قومی خبریں

راجستھان: ’سازش کے تحت حذف کیے جا رہے ہیں کانگریس حامی ووٹرس کے نام‘، اشوک گہلوت نے ایس آئی آر عمل پر اٹھایا سوال

اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’ریاست کے کئی علاقوں سے ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ انجان لوگوں کے ذریعہ بڑی تعداد میں کانگریس کے حمایتی ووٹرس کے ناموں کو حذف کرنے کے لیے فارم-7 جمع کرائے گئے ہیں۔‘‘

اشوک گہلوت، تصویر یو این آئی
اشوک گہلوت، تصویر یو این آئی 

راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے جمعرات کو الزام عائد کیا کہ کچھ انجان لوگوں نے ووٹر لسٹ سے کانگریس کے حمایتی ووٹرس کے نام حذف کرنے کے لیے بڑی تعداد میں فارم-7 جمع کیے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کارکنان کو اس کے متعلق محتاط رہنے کو بھی کہا ہے۔ اشوک گہلوت نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) میں نام حذف کرنے کے متعلق اعتراض درج کرانے کا آج آخری دن ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں سے ایسی خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ انجان لوگوں کے ذریعہ بڑی تعداد میں کانگریس کے حمایتی ووٹرس کے ناموں کو حذف کرنے کے لیے فارم-7 جمع کرائے گئے ہیں۔

Published: undefined

اشوک گہلوت نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کر لکھا کہ ’’میری کانگریس کے تمام کارکنان اور بوتھ لیول آفیسر سے اپیل ہے کہ مستعدی سے اس پر نظر رکھیں اور کسی بھی جائز ووٹ کو حذف نہ ہونے دیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے انتظامی افسران سے بھی اپیل کی ہے کہ آئین کے مطابق کام کریں، اس بوکھلاہٹ سے سمجھ لیں کے بی جے پی کے دن اب ختم ہونے والے ہیں۔ اگر آپ غیر قانونی کام کریں گے تو آپ کو بھی کسی دن قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔

Published: undefined

واضح رہے کہ ایک روز قبل بدھ کو مذکورہ مسائل کے متعلق بیکانیر میں راجستھان کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے دعویٰ کیا تھا کہ ’’امت شاہ اور بی ایل سنتوش کے جے پور دورے کے بعد ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کانگریس کارکنان کے ووٹ حذف کیے جا رہے ہیں۔‘‘ دہلی کے لیڈران کے اشارے پر ایس ڈی ایم کو فارم نمبر-7 تھما دیے گئے ہیں۔ ان کا استعمال کانگریس حامیوں اور کارکنان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی رہائش سے ایک خاص پین ڈرائیو جاری کی گئی ہے۔ اس پین ڈرائیو میں ہر ایک حلقہ اسمبلی سے 4 سے 5 ہزار کانگریس کے حمایتی ووٹرس کے نام حذف کرنے کا ڈیٹا ہے۔ یعنی پوری ریاست میں تقریباً 5 لاکھ ووٹ حذف کرنے کا بلیو پرنٹ تیار ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined