ووٹر ادھیکار یاترا میں لوگوں کی بھیڑ، تصویر@INCIndia
’بہار نے ٹھانا ہے، ووٹ چوروں کو ہٹانا ہے۔‘ اس طرح کے کئی فلک شگاف نعرے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں آج لوگوں کی بھیڑ لگاتے ہوئے نظر آئے۔ لوک سبھا میں حزب مخالف کے رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا بلاک کے ذریعہ بہار کے سہسرام سے اتوار کو شروع کی گئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ پیر کے روز دوسرے دن اورنگ آباد پہنچی اور صبح سے دیر شام تک اورنگ آباد اور گیا ضلع کے درجنوں گاؤں و محلوں سے گزرتے ہوئے خلیج چوک (گیا) پہنچی جہاں یہ کارواں ایک بڑے جلسہ عام میں تبدیل ہو گیا۔
Published: undefined
آج دوسرے دن بھی یاترا میں سبھی مقامات پر سڑک کے دونوں کنارے لوگوں کا ہجوم امنڈتا دکھائی دیا، جبکہ گیا میں منعقد جلسہ عام میں لوگوں کا غیر معمولی اژدہام دیکھ کر جہاں ایک طرف راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے حوصلے بلند ہو گئے، وہیں دوسری طرف بہار اور مرکز میں برسر اقتدار این ڈی اے کو اپنے پاؤں تلے کی زمین کھسکتی ہوئی نظر آئی۔ انڈیا بلاک، یعنی عظیم اتحاد کی عوامی مقبولیت میں بے تحاشہ اضافہ محسوس کر کے ایک طرح سے برسراقتدار طبقہ کا ہوش اڑ گیا۔ لوگوں میں بے پناہ جوش و خروش نظر آیا اور خواص و عام سبھی لوگوں کی زبان پر ’راہل گاندھی زندہ باد‘، ’تیجسوی یادو زندہ باد‘ کے نعرے گونجنے لگے۔
Published: undefined
پیر کی صبح راہل گاندھی اور تیجسوی یادو سب سے پہلے اورنگ آباد ضلع کے دیو سوریہ مندر پہنچے اور پوجا وغیرہ کی رسم ادا کرنے کے بعد بہار سمیت پورے ملک میں امن و بھائی چارہ اور ترقی کے لئے دعائیں کیں۔ دونوں نوجوان رہنماؤں کی جوڑی نے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران ایسا دلکش و خوبصورت نظارہ پیش کیا کہ عظیم اتحاد کے رہنمائوں و کارکنوں کے جوش و امنگ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا اور انہیں بڑی تقویت حاصل ہوئی۔ کھلی گاڑی میں بیٹھ کر اور کھڑے ہو کر کانگریس رہنما راہل گاندھی اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اورنگ آباد ضلع کے کٹمبا اسمبلی حلقہ کے امبا دیو روڈ سے آج صبح اپنی یاترا شروع کی اور تقریباً درجن بھر محلوں سے گزرے۔ دوپہر بعد 2 گھنٹے تک آرام کیا اور پھر 4 بجے شام سے دوبارہ اپنی یاترا گیا ضلع کے گورارو اسمبلی حلقہ میں باگڈیہا موڑ یحییٰ پور روڈ سے شروع کی۔ شام میں بھی تقریباً ایک درجن علاقوں سے یہ یاترا گزری۔
Published: undefined
’گھر گھر ادھیکار-جن جن ادھیکار‘ کے نعروں کے ساتھ گاڑی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوسرے دن اختتام سے قبل خلیج پارک میں منعقد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے راہل گاندھی نے بہار میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ چلائی جا رہی ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کو ووٹ بندی سے تعبیر کیا۔ انھوں نے اس کے خلاف ملک گیر پیمانے پر اپنی منظم تحریک کو اس وقت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا جب تک الیکشن کمیشن کے ذریعہ ووٹ چوری اور انتخاب چوری کی خطرناک سازش بند نہیں کی جائے۔ راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں یہ بھی اعلان کیا کہ غریبوں اور مزدوروں کی اس لڑائی کو وہ انجام تک پہنچائیں گے اور ووٹ دینے کا ان کا آئینی حق کسی بھی قیمت پر چھیننے نہیں دیں گے۔ انہوں نے اپنے بلند عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ووٹ چوری روک کر رہیں گے۔ چاہے اس کے لیے انہیں کوئی بھی قربانی کیوں نہیں دینی پڑے۔‘‘
Published: undefined
راہل گاندھی نے پر جوش انداز میں کہا کہ قربانی ان کے خون اور ضمیر میں شامل ہے۔ قربانی سے وہ نہیں ڈرتے۔ کیوں کہ ’گاندھی‘ کسی سے ڈرتا نہیں۔ سچ اور حق کے لیے گاندھی ہمیشہ لڑتا ہے اور فتح بھی حاصل کرتا ہے۔ انہیں یقین ہے کہ سچ اور حق کی اس لڑائی کو وہ ضرور جیتیں گے اور ملک میں بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے ذریعہ بنائے گئے آئین کو کچلنے نہیں دیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 5-4 الیکشن میں جن لوگوں نے ووٹ ڈالے ہیں ان کا ووٹ بھی بہار میں چوری کر لیا گیا ہے اور ایس آئی آر کے پہلے مرحلہ میں ہی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں 65 لاکھ غریبوں اور مزدوروں کا نام ہٹا دیا گیا ہے۔ جب وہ غریب اور مزدور اس کی وجہ پوچھتے ہیں تو انہیں صرف ایک ہی جواب دیا جاتا ہے ’اوپر سے آرڈر آیا ہے‘۔
Published: undefined
بہار اسمبلی میں حزب مخالف کے رہنما تیجسوی یادو نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سچ اور حق کی لڑائی کے لیے راہل گاندھی کے ساتھ ان کا کارواں نکل چکا ہے، جو اپنی منزل تک پہنچ کر ہی مکمل ہوگا اور یہ منزل غریبوں اور مزدوروں کے ووٹ کے حق کو بچانا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ بہار کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے لیے طرح طرح کے حربے اختیار کیے جا رہے ہیں۔ پہلے اپوزیشن پارٹیوں اور لیڈران کے خلاف ای ڈی اور سی بی آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا گیا اور اب الیکشن کمیشن جیسے باوقار آئینی ادارہ کا استعمال کر کے ووٹ چوری اور انتخاب چوری کی سازش کی جا رہی ہے۔ جسے عظیم اتحاد کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کرے گا۔
Published: undefined
راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی جوان جوڑی کے پُرجوش انداز اور حوصلے کو دیکھ کر عظیم اتحاد کے بزرگ رہنما بھی عش عش کرنے پر مجبور ہو گئے اور وہ بھی راہل تیجسوی زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ دونوں نوجوان جوڑی کی ایک جھلک پانے کے لیے ہر عمر کے ہزاروں لوگ سڑک کنارے گھنٹوں تک منتظر رہے۔ یہاں تک کہ کثیر منزلہ عمارتوں کی چھتوں اور ریلنگ پر بھی لوگوں کا ہجوم نظر آیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ کانگریس کے ریاستی صدر راجیش کمار رام اور کانگریس قانون سازیہ پارٹی کے رہنما شکیل احمد خان سمیت عظیم اتحاد کے دیگر پارٹیوں کے لیڈران کے ذریعہ اورنگ آباد اور گیا کی سرزمین پر پر تپاک استقبال کیا گیا۔
Published: undefined