قومی خبریں

ممبئی میں وقف قانون کے خلاف درخواست گزار جمیل مرچنٹ کو جان کا خطرہ، پولیس سے تحفظ کی اپیل

وقف املاک سے متعلق نئے قانون کے خلاف عدالت جانے والے جمیل مرچنٹ نے پولیس کو شکایت دی ہے کہ کچھ نامعلوم افراد ان کی نگرانی کر رہے ہیں، جس سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

 

ممبئی کے معروف سماجی کارکن اور ’یونیفائیڈ وقف مینجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشنسی اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ 2025‘ (جسے حکومت کی جانب سے ’امید ایکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے) کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے والے پانچ اہم درخواست گزاروں میں شامل محمد جمیل مرچنٹ نے اپنی جان کو لاحق خطرے کے سلسلے میں پولیس میں سنگین نوعیت کی شکایت درج کرائی ہے۔

Published: undefined

یو این آئی اردو کے مطابق، مرچنٹ نے ممبئی کے مالوانی پولیس اسٹیشن میں ایک تین صفحات پر مشتمل شکایتی خط داخل کیا ہے، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ کچھ نامعلوم افراد گزشتہ کئی دنوں سے ان کی جاسوسی کر رہے ہیں اور ان کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں یا ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔

شکایت میں مرچنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ افراد نہ صرف ان کے گھر اور دفتر کے قریب مشکوک طریقے سے منڈلاتے ہیں بلکہ رات کے وقت ان کی رہائش گاہ کے اطراف بھی سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، ان افراد کی موجودگی اور سرگرمیاں کسی منظم سازش کا حصہ محسوس ہوتی ہیں، جس کا مقصد انہیں ڈرانا، جھوٹے مقدمے میں پھنسانا یا کسی طرح کی سرکاری کارروائی کے ذریعے نقصان پہنچانا ہو سکتا ہے۔

Published: undefined

مرچنٹ کا کہنا ہے کہ ان مشتبہ افراد کی سرگرمیوں سے ان کے اہل خانہ بھی خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ ان کی اور ان کے خاندان کی جان و مال کی حفاظت کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس نہ صرف اس معاملے کی مکمل تفتیش کرے بلکہ علاقہ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا بھی تفصیل سے جائزہ لے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔

اس شکایت کے بارے میں جب مالوانی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر شیلیندر رگھوناتھ ناگرے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ’’ابھی تک متعلقہ درخواست ان کے مشاہدے میں نہیں آئی ہے، تاہم جیسے ہی وہ شکایت دیکھیں گے، اس پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ محمد جمیل مرچنٹ ان افراد میں شامل ہیں جنہوں نے ’امید ایکٹ‘ کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ یہ ایکٹ ملک بھر میں وقف املاک کے نظم و نسق کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، مگر کئی مسلم رہنما اور ماہرین اسے اقلیتی کمیونٹی کے اختیارات اور خودمختاری میں مداخلت تصور کرتے ہیں۔

مرچنٹ کی جانب سے سامنے آنے والی یہ شکایت نہ صرف ان کی سلامتی سے جڑی ہے بلکہ ایک حساس قانونی معاملے سے وابستہ افراد کو درپیش ممکنہ خطرات کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس اس معاملے میں کس قدر سنجیدگی سے کارروائی کرتی ہے اور کیا اس مبینہ سازش سے پردہ اٹھ پاتا ہے یا نہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined