
اسپائس جیٹ / سوشل میڈیا
اگر آپ نے حالیہ دنوں میں کسی ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کے کاؤنٹر کے آس پاس مسافروں کی بھیڑ دیکھی ہوگی تو اس کی واحد وجہ صرف پرواز میں تاخیر نہیں ہے۔ کہیں پرواز آخری وقت پر منسوخ ہو رہی ہے، کہیں مسافر گھنٹوں انتظار کر رہے ہیں تو کہیں دوسری پرواز کا ٹکٹ لینے کے لیے انہیں زیادہ پیسے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ منگل (17 نومبر) کو ممبئی میں شام 7 بجے کے بعد اسپائس جیٹ کی کوئی پرواز اڑان نہیں بھر سکی۔ دبئی میں بھی چیک-اِن کی خدمات روک دی گئیں۔ کئی شہروں میں مسافر پھنسے رہے۔ لیکن سوال صرف اتنا نہیں ہے کہ اسپائس جیٹ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ بڑا سوال یہ ہے کہ ہندوستان میں ہوائی سفر کرنے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے، پھر بھی ایئرلائنز مسافروں کو بھروسے مند خدمات کیوں نہیں دے پا رہی ہیں؟ کیا ملک میں طیارے کم پڑ رہے ہیں؟ کیا آنے والے وقت میں ہوائی ٹکٹ مزید مہنگے ہو سکتے ہیں؟ آئیے ذیل میں پوے معاملے کو سمجھتے ہیں۔
منگل کو شام 7 بجے کے بعد اسپائس جیٹ کی کوئی بھی پرواز ممبئی سے نہیں اُڑ سکی۔ سینکڑوں مسافر ایئرپورٹ پر پھنسے رہے۔ مسافروں کا الزام تھا کہ ایئرلائن کے ملازمین نے نہ تو تاخیر کی وجہ بتائی اور نہ ہی پرواز کا نیا وقت دیا۔ دبئی میں بھی حالات ایسے ہی رہے۔ دبئی ایئرپورٹ کے ڈیٹا کے مطابق 17 نومبر کو وہاں سے امرتسر، ممبئی، نئی دہلی، احمدآباد اور جے پور جانے والی اسپائس جیٹ کی پروازیں منسوخ رہیں۔ بتایا گیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ایئرپورٹ پر ایئرلائن کی گراؤنڈ ہینڈلنگ اور چیک-اِن خدمات روک دی گئی تھیں۔ ملک کے دوسرے حصوں میں بھی مسافروں کو پریشانی ہوئی۔ باگڈوگرا سے آحمدآباد جانے والی ایک پرواز کئی بار تاخیر کا شکار ہونے کے بعد منسوخ کر دی گئی یعنی مسافروں کے پاس ٹکٹ تو تھا، لیکن انہیں یہ بھروسہ نہیں تھا کہ ان کی پرواز وقت پر اڑان بھرے گی یا نہیں۔ اس سے قبل دیوالی کے دوران بھی احمدآباد ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کی پروازیں منسوخ ہوئی تھیں اور طویل تاخیر کے باعث مسافروں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 12 نمبر کو دبئی سے ہندوستان آنے والی 4 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں۔
کسی بھی ایئرلائن کو طیارہ اڑانے کے لیے صرف ایندھن خریدنا نہیں ہوتا، بلکہ ایئرپورٹ پر لینڈنگ، پارکنگ، نیویگیشن اور دوسری خدمات کے لیے بھی ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ اسپائس جیٹ فی الحال ’کیش اینڈ کیر‘ نظام کے تحت کام کر رہی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ کئی خدمات کا استعمال کرنے سے قبل ہی ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایئرلائن پر نیویگیشن اور لینڈنگ چارج کے علاوہ پیسنجر سروس فیس کی ادائیگی بھی بقایا ہے۔ اسے یوں سمجھیں کہ آپ کی گاڑی پٹرول پمپ پر پہنچی، لیکن وہاں ادھار ملنا بند ہو گیا۔ اب گاڑی تبھی چلے گی جب آپ کے پاس ادائیگی کے لیے پیسے ہوں گے۔ ایئرلائن کو بھی کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دبئی ایئرپورٹ کا معاملہ بھی واجبات کی عدم ادائیگی سے منسلک ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسپائس جیٹ پر دبئی ایئرپورٹ کا تقریباً 1.4 کروڑ درہم یعنی تقریباً 35.8 کروڑ روپے بقایا ہے۔ پریشانی صرف بڑے ایئرپورٹ تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ چھوٹے سپلائروں کی ادائیگیاں بھی رکی ہوئی ہیں۔ ایئرلائن کی فائلنگ کے مطابق اپریل سے ستمبر کے درمیان چھوٹے سپلائروں کے 85 فیصد سے زیادہ بل 45 دن کی قانونی مدت کے اندرا ادا نہیں کیے گئے۔ ان کا مجموعی بقایا 63.03 کروڑ روپے بتایا گیا ہے۔
پیسوں کی کمی کا اثر ایئرلائن کے ملازمین اور طیاروں پر بھی نظر آ رہا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسپائس جیٹ کے ملازمین کو جون 2026 سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ تنخواہ کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث ملازمین نوکری چھوڑ رہے ہیں اور ایئرلائن کے پاس عملے کی کمی ہو رہی ہے۔ 9 ستمبر کو دہلی سے اسپائس جیٹ کی 4 پروازیں اس لیے نہیں جا سکیں کیونکہ ملازمین نے تنخواہ کی عدم ادائیگی کے باعث کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ حالانکہ تنخواہ سے منسلک ان دعووں کی ایئرلائن نے عوامی طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اسپائس جیٹ کے 60 طیاروں میں سے صرف 12 ہی بہتر حالت میں تھے۔ یعنی ہر 5 میں سے صرف ایک طیارہ اڑان بھرنے کی حالت میں تھا۔ 11 نومبر تک ایئرلائن تقریباً 65 پروازیں چلا رہی تھیں اور اس کے پاس تقریباً 12 طیارے دستیاب تھے۔ ان میں سے 3 طیارے ادائیگی سے متعلق مسائل کے باعث کھڑے تھے۔ جب ایئرلائن کے پاس طیارے کم ہوں تو ایک طیارہ میں تکنیکی خرابی آنے یا ادائیگی کے باعث اسے کھڑے ہونے سے کئی پروازوں کا شیڈول بگڑ سکتا ہے۔
ڈی جی سی اے کے ستمبر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 10 بڑے ایئرپورٹ پر اسپائس جیٹ کی صرف 16.6 فیصد پروازیں ہی وقت پر چلیں۔ اگر اس کا موازنہ دیگر ایئرلائنز سے کریں تو انڈیگو کی 91.1 فیصد، اکاسا ایئر کی 90.8 فیصد اور ایئر انڈیا گروپ کی 81.7 فیصد پروازیں وقت پر تھیں۔ ستمبر میں اسپائس جیٹ کی پروازوں کی منسوخی کی شرح 20.29 فیصد رہی، جبکہ تمام گھریلو ایئرلائنز کا اوسط صرف 1.15 تھا۔ اس کا اثر مسافروں کی تعداد پر بھی نظر آ رہا ہے۔ جنوری 2026 میں گھریلو ہوائی بازار میں اسپائس جیٹ کی حصہ داری 3.9 فیصد تھی۔ ستمبر میں یہ گھٹ کر 0.6 فیصد رہ گئی۔ جنوری میں تقریباً 5.92 لاکھ لوگوں نے اسپائس جیٹ سے سفر کیا تھا، جبکہ ستمبر میں یہ تعداد کم ہو کر تقریباً 73 ہزار رہ گئی، یعنی تقریباً 88 فیصد کی کمی آئی۔
اسپائس جیٹ کی پریشانی دیکھ کر ایسا لگ سکتا ہے یہ صرف ایک ایئرلائن کا مسئلہ ہے، لیکن ہندوستان کے پورے ایوی ایشن سیکٹر کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک میں ہوائی سفر کرنے والے لوگوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نئے ایئرپورٹ بن رہے ہیں، چھوٹے شہروں کو ہوائی نیٹورک سے جوڑا جا رہا ہے۔ لوگ پہلے کے مقابلے اب فلائٹ سے زیادہ سفر کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس بڑھتی ہوئی مانگ کے مقابلے میں طیاروں کی دستیابی ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ حکومت کے سامنے پیش کیے گئے اندازوں کے مطابق ہندوستان کو اپنی آنے والی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے 2 ہزار سے زیادہ طیاروں کی ضرورت ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ صرف ایئرپورٹ بنا دینا کافی نہیں ہے بلکہ وہاں سے اڑان بھرنے کے لیے طیارے بھی چاہیے۔ اگر مسافروں کی تعداد بڑھتی رہے گی، لیکن طیاروں کی تعداد اسی رفتار سے نہیں بڑھے گی تو سیٹوں کی کمی ہوگی اور ٹکٹ مہنگے ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کے ہوابازی سیکٹر میں طیاروں کی تعداد میں اضافہ ایک بڑی ضرورت بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی بڑی ایئرلائنز کو بھی مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں انڈیگو کی پروازوں میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی ہوئی تھی۔ ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئی تھیں اور کئی ایئرپورٹ پر مسافر گھنٹوں پھنسے رہے۔ دوسری جانب ایئر انڈیا اپنے کاروبار کو نئے سرے سے کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ٹاٹا گروپ کے کنٹرول میں آنے کے بعد یہ ایئر لائن خود کو ایک بڑی بین الاقوامی کمپنی بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے، لیکن اس تبدیلی کی راہ آسان نہیں رہی۔ مارچ 2026 میں ختم ہونے والے مالی سال میں ایئر لائن کو 2 ارب ڈالر سے زیادہ کا خسارہ ہوا۔ ان واقعات سے واضح ہے کہ ہندوستان میں ہوائی سفر کی مانگ تو تیزی سے بڑھ رہی ہے، لیکن ایئر لائنز کے سامنے طیاروں کی دستیابی، آپریشنل معاملات اور مالی صورتحال جیسے چیلنجز بھی بدستور برقرار ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔