
ووٹ چور گدی چھوڑ میگا ریلی سے خطاب کرتیں پرینکا گاندھی / ویڈیو گریب
نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وارانسی میں نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کے کارکنوں کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے کے واقعہ پر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ احتجاج مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی قانون کو ختم کر کے ایک نیا قانون ’وی بی گرام جی‘ نافظ کئے جانے جانے کے خلاف کیا جا رہا تھا۔ این ایس یو آئی کے کارکنان وارانسی میں مہاتما گاندھی اور بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسموں کے قریب پُرامن مظاہرہ کر رہے تھے، جس دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد طلبہ کو حراست میں لے لیا۔
Published: undefined
پرینکا گاندھی نے اس کارروائی کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ان لوگوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے جو اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں مزدوروں سے ان کے روزگار کے قانونی حق کو چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے اور جو اس کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں، انہیں دبانے کے لیے تشدد کا سہارا لیا جا رہا ہے۔
احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں اور این ایس یو آئی کے کئی کارکنوں کو زبردستی حراست میں لیا جا رہا ہے۔ طلبہ مرکز کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جس کے تحت منریگا کو نئے ’وکست بھارت روزگار اور آجیویکا مشن (دیہی) ایکٹ‘ سے تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
Published: undefined
پرینکا گاندھی نے ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ہر کارکن اس ناانصافی، ظلم اور دباؤ کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے اور پارٹی پورے ملک میں دیہی مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ منریگا جیسی فلاحی اسکیم نے گزشتہ دو دہائیوں میں کروڑوں دیہی خاندانوں کو روزگار اور معاشی تحفظ فراہم کیا ہے۔
این ایس یو آئی کا یہ احتجاج کانگریس کی جانب سے چلائی جا رہی ’منریگا بچاؤ سنگرام‘ مہم کا حصہ ہے۔ اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے سمیت دیگر سینئر کانگریس رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر میں مزید احتجاجی پروگرام اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی لکھنؤ میں ایک بڑی ریلی میں شرکت متوقع ہے، جس میں منریگا کے مسئلہ کو مرکزی حیثیت دی جائے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined