قومی خبریں

راج وردھن راٹھور کی مشکلیں بڑھیں، اولمپین کرشنا پنیا کریں گی مقابلہ

راجستھان کے جے پور دیہات کی سیٹ پر مقابلہ دو سابق اولمپک کھلاڑیوں کے بیچ ہو گیا ہے۔ مرکزی وزیر راج وردھن سنگھ راٹھور کے مقابلہ پر کانگریس نے اولمپک کھلاڑی کرشنا پنیا کو میدان میں اتارا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کانگریس نے راجستھان کی تمام سیٹوں کے لئے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے اور کانگریس کے اس اعلان کے بعد جے پور دیہات سے مقابلہ پارلیمانی مقابلہ سے زیادہ اولمپک مقابلہ ہو گیا ہے کیونکہ بی جے پی کے راج وردھن راٹھور کے خلاف کانگریس نے اولمپک میں حصہ لینے والی کرشنا پنیا کو میدان میں اتارا ہے۔

واضح رہے کہ کل کانگریس نے راجستھان کی باقی 6 سیٹوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان میں کانگریس نے اولمپک میں میڈل جیتنے والے مودی حکومت میں مرکزی وزیر راج وردھن سنگھ راٹھور کے مقابلہ پر رکن اسمبلی اور دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی کرشنا پنیا کو میدان میں اتارا ہے۔ اجمیر سے سابق وزیر بینا کاک کے داماد ریجو جھنجھن والا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ وہیں جھالاواڑ بارا سے سابق وزیر اعلی کے صاحبزادہ دشینت سنگھ کے سامنے پرمود شرما کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بھیلواڑا سے یو آئی ٹی کے سابق چیئرمین رام پال شرما اور راج سمند سے دیوکی نندن گوجر کو ٹکٹ دیا ہے۔ دوسری جانب شری گنگا نگر سے بھرت رام میگھوال کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔

Published: undefined

کرشنا پنیا نے دولت مشترکہ کھیلوں میں ’ڈسکس تھرو‘میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا اور بیجنگ اولمپکس میں بھی حصہ لیا تھا لیکن آخری دور میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھیں۔ کرشنا کا تعلق ایک جاٹ خاندان سے ہے اور کھیلوں کی دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کے پیچھے ان کے شوہر ویریندر کا بہت اہم کردار رہا ہے جنہوں نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ ان کو بہتر کوچنگ کروائی۔ اب جے پور دیہات سیٹ پر چناوی مقابلہ انتہائی دلچسپ ہو گیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined