قومی خبریں

چوتھے مرحلہ کی پولنگ کا آغاز، قدآور لیڈروں کی قسمت داؤ پر

آج کی پولنگ کے بعد مہاراشٹر کی تمام 48 اور اڑیسہ کی تمام 21 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا، راجستھان، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں آج ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 72 سیٹوں کے لئے پیر کی صبح سات بجے سے پولنگ شروع ہو گئی۔ اس مرحلہ میں بی جے پی کے امیدوار اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ، کنہیا کمار، گجیندر سنگھ شیخاوت اور پی پی چودھری سمیت کئی سابق قدآور لیڈروں کی قسمت داؤ پر لگی ہے۔

جموں و کشمیر کی اننت ناگ سیٹ سمیت نو ریاستوں کی 72 نشستوں اور اڑیسہ اسمبلی کی 42 نشستوں کے لئے بھی آج ہی پولنگ ہو رہی ہے۔ پرامن اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اننت ناگ سیٹ پر تین حصوں میں پولنگ ہو رہی ہے۔ اس سیٹ کے ایک حصے میں تیسرے مرحلے میں پولنگ ہوگی جبکہ چوتھے مرحلے میں دوسرے حصے کی ووٹنگ آج، اور پانچویں مرحلے میں تیسرے حصے کی ووٹنگ ہونی ہے۔

چوتھے مرحلے میں کل 961 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے، ایک لاکھ 40 ہزار 849 پولنگ مراکز پر 127958477 رائے دہندگان ووٹ ڈال رہے ہیں جن میں 67322777 مرد، 60631574 خواتین اور 4126 تیسری صنف کے رائے دہندگان ہیں۔

مرکزی وزیر گری راج سنگھ بہار کی بیگو سرائے سیٹ سے، گجیندر سنگھ شیخاوت راجستھان کی جودھپور سیٹ سے، پی پی چودھری راجستھان کی پالی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر قسمت آزما رہے ہیں، پارٹی لیڈر ایس ایس آہلووالیہ مغربی بنگال کی بردھمان-درگاپور سیٹ سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔

اس مرحلہ میں مہاراشٹر کی 17، راجستھان اور اتر پردیش کی 13-13، مغربی بنگال کی آٹھ، اڑیسہ اور مدھیہ پردیش کی چھ چھ، بہار کی پانچ اور جھارکھنڈ کی تین سیٹوں پر ووٹنگ ہونی ہے جبکہ اننت ناگ سیٹ کے تحت پلوامہ ضلع میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔

اس کے ساتھ ہی آج کی پولنگ کے بعد مہاراشٹر کی تمام 48 اور اڑیسہ کی تمام 21 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا، راجستھان، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں آج ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined