قومی خبریں

پرینکا گاندھی کا بہار دورہ آج، پٹنہ میں 2000 خواتین سے ہوگی ملاقات، موتیہاری میں ’ہر گھر ادھیکار ریلی‘ سے کریں گی خطاب

کانگریس کا دعویٰ ہے کہ خواتین کی حمایت پارٹی کو مضبوطی عطا کرے گی اور اس کا اثر بی جے پی پر بھی دکھائی دے گا۔ خاتون کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا نے کہا کہ پوری ریاست سے خواتین پٹنہ پہنچ رہی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / تصویر @INCBihar</p></div>

پرینکا گاندھی / تصویر @INCBihar

 

کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی آج (26 ستمبر) بہار کا دورہ کرنے والی ہیں، اور اس تعلق سے کانگریس کارکنان میں زبردست جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پرینکا گاندھی کے اس دورہ کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ وہ دوپہر 12 بجے راجدھانی پٹنہ کے ’صداقت آشرم‘ میں 2000 سے زائد خواتین سے ملاقات اور گفتگو کریں گی۔ ان خواتین میں گھریلو کام کاج کرنے والی خواتین، منریگا مزدور، جیویکا دیدی، آنگن واڑی ملازمائیں، آشا ورکر، ڈاکٹر، وکیل اور دیگر پیشہ ور خواتین شامل ہوں گی۔ اس مکالمہ کے ذریعہ پرینکا براہِ راست خواتین ووٹ بینک سے جڑنے کی کوشش کریں گی۔

Published: undefined

پٹنہ کے بعد پرینکا موتیہاری پہنچیں گی جہاں گاندھی میدان میں ’ہر گھر ادھیکار ریلی‘ سے خطاب کریں گی۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ اس ریلی میں 20 ہزار سے زائد خواتین شرکت کریں گی۔ اس کے لیے 40 ہزار سے زیادہ کرسیاں اور 3 بڑے پنڈال لگائے گئے ہیں۔ پرینکا دوپہر 2 بجے ہیلی کاپٹر سے موتیہاری پولیس لائن پہنچیں گی اور وہاں سے بند گاڑی میں جلسہ گاہ تک جائیں گی۔ اسٹیج پر ان کے ساتھ بہار کانگریس صدر راجیش رام، بہار انچارج کرشنا الّاورو اور کانگریس اراکین پارلیمنٹ موجود رہیں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب پرینکا گاندھی بہار میں کسی بڑے عوامی جلسہ کو خطاب کریں گی۔ اس سے قبل وہ اگست میں راہل گاندھی کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں شامل ہوئی تھیں۔

Published: undefined

کانگریس کا دعویٰ ہے کہ خواتین کی حمایت پارٹی کو مضبوطی عطا کرے گی اور اس کا اثر بی جے پی پر بھی دکھائی دے گا۔ خاتون کانگریس کی قومی صدر الکا لامبا نے کہا کہ پوری ریاست سے خواتین پٹنہ پہنچ رہی ہیں اور یہ کانگریس کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ بہار کی خاتون ووٹرس کو متوجہ کرنے کے لیے کانگریس نے پہلے ہی کئی بڑے وعدے کیے ہیں، اور اب پرینکا گاندھی کا بہار دورہ اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ پرینکا کا یہ دورہ بہار کی سیاست میں کانگریس کی سرگرمی کو نئی سمت دینے والا بھی تصور کیا جا رہا ہے۔

Published: undefined

اس مرتبہ بہار میں کانگریس نے جو بڑے وعدے کیے ہیں، ان میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپے، 200 یونٹ مفت بجلی، 25 لاکھ تک مفت علاج، طلبا کو مفت ٹیبلٹ، بیوہ خواتین اور معذوروں کی پنشن بڑھا کر 2500 روپے ماہانہ کرنا، بے زمینوں کو زمین اور غریب خاندانوں کو 2 لاکھ روپے تک کی امداد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس نے مقامی روزگار کو فروغ دینے کے لیے 500 کروڑ روپے کا ’بہار بناؤ اسٹارٹ اپ فنڈ‘ اور منریگا مزدوری 300 روپے یومیہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined