قومی خبریں

معروف گلوکار زوبین نوٹیال کے والد رام شرن نوٹیال نے تھاما کانگریس کا ’ہاتھ‘

رام شرن نوٹیال نے کہا کہ ’’پارٹی میرے بارے میں کیا سوچتی ہے میں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ میں نے پارٹی کے لیے یہ سوچا کہ میں پارٹی جوائن کروں اور کانگریس کے لیے کام کروں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>رام شرن نوٹیال کانگریس میں شامل (ویڈیو گریب)</p></div>

رام شرن نوٹیال کانگریس میں شامل (ویڈیو گریب)

 

دہرادون ضلع پنچایت کے سابق صدر اور گلوکار زوبین نوٹیال کے والد رام شرن نوٹیال آج کانگریس پارٹی میں شامل ہو گئے۔ کچھ روز قبل ہی انہوں نے بی جے پی سے استعفیٰ دیا تھا۔ رام شرن نوٹیال نے پیر کو 12 بجے اے آئی سی سی کی قومی سکریٹری کماری شیلجا، اتراکھنڈ کانگریس کے ریاستی صدر گنیش گودیال اور حزب اختلاف کے قائد یشپال آریہ کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ واضح رہے کہ رام شرن نوٹیال نے کانگریس پارٹی سے ہی اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ اتراکھنڈ کانگریس کے نائب صدر بھی رہے۔ 2014 میں وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ 2022 کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی نے چکراتا سیٹ سے انہیں ٹکٹ دیا تھا لیکن وہ فتحیاب نہیں ہو پائے۔

کانگریس میں شامل ہونے کے بعد رام شرن نوٹیال نے کہا کہ ’’پارٹی میرے بارے میں کیا سوچتی ہے میں اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ میں نے پارٹی کے لیے یہ سوچا کہ میں پارٹی جوائن کروں اور کانگریس کے لیے کام کروں۔ میں نے کوئی کمٹمنٹ نہیں لیا ہے۔ میں نے کمٹمنٹ دیا ہے کہ میں مکمل طور سے پارٹی کے لیے کام کروں گا۔‘‘ رام شرن نوٹیال کے کانگریس میں شامل ہونے پر کماری شیلجا نے ان کا پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے پرانی ساتھی رام شرن نوٹیال جی کو بی جے پی میں گھٹن محسوس ہوئی، وہاں کے ماحول او کام سے وہ دل برداشتہ ہو گئے تھے۔ رام شرن نوٹیال جی پھر سے کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ میں ان کا استقبال کرتی ہوں۔‘‘

اتراکھنڈ اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد یشپال آریہ نے اس موقع پر کہا کہ ’’رام شرن نوٹیال جی ضلع پنچایت کے صدر رہے ہیں۔ سماجی مسائل سے وابستہ رہے ہیں اور اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہیں۔ رام شرن جی پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اور جنرل سکریٹری رہے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ کانگریس کے نظریہ کو اپنایا۔ حالانکہ کچھ وقت کے لیے الگ ہوئے، لیکن اب پھر سے کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ مجھے کامل یقین ہے کہ رام شرن نوٹیال جی کے آنے سے پارٹی کو نئی سمت، طاقت اور توانائی ملے گی۔‘‘ اتراکھنڈ کانگریس کے ریاستی صدر گنیش گودیال نے کہا کہ ’’آج رام شرن نوٹیال جی نے کانگریس پارٹی کا دامن تھاما ہے۔ اس موقع پر میں کانگریس پارٹی میں ان کا استقبال کرتا ہوں۔ ہمیں امید ہے کہ نوٹیال جی کی موجودگی سے کانگریس پارٹی کو طاقت ملے گی۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔