’ملازمین کے آرام کا انتظام ضروری‘، ایئرپورٹ، ہوٹل اور ہاسپیٹلٹی انڈسٹری سے سونو سود کی اپیل
سونو سود نے کہا کہ ’’ہاسپیٹلٹی کا مطلب دوسروں کو آرام پہنچانا ہے۔ آئیے ان لوگوں کے آرام کو بھی نہ بھولیں، جو ہماری خدمت کرتے ہیں۔ تھوڑا آرام کوئی سہولت نہیں ہے، بلکہ احترام اور انسانیت کا معاملہ ہے۔‘‘

بالی ووڈ اداکار سونو سود نے ایئرپورٹ، ہوٹل اور ہاسپیٹلٹی انڈسٹری کے شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کی سہولیات سے متعلق ایک اہم مسئلہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لمبے وقت تک کھڑے رہ کر مسکراتے ہوئے خدمات فراہم کرنے والے ملازمین کے لیے بیٹھنے اور آرام کرنے کا مناسب انتظام ہونا چاہئے، اور ان لوگوں کے کام کی جگہ پر بنیادی سہولتیں بھی دی جانی چاہئے۔ سونو سود نے اسے محض ایک سہولت کا معاملہ نہیں، بلکہ ملازمین کے احترام اور انسانیت سے وابستہ موضوع قرار دیا۔ اداکار کا کہنا ہے کہ اس بات پر زور دیا جانا چاہیے کہ خدمات فراہم کرنے والے ملازمین کا احترام کیا جائے اور ساتھ ہی ان کی سہولت کے لیے بھی مناسب انتظامات کیے جائیں۔
بدھ کے روز اداکار سونو سود نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر یہ پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے کاؤنٹر، لاؤنج، ریسیپشن اور سروس ڈیسک پر کام کرنے والے ملازمین کی سہولت کے لیے ضروری سامان فراہم کرنے کی اپیل کی۔ سونو سود نے لکھا کہ تمام ایئرپورٹ اتھارٹیز، ایئرپورٹ لاؤنجز، ہوٹلوں اور ہاسپیٹلٹی انڈسٹری سے میری مؤدبانہ درخواست ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ کاؤنٹر، لاؤنج، ریسیپشن اور سروس ڈیسک پر عملہ 10 سے 12 گھنٹے تک کھڑے رہ کر مسکراتے ہوئے ہماری خدمت کرتا ہے۔ کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ ان کا کام کتنا تھکا دینے والا ہوتا ہے؟
سونو سود نے اسٹاف کے بیٹھنے کی سہولیات سے متعلق بات کرتے ہوئے لکھا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ انہیں لازمی طور پر اونچے اسٹول یا بیٹھنے کا مناسب انتظام فراہم کیا جانا چاہیے اور جب کام سے فرصت ملے تو انہیں آرام کرنے کا موقع بھی دیا جانا چاہیے۔ اسے کام کی جگہ پر بنیادی معیار کا حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ہاسپیٹلٹی کا مطلب دوسروں کو آرام پہنچانا ہے۔ آئیے ان لوگوں کے آرام کو بھی نہ بھولیں، جو ہماری خدمت کرتے ہیں۔ تھوڑا آرام کوئی سہولت نہیں ہے، بلکہ یہ احترام اور انسانیت کا معاملہ ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے، جب سونو سود لوگوں کی آواز بن کر سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ لوگوں کی مدد کر چکے ہیں اور ان کے حق میں اپنی آواز اٹھا چکے ہیں۔ حال ہی میں ستمبر 2026 میں نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران سونو سود نے سیلاب متاثرین میں کھانا، کمبل اور ضروری امدادی سامان تقسیم کیا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
