
اے سی بی / قومی آواز / وپن
نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ان کے 7 ارکانِ اسمبلی کو 15 کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے تاکہ وہ پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو جائیں۔ ویب پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق، اس الزام کے بعد دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی) کو تحقیقات کا حکم دیا، جس کے تحت اے سی بی کی ٹیمیں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما سنجے سنگھ اور ایم ایل اے مکیش اہلاوت کے گھروں پر پہنچیں۔
Published: undefined
ذرائع کے مطابق، اروند کیجریوال کے قریبی حلقوں نے بتایا ہے کہ اے سی بی کی ٹیم بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ان کے گھر پہنچی اور قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کی جا رہی ہے۔ اس دوران سنجے سنگھ کا بیان اے سی بی دفتر میں ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اے سی بی نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔
Published: undefined
دوسری جانب، عآپ لیگل سیل کے سربراہ سنجیو نسیار نے کہا کہ اے سی بی کی ٹیم کے پاس کوئی نوٹس نہیں تھا اور وہ وہاں پہنچنے کے بعد مسلسل فون پر کسی سے رابطہ کر رہے تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ہدایت دی ہے کہ اے سی بی اس معاملے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔
ویب پورٹل کے مطابق، بی جے پی کے جنرل سیکریٹری وشنو مِتّل نے ایل جی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ اے سی بی یا کسی دیگر تحقیقاتی ایجنسی کے ذریعے عآپ رہنماؤں کے ان الزامات کی جانچ کی جائے اور ایف آئی آر درج کی جائے۔
Published: undefined
عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وکیل کے ساتھ اے سی بی دفتر گئے تاکہ بی جے پی کے خلاف شکایت درج کرا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی دہلی میں حکومت گرانے کی کوشش کر رہی ہے اور ہمارے ایم ایل ایز کو خریدنے کے لیے بھاری رقم کی پیشکش کی جا رہی ہے۔
سنجے سنگھ نے سوال اٹھایا کہ جب عآپ نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا، تو اس وقت کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 16 سے زائد لوگوں سے رابطہ کیا گیا اور عآپ نے ایک نمبر بھی جاری کیا ہے، اگر اے سی بی اس پر کارروائی کرے تو مزید شواہد بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔
Published: undefined
عام آدمی پارٹی کے رکنِ اسمبلی مکیش اہلاوت نے بھی الزام لگایا کہ انہیں ایک نامعلوم نمبر سے فون آیا اور کہا گیا کہ اگر وہ عآپ چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو جائیں تو انہیں وزیر بنایا جائے گا اور 15 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔ اہلاوت نے سوشل میڈیا پر کہا کہ وہ ہرگز اروند کیجریوال کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
عآپ نے بی جے پی پر 'آپریشن لوٹس' شروع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی دیگر ریاستوں کی طرح دہلی میں بھی حکومت گرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم، بی جے پی نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عآپ عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے یہ دعوے کر رہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined