’ہم لوگ ساتھ رہتے تو یہ دن نہیں دیکھنا پڑتا‘، نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کی تیاری پر تیجسوی نے بی جے پی کو بنایا نشانہ

آر جے ڈی لیڈر اور ترجمان مرتیونجے تیواری نے کہا کہ اتنی جلدی بی جے پی نے نتیش کمار اور جے ڈی یو کو برباد کر دیا۔ جے ڈی یو کے کئی لوگ جے پی سے ملے ہوئے ہیں، بہار میں سیاسی اغوا ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور تیجسوی یادو /&nbsp;سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اب راجیہ سبھا جانے کی تیاری میں ہیں۔ نتائج کے بعد وہ وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ نتیش کے فیصلے سے جہاں سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے وہیں اپوزیشن آر جے ڈی نے حکمراں جے ڈی یو سربراہ کو نشانہ بنایا ہے۔ سابق نائب وزیراعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ جب ہم لوگوں کو چھوڑ گئے تو اس وقت واجب وجہ نہیں تھی، الیکشن میں بھی ہم نے ان کے خلاف کچھ نہیں کہا۔ بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ وہ ربڑ اسٹیمپ والے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کرتے ہیں۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ ہم پہلے بھی کہتے رہے ہیں کہ پوری طرح سے نتیش کمار کو ہائی جیک کرلیا گیا ہے، آج یہ بات ثابت ہو گئی، عوام کا جو احساس ہے وہ اقتدار کی اس تبدیلی کے خلاف ہے۔ سبھی جانتے تھے کہ بی جے پی یہ کرے گی۔ بی جے پی جس کے ساتھ  بھی رہی ہے، سب سے پہلے اپنے اتحادیوں کو ختم کرتی ہے۔ کہیں بھی چلے جائیں بی جے پی آر ایس ایس کا ایجنڈا لانا چاہتی ہے۔


بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ لوگ ’مشین تنتر‘ نظام سے سمجھوتہ کر کے الیکشن لڑتے ہیں۔  جمہوریت کو ختم کردیا گیا ہے، بہار کے لوگ دیکھ رہے ہیں۔ نتیش کمار راجیہ سبھا جا رہے ہیں تو ہماری ہمدردی ہے۔ ہم لوگ ساتھ رہتے تو آج یہ دن دیکھنا نہیں پڑتا، ہم دعا کریں گے کہ وہ صحت مند رہیں۔

آر جے ڈی لیڈر اور ترجمان مرتیونجے تیواری نے کہا کہ اتنی جلدی بی جے پی نے نتیش کمار اور جے ڈی یو کو برباد کر دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کے بہت سے لوگ بی جے پی سے ملے ہوئے ہیں، بہار میں سیاسی اغوا ہوا ہے۔ اتحادیوں کے ساتھ بی جے پی کا رویہ نظر آرہا ہے۔ بہار میں کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ سیاسی امکانات کچھ بھی ہوسکتے ہیں۔ جے ڈی یو لیڈر اور کارکنان رو رہے ہیں۔ نتیش کمار کو جبراً سیاسی طورپر حاشیے پر پہنچادیا گیا۔


بہار کی سیاست میں مچی افراتفری کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگوں نے گزشتہ 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ان پر بھروسہ کیا ہے اور اسی اعتماد کے بل بوتے پر انہوں نے ریاست کی خدمت کی ہے۔ نتیش کمار نے کہا کہ عوام کے اعتماد اور حمایت کی وجہ سے ہی بہار ترقی اور عزت کی نئی منزلیں حاصل کرپایا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔