمبلی دانش ابرار اور سکھوندر سنگھ ڈینی، کمیونیکیشن شعبہ کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج، مہیلا کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری نیتو ورما، دہلی مہیلا کانگریس کی صدر پشپا سنگھ بھی موجود تھیں۔ ان سبھی نے پریس کانفرنس میں ریکھا گپتا کی تصویر کے ساتھ 2500 روپے کا ’ڈمی چیک‘ پیش کیا، جس کے پمفلٹ کانگریس کارکنان تمام اسمبلی حلقوں میں ہر گھر تک پہنچائیں گے۔ اس عمل کے ذریعہ دہلی کی خواتین کو ریکھا حکومت کے دھوکہ کی یاد دلائی جائے گی، عوام کو بتایا جائے گا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آتے ہی دہلی کی ہر خاتون کو 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، جس کا اعلان خود وزیر اعظم نریندر مودی نے کھلے اسٹیج سے عوام کے سامنے کیا تھا۔ یہ وعدہ ابھی تک وفا نہیں ہو سکا ہے۔
Published: undefined
میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی مسلسل حزبِ اختلاف کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ہم عوام کے درمیان جا کر بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کو مسلسل بے نقاب کرتے رہیں گے۔ بی جے پی نے خواتین کو 2500 روپے دینے کا وعدہ 9 ماہ گزرنے تک بھی پورا نہیں کیا اور ہولی و دیوالی جیسے تہوار بھی گزر چکے ہیں۔ اس مقصد کے لیے دہلی حکومت نے 5100 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کر کے خواتین کو جلد 2500 روپے دینے کے لیے کمیٹی بنانے کی بات کہی تھی۔ دہلی کی عوام وزیر اعلیٰ سے پوچھ رہی ہے کہ کیا کوئی کمیٹی بنی؟ کیا کوئی نوٹیفکیشن جاری ہوا؟ یا کوئی ضابطہ تیار کیا گیا؟ انتخاب کے وقت جو رجسٹریشن کیے گئے تھے، ان کا کیا ہوا؟ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے سبب دہلی میں حالات بگڑ چکے ہیں اور خواتین کے گھروں کی رسد شدید معاشی دباؤ میں ہے۔ وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بیٹھی ریکھا گپتا خود خاتون ہوتے ہوئے بھی خواتین کی پریشانی کو سمجھنا نہیں چاہتیں اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے انہیں دھوکہ دے رہی ہیں۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت بھی دہلی پر 11 برس حکومت کرنے والی عام آدمی پارٹی (عآپ) کے نقشِ قدم پر چل رہی ہے۔ عآپ نے 3 بار حکومت میں رہنے کے باوجود دہلی کی عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا تھا۔ بی جے پی کے 2500 روپے دینے کے وعدے کی طرح عآپ نے بھی ووٹ حاصل کرنے کے لیے 2100 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اقتدار میں رہتے ہوئے انہوں نے خواتین سے کیا کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ آج دہلی کی خواتین 2500 روپے کے چیک کا انتظار کر رہی ہیں۔ بی جے پی اور عآپ گزشتہ 12 برسوں سے دہلی کی خواتین کو مسلسل دھوکہ دے رہی ہیں۔
Published: undefined
دیویندر یادو نے ’ریکھا کا دھوکہ‘ مہم کے تحت ہر اسمبلی حلقے میں ریکھا گپتا کی تصویر کے ساتھ 2500 روپے کا ڈمی چیک تقسیم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ساتھ ہی ’500 روپے کا سلنڈر‘ دینے والا وعدہ پورا نہ کیے جانے پر کانگریس نے ایک خاص پمفلٹ ’کیسا لگا میرا مذاق‘ بھی تیار کیا ہے، جسے ہر دروازے تک پہنچا کر پارٹی کارکنان بی جے پی کے جھوٹے وعدوں کو بے نقاب کریں گے۔ اس کی ابتدا بلدیہ کے ضمنی انتخابات کے تمام 12 وارڈس میں تقسیم کر کے ہوگی۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ ’’شروع میں ہر اسمبلی حلقہ کے لیے 25 ہزار پمفلٹ چھپوائے جائیں گے، جنہیں آج پریس کانفرنس میں ہم اپنے تمام 12 وارڈس کے آبزرور کے حوالے کررہے ہیں۔ اس کی ابتدا ہم شالیمار باغ سے کر رہے ہیں، کیونکہ یہ وارڈ ریکھا گپتا کا رہا ہے، جہاں کی خواتین 2500 روپے کے چیک کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہیں۔‘‘
Published: undefined
شالیمار باغ میں انتخابی تشہیر کے لیے 2500 روپے کے چیک والے پمفلٹ آبزرور ستیندر شرما کو دیے گئے۔ علاوہ ازیں چاندنی محل کے جگجیون شرما کو، اشوک وہار کے پروین بھگرا کو، گریٹر کیلاش کے نیتو ورما کو، دوارکا کے راجیش یادو کو، دکشن پوری کے جے پرکاش کو، سنگم وہار کے چندرکانت گری کو، نرائنا کے چرنجیت سنگھ کو، منڈکا کے کنور گوپال کو اور ونود نگر وارڈ میں مواد سنتھیا کمار کو یہ پمفلٹ تقسیم کرنے کے لیے دیے گئے۔
Published: undefined
اس پریس کانفرنس سے دہلی انچارج قاضی نظام الدین نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی انتخاب ہو یا دہلی اسمبلی انتخاب، بی جے پی انتخاب کے دوران مسلسل وعدے کرتی رہی ہے اور اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو صرف دھوکہ دیا ہے۔ ہم بی جے پی کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ دہلی کی عوام سے جھوٹے وعدے کر کے انہوں نے ووٹ تو حاصل کر لیے لیکن 9 ماہ گزرنے کے بعد اپنے وعدے بھول چکے ہیں۔ عوام نے جذبات میں آ کر بی جے پی اور عآپ کو ووٹ دے دیے، لیکن دہلی کی خواتین 2500 روپے اور پنجاب کی خواتین 1000 روپے کے انتظار میں آج بھی بیٹھی ہیں۔ دونوں پارٹیوں نے عوام سے کیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی میں بی جے پی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے اور ہم عوام کے درمیان جا کر ان کی حقیقت ہر گھر تک پہنچائیں گے۔
Published: undefined