قومی خبریں

’پیغمبر اسلام محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین کو مسجد میں جانے سے کبھی نہیں روکا‘

معروف ادیب اور سماجی مبصر ضیاء السلام نے اپنی نئی کتاب”وومن ان مسجد: اے کوئسٹ فار جسٹس“ میں کہا ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین کو مسجد جانے سے روکنے کا کبھی حکم نہیں دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: ایسے وقت میں جب کہ سپریم کورٹ نے ملک کی تمام مساجد میں مسلم خواتین کو جانے کی اجازت کے متعلق دائر کردہ مفاد عامہ کی عرضی پر مرکزی حکومت سے جواب طلب کیا ہے،مصنف اور صحافی ضیاء السلام کا کہنا ہے کہ اسلام عورتوں سے امتیاز ی سلوک کی اجازت نہیں دیتا اور قرآن نے 59 مقامات پر مرد اور خواتین دونوں کو خطاب کر کے کہا ہے کہ وہ نماز قائم کریں۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

چیف جسٹس رنجن گگوئی اور جسٹس ایس اے بوبڈے اور ایس عبدالنظیر پر مشتمل بنچ نے گزشتہ جمعہ کو وزارت قانون اور اقلیتی امور کی وزارت کو نوٹس جاری کرکے تمام مساجد میں عورتوں کے داخلے کے متعلق دائر کردہ عرضی پر اپنا موقف واضح کرنے کے لئے کہا ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

عرضی میں سپریم کورٹ سے یہ درخواست کی گئی ہے کہ وہ سرکاری حکام، متعلقہ سرکاری محکموں،وقف بورڈ جیسے مسلم اداروں وغیرہ کویہ ہدایت جاری کرے کہ خواتین کو مساجد میں جانے کی اجازت د ی جائے کیوں کہ انہیں ایسا کرنے سے روکنا متعدد بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن مساجد میں خواتین کو جانے کی اجازت ہے ان میں بھی عورتوں کے داخل ہونے کے دروازے الگ ہیں۔عرضی میں کہا گیا ہے کہ عورتوں کے ساتھ کسی طرح کا امتیاز ی سلوک نہیں کیا جانا چاہیے اور تمام مسلم خواتین کو کسی تفریق کے بغیر تمام مساجد میں عبادت کی اجازت ہونی چاہیے۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

ادیب اور سماجی مبصرضیاء السلام نے اپنی نئی کتاب”وومن ان مسجد: اے کوئسٹ فار جسٹس“ میں کہا ہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے خواتین کو مسجد جانے سے روکنے کا کبھی حکم نہیں دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ قرآن تنہائی میں بھی عبادت کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن بہتر عبادت وہی ہے جو اجتماعی طور پر ادا کی جائے۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

ضیاء السلام نے قرآن و حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ عورتوں کو بس لازمی طور پر مساجد جانے سے مستشنی رکھا گیا ہے، انہیں مسجد جانے سے منع نہیں کیا گیا ہے۔ البتہ پیغمبر اسلام نے خود بھی عورتوں کو نماز جمعہ اور عیدین کی نماز اجتماعی طور پر ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

کتاب میں کہا گیا ہے کہ عہد وسطی میں مسلم خواتین کی صورت حال کہیں زیادہ بہتر تھی۔ سیاسی لحا ظ سے ہر معاملہ میں بادشاہ ان سے صلاح و مشورہ کرتے تھے۔ اس سلسلے میں مغل بادشاہ جہانگیر کی ملکہ نور جہاں کے واقعات تاریخ میں نمایاں طور پر موجود ہیں۔اگر سلطنت اور مغل دور کی تعمیرات کا باریکی سے مشاہدہ کیا جائے تو یہ بات پورے وثوق کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ خواتین مساجد میں نماز ادا کرنے کے لئے جاتی تھیں۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

ضیاالسلام کا کہنا ہے”صرف مساجد ہی نہیں بلکہ عورتیں خانقاہوں اور درگاہوں پر بھی جاتی تھیں اور کہا جاتا ہے کہ انہوں نے صوفیانہ کلام میں بہت اعلی مقام حاصل کیا لیکن مغل حکومت کے زوال اور برطانوی حکومت کی آمد کے ساتھ ہی تبدیلیاں آنی شروع ہوگئیں۔قدامت پسندی بڑھنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو مساجد اور قبرستانوں سے دور رکھنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔“

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

مصنف کا کہنا ہے کہ عورتوں کو حج پر جانے کے حق سے نہ پہلے کبھی محروم کیا گیا تھا اور نہ آج وہ اس سے محروم ہیں۔ جب وہ حج پر جاتی ہیں تو اپنے محرم کے ساتھ مکہ اور مدینہ دونوں جگہ پر قبروں کی زیارت کے لئے بھی جاتی ہیں لیکن وطن واپس لوٹتے ہی انہیں ایک مختلف قسم کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اسے مقامی کلچر کا اثر کہیں یا اسلام کی ہندوستانی شکل کہ خواتین مساجد کی تعمیر میں حصہ تو لے سکتی ہیں لیکن وہ ان میں پنج وقتہ نماز ادا نہیں کرسکتی ہیں۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

آج خواتین ان مسجدوں میں بھی نماز ادا نہیں کرسکتی ہیں جنہیں سینکڑوں برس قبل کسی خاتون نے تعمیر کرائی تھی۔ اس کی سب سے واضح مثال پرانی دہلی میں واقع مشہور فتح پوری مسجد ہے۔ جہاں خواتین نماز ادا نہیں کرتیں۔ بھوپال کی تاج المساجد بھی اسی تفریق کی ایک او رمثال ہے۔عورتوں کو مسجد کمیٹیوں میں شامل نہیں کیا جاتا۔ کسی مسجد کمیٹی میں شاذ و نادر ہی کوئی خاتون رکن ہو۔مرد ہی مرد اور خواتین دونوں کے بارے میں فیصلہ کرتے ہیں۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

کتاب کے مصنف نے مشور ہ دیا ہے کہ خواتین کے لئے مساجد میں عبادت کی جگہ ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں پیغمبر اسلام کی ہدایت کو مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ خواتین مردوں کے بعد آخری صف میں کھڑی ہوں جہاں سے وہ امام کو دیکھ سکیں۔ انہیں ایسے کسی کونے میں جگہ نہ دی جائے جہاں سے نہ تو وہ امام کو دیکھ سکیں اور نہ ہی قرات واضح طور پر سن سکیں۔کتا ب میں یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین کو ان کا یہ جائز حق دیا جائے۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 Nov 2019, 5:56 PM IST