
رام مندر میں مبینہ چندہ چوری معاملہ پر کانگریس نے آج ایک بار پھر بی جے پی، آر ایس ایس اور وشو ہندو پریشد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی خاموشی پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ’چندہ چوری، عقیدت سے دھوکہ‘ عنوان کے ساتھ ایک تفصیلی پوسٹ جاری کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’ایودھیا کے شری رام مندر میں ٹرسٹ سے لے کر تعمیرات، چندہ، چڑھاوے کی گنتی اور بینک میں جمع کرانے تک ہر جگہ بی جے پی، آر ایس ایس اور وی ایچ پی کے ہی لوگ بیٹھے تھے، تو اب وہ چڑھاوے کی چوری کی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔‘‘
کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ ’’سب سے حیرانی کی بات یہ ہے کہ 2021 میں ہی چڑھاوے میں گڑبڑی اور ہیرا پھیری کے الزامات خود آر ایس ایس سے وابستہ سابق اکاؤنٹس انچارج مہیپال سنگھ نے عائد کیے تھے، جنہیں خود آر ایس ایس نے ’سیوا‘ کے لیے مندر بھیجا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ انہوں نے 2021 میں ہی چوری پکڑ کر چمپت رائے اور گوپال راؤ کو بتایا تھا، لیکن ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں ہی ہٹا دیا گیا۔ ایسے میں 5 سال تک چوری میں چمپت رائے اور گوپال راؤ کی شراکت داری کیسے نہیں ہے؟ کیا یہ اوپر سے نیچے تک ملی بھگت کر کے چوری اور لوٹ کا پختہ ثبوت نہیں ہے؟‘‘
جے رام رمیش نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’’تعمیراتی کام دیکھنے والے انجینئر دینا ناتھ ورما نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ ٹرسٹ کے دفتر کے کام میں 40 فیصد کمیشن مانگا گیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے اس کی آڈیو چمپت رائے کو سنائی اور اس کے بعد انہیں ہی پروجیکٹ سے ہٹا دیا گیا۔ کیا چمپت رائے سے اس معاملے میں براہ راست سوال جواب کیا گیا؟ جب انہیں پہلے سے ہی بے ضابطگیوں کی اطلاع تھی تو چارج شیٹ میں چمپت رائے، انیل مشرا اور گوپال راؤ ملزم کے بجائے گواہ کیسے بن گئے؟‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم انوکلپ مشرا کا تعلق بجرنگ دل اور آر ایس ایس کی شاکھا سے رہا ہے۔ 30 اپریل 2026 کو ان کی بھاگوت کتھا میں خود چمپت رائے بھی پہنچے تھے۔ کیا یہ چوروں کو براہ راست اعلیٰ سطح پر سرپرستی فراہم کرنے کے مترادف نہیں ہے؟ میڈیا رپورٹس کے مطابق گنتی کے عملے کے انچارج سبھاش شریواستو اپنے گھر پر شاکھا لگاتے تھے۔ ایس آئی ٹی نے مبینہ طور پر انہیں ’دان پاتر‘ (عطیہ صندوق) کی چابیاں غیر مجاز لوگوں تک پہنچانے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ الزام ہے کہ ملزم ٹنّو یادو، چمپت رائے کے ڈرائیور تھے۔‘‘
میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے جے رام رمیش ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’پجاریوں کی بھرتی کے لیے اشتہار جاری کیے گئے، سلیکشن کمیٹی بنائی گئی اور تربیتی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ لیکن جس گنتی کے کمرے میں ہر ہفتے کروڑوں روپے آتے تھے، وہاں نہ کوئی اشتہار جاری کیا گیا اور نہ ہی انٹرویو لیا گیا۔ جن لوگوں نے بندر بانٹ کر کے اپنے اپنے قریبی لوگوں کو وہاں تعینات کیا، کیا انہیں ملزم نہیں بنایا جانا چاہیے تھا؟‘‘
جے رام رمیش کے مطابق 5 فروری 2020 کو وزیر اعظم مودی نے خود لوک سبھا میں ’شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ‘ کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اس کے لیے پوری کارروائی انہوں نے خود خفیہ طریقے سے انجام دی تھی اور اس کے انتخاب کے معیار اور اس سلسلے میں ہونے والی بات چیت کے بارے میں کوئی معلومات عوامی سطح پر دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال اٹھاتے ہوئے لکھا کہ ’’وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ دونوں ہی کریڈٹ لینے اور تصویریں کھنچوانے میں سب سے آگے رہے، لیکن چڑھاوے کی چوری پر وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ مسلسل خاموش کیوں ہیں؟ وزیر اعلیٰ نے اتر پردیش اسمبلی میں کہا تھا کہ ٹرسٹ کی اپیل پر حکومت نے ایس آئی ٹی تشکیل دی۔ کیا یہ سچ نہیں ہے کہ پہلی ایس آئی ٹی کی رپورٹ اسی ٹرسٹ کے حوالے کر دی گئی، جس کے عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزامات تھے؟ جب وہ رپورٹ عوام کی نظر میں مشتبہ افراد کے ساتھ شیئر ہو چکی ہے تو اسے عوام سے کیوں چھپائی جا رہی ہے؟‘‘
کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ ’’سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ تمام مشتبہ افراد اور ملزمان کے روابط صرف بی جے پی، آر ایس ایس اور وشو ہندو پریشد سے ہی کیوں جڑے ہوئے ہیں؟ اب جوابدہی صرف گرفتار کیے گئے 8 ملازمین تک محدود نہیں رہ سکتی۔ مندر کی تعمیر، انتظام اور چڑھاوے کے پورے نظام سے وابستہ ہر ذمہ دار شخص کے کردار کی جانچ سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہونی چاہیے۔ ‘‘ ان کے مطابق کانگریس کا مطالبہ ہے کہ تمام مالیاتی ریکارڈ عوام کے سامنے لائے جائیں، جانچ کا دائرہ وسیع کیا جائے اور قصوروار پائے جانے والے ہر شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ بھگوان شری رام کے نام پر ملنے والے چندے اور چڑھاوے کا پورا حساب ملک کو دینا ہوگا۔ کوئی عہدہ، سیاسی رسائی یا تنظیمی سرپرستی کسی کو جوابدہی سے بچا نہیں سکتی۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔