قومی خبریں

’اہم مسائل سے نظریں چرا رہے وزیر اعظم مودی‘، پانچ ملکی دورے سے قبل کانگریس کا حملہ

کانگریس نے وزیر اعظم مودی کے غیر ملکی دورے کو ملک کے سنگین مسائل سے فرار قرار دیا۔ پارٹی کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے حکومت پر حملہ بولتے ہوئے منی پور، پلوامہ حملے اور فوجی مشقوں پر سوالات اٹھائے

<div class="paragraphs"><p>جے رام رمیش / آئی اے این ایس</p></div>

جے رام رمیش / آئی اے این ایس

 

نئی دہلی: کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کے پانچ ممالک کے دورے پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کو جھنجھوڑ دینے والے اہم مسائل سے نظریں چرا رہے ہیں۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم ایسے وقت میں ملک سے باہر جا رہے ہیں جب منی پور، پلوامہ حملہ، فوجی مشقوں کی ناکامی اور بین الاقوامی معاملات میں ان کی پالیسیوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

Published: undefined

وزیراعظم نریندر مودی دو جولائی سے برازیل، گھانا، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، ارجنٹائن اور نمیبیا کے 8 روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ ’گلوبل ساؤتھ‘ کے کئی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، اس دورے کا مقصد اقتصادی اور تزویراتی روابط کو فروغ دینا ہے۔

تاہم، کانگریس کا الزام ہے کہ وزیراعظم اس دورے کے ذریعے ملک کی اندرونی صورتحال سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ جے رام رمیش نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’جب حالات مشکل ہوتے ہیں تو یہ ’سپر پریمیم فریکوئنٹ فلائر‘ لیڈر ملک چھوڑنے کا راستہ اپناتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ منی پور میں بدامنی کو ڈھائی سال سے زیادہ ہو چکے ہیں، جہاں ’ڈبل انجن سرکار‘ بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ عام زندگی مفلوج ہو چکی ہے لیکن وزیراعظم نے آج تک وہاں قدم نہیں رکھا۔

کانگریس رہنما نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’آپریشن سندور‘ کے ابتدائی دنوں میں وزیراعظم کے فیصلوں کی وجہ سے ہندوستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی حکام کے انکشافات حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرتے ہیں۔

Published: undefined

جے رام رمیش نے صدر ٹرمپ کے اس دعوے کو بھی یاد دلایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کروائی تھی۔ کانگریس کے مطابق، یہ ہندوستانی خارجہ پالیسی پر سوالیہ نشان ہے کہ کسی اور ملک کے رہنما کو ایسے بیانات کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام حملے کو 70 دن گزر چکے ہیں لیکن دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے میں حکومت ناکام رہی ہے۔ یہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Published: undefined

کانگریس نے سوال اٹھایا کہ آخر وزیراعظم ان اہم مسائل پر ملک کے عوام کو جواب دہ کیوں نہیں بننا چاہتے؟ کیا عالمی دورے ان کی قومی ذمہ داریوں سے زیادہ اہم ہیں؟ پارٹی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اندرونی مسائل پر توجہ دیں اور ان کا فوری حل نکالیں، بجائے اس کے کہ وہ بین الاقوامی اسٹیج پر فوٹو اپورچونیٹی تلاش کریں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined