قومی خبریں

قومی آواز بلیٹن: لاک ڈاؤن سے کورونا نہیں معیشت کی رفتار رک گئی، راجیو بجاج؛ ہریانہ نے اسکول و کالج کھولنے کا کیا فیصلہ

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: لاک ڈاؤن میں 72 فیصد لوگوں نے کرانہ سامان کے لیے زیادہ پیسے دیئے؛ امریکہ نے چین کے مسافر طیاروں پر لگائی پابندی؛ ’نسرگ‘ کے بعد ممبئی میں آسمان سے برس رہی آفت

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ہم نے لاک ڈاؤن سے وائرس کو نہیں معیشت کو روک دیا ہے: راجیو بجاج

ملک کے معروف صنعت کار راجیو بجاج نے کانگریس رہنما راہل گاندھی سے ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعہ کورونا اور لاک ڈاؤن پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لاک ڈاؤن نے وائرس کو نہیں معیشت کو روک دیا ہے ’ We have flattened the wrong curve, the economic curve’ راجیو بجاج نے کہا کہ ہمارے ملک کا لاک ڈاؤن بہت خوفناک تھا اور ایسا لاک ڈاؤن کہیں پر بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عوام کے دل میں خوف گھر کر گیا ہے اور وہ سمجھ رہے ہیں کہ اگر یہ بیماری ہو گئی تو مانو موت آ گئی۔ بجاج نے کہا اس خوف کی وجہ سے نہیں کہا جا سکتا کہ معیشت کب جا کر ٹھیک ہو گی اور کب سپلائی چین درست ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ان سے کہا تھا کہ وہ میڈیا میں بات کر لیں لیکن راہل گاندھی سے بات نہ کریں کیونکہ اس کا ان کو نقصان ہو سکتا ہے، لیکن انہوں نے ان لوگوں کا مشورہ نہیں مانا۔ راجیو بجاج نے کہا کہ حکومت کی سطح پر بہتر تال میل کی ضرورت ہے سب الگ الگ طرح بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو عوام کے دماغ سے خوف نکالنا چاہیے اور ان میں اعتماد پیدا کرنا چاہیے، جبھی ساعی چیزیں پٹری پر واپس آ سکتی ہیں۔

Published: undefined

لاک ڈاؤن میں 72 فیصد لوگوں نے کرانہ سامان کے لیے زیادہ پیسے دیئے: سروے رپورٹ

ہندوستان میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران کافی صارفین کو کئی ضروری اشیاء اور کرانہ سامان کے لیے زیادہ رقم ادا کرنی پڑی۔ ایسا اس لیے کیونکہ تاجروں اور خوردہ سامان فروخت کرنے والوں نے چھوٹ کم کر دی اور ساتھ ہی سامان کی طے شدہ قیمت یعنی ایم آر پی سے زیادہ قیمت وصول کی۔

یہ باتیں لوکل سرکلس کے ذریعہ کیے گئے ایک سروے میں سامنے آئی ہیں۔ یہ سروے ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران کیا گیا۔ سروے میں ہندوستان کے 210 اضلاع کے 16500 سے زائد صارفین نے اپنے تجربات شیئر کیے۔ سروے میں کئی صارفین نے کہا ہے کہ ملک گیر لاک ڈاؤن 1.0 سے 4.0 کے دوران انھوں نے کئی ضروری اشیاء اور کرانہ کے سامانوں کے لیے زیادہ رقم ادا کی۔

Published: undefined

ہریانہ نے جولائی سے اسکول و کالج کھولنے کا فیصلہ کیا

ہندوستان میں کورونا بحران کے درمیان ریاستی حکومتیں یہ غور کر رہی ہیں کہ کالج اور اسکول کب سے کھولے جائیں۔ اس درمیان ہریانہ حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ وہ جولائی سے اسکولوں میں اور اگست سے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھائی شروع کر دے گی۔ ریاست کے وزیر تعلیم کنور پال گوجر نے یہ اطلاع دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ "ہم سلسلہ وار طریقے سے اسکولی تعلیم شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس کے تحت درجہ 10 ویں سے درجہ 12 ویں تک کے اسکول یکم جولائی سے کھلیں گے اور درجہ 6 سے درجہ 9 تک کے لیے 15 جولائی سے تعلیمی عمل شروع ہوگا۔"

Published: undefined

طوفان ’نسرگ‘ کے بعد ممبئی میں آسمان سے برس رہی آفت، لوگ پریشان

گردابی طوفان 'نسرگ' تو گزر گیا لیکن بدھ کی رات سے مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں ہو رہی لگاتار تیز بارش نے لوگوں کا برا حال کر دیا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ آبی جماؤ کا منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید زبردست بارش کا اندیشہ ظاہر کیا ہے جس سے لوگ خوفزدہ ہیں۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بھی زبردست بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

امریکہ نے چین کے مسافر طیاروں پر پابندی لگائی

امریکہ-چین اختلافات میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ نے چین کے مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس نے یہ حکم بیجنگ کے اقدام کے ردعمل میں جاری کیا ہے جس کے تحت امریکی فضائی کمپنیوں کی چینی مارکیٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

امریکہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی پروازوں پر پابندی کا حکم 16 جون سے مؤثر العمل ہوگا لیکن صدر ڈونالڈ ٹرمپ اگر اس سے پہلے اس پر عمل درآمد چاہتے ہیں تو وہ ایسا کرسکتے ہیں۔

Published: undefined

نہیں رک رہا کورونا کا قہر، پوری دنیا میں متاثرین کی تعداد ساڑھے 65 لاکھ سے تجاوز

کورونا کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور روزانہ متاثرین اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ساڑھے 65 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ اس وبا سے ہونے والی اموات کی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا قہر بڑھتا جارہا ہے اور اب یہاں متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں اب تک 19 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 9 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور یہاں 32 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد 91 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 579 ہے۔ پڑوسی ملک پاکستان میں متاثرین کی تعداد 85 ہزار سے زیادہ ہے اور وہاں ہونے والی اموات کی تعداد 1770 ہے۔

Published: undefined

قومی آواز کے قارئین و ناطرین سے ضروری گزارش، ماسک پہنیں اور سماجی دوری بنائے رکھیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined