ملکارجن کھڑگے / تصویر بشکریہ ایکس
نئی دہلی: جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں ہوئے حملے کی ملکی اور عالمی سطح پر جاری مذمت کے درمیان کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے اس وحشیانہ کارروائی پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے میں ملوث عناصر کو سخت ترین سزا دی جائے اور بے گناہ متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
ملکارجن کھڑگے نے بدھ کی صبح ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا، ’’گزشتہ رات میں نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اور ریاستی کانگریس کے سینئر رہنماؤں سے پہلگام میں ہوئے اس ہولناک قتل عام پر بات کی۔ اس بزدلانہ دہشت گرد حملے میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے کہا، موجودہ حالات میں تمام فریقوں کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ وقت ہے کہ ہم سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قوم کے تحفظ کے لیے متحد ہوں۔ سرحد پار سے ہونے والے اس حملے کا مضبوط اور مؤثر جواب دیا جانا چاہیے۔‘‘
ملکارجن کھڑگے نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ جموں و کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ریاست میں سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ منگل کو اننت ناگ ضلع کے پہاڑی سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردوں نے ایک بزدلانہ حملہ کیا، جس میں دو غیر ملکیوں سمیت کم از کم 26 سیاح مارے گئے جبکہ 20 دیگر افراد زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس حملے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا اور منگل کی رات تقریباً 8:20 بجے دہلی سے سری نگر پہنچے۔ ایئرپورٹ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ڈی جی پی اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر داخلہ کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
Published: undefined
امت شاہ نے راج بھون میں اعلیٰ سطحی سکیورٹی اجلاس کی صدارت کی اور بدھ کے روز وہ زخمیوں کی عیادت کے لیے سری نگر کے اسپتال کا دورہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ حملے کی جگہ کا بھی جائزہ لیں گے۔ پہلگام حملے کے بعد وادی میں سیکورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس حملے کے خلاف مشترکہ کارروائی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined