طارق رحمن کی حلف برداری تقریب میں پی ایم مودی کی نہیں ہوگی شرکت، اوم برلا کریں گے ہندوستان کی نمائندگی!
موصولہ اطلاع کے مطابق بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیر اعظم طارق رحمن کی حلف برداری تقریب میں ہندوستان کی طرف سے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا شریک ہوں گے۔
بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیر اعظم طارق رحمن کی حلف برداری تقریب میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی شرکت نہیں ہو پائے گی۔ ہندوستان کی نمائندگی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کر لیں گے۔ ذرائع کے حوالہ سے سامنے آئی اطلاع کے مطابق اوم برلا کے ساتھ خارجہ سکریٹری وکرم مسری بھی بنگلہ دیش جائیں گے۔ اس سے قبل قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ پی ایم مودی بی این پی صدر کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے مقصد سے پڑوسی ملک کا دورہ کر سکتے ہیں۔ لیکن ہندوستان میں ’اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ کے انعقاد اور کئی ممالک کے معزز مہمانان کی آمد سمیت دیگر مجوزہ تقاریب میں مصروفیت کے سبب پی ایم مودی بنگلہ دیش نہیں جا سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں حال ہی میں منعقد ہوئے 13ویں قومی انتخاب میں بی این پی (بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی) نے زبردست اکثریت حاصل کی ہے۔ اس کامیابی کے بعد 17 فروری، یعنی منگل کا دن طے پایا ہے، جب طارق رحمن کی قیادت میں بی این پی کی نئی حکومت تشکیل پائے گی۔ جانکاری کے طمابق طارق رحمن کی کابینہ میں 32 سے 42 اراکین ہو سکتے ہیں، جس میں تجربہ کار اور نوجوان لیڈروں کو خاطر خواہ جگہ ملنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ اس عام انتخاب میں بی این پی نے 300 میں سے 212 سیٹوں پر کامیابی درج کی ہے۔ جماعت اسلامی اور اس کی اتحادی پارٹیوں نے مجموعی طور پر 77 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ دیگر پارٹیوں کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی۔ اسلامی تحریک بنگلہ دیش پارٹی نے ایک سیٹ پر جیت حاصل کی، جبکہ 7 آزاد امیدواروں کو کامیابی ملی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔