قومی خبریں

کانگریس کے بغیر اپوزیشن اتحاد کو شیوسینا اور این سی پی نے خارج از امکان قرار دیا

شیوسینا ترجمان سنجے راؤت اور این سی پی ترجمان نواب ملک نے ممتا بنرجی کے ’یو پی اے‘ سے متعلق بیان کو خارج کر دیا، اور ساتھ ہی کانگریس کے متبادل کے امکانات کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

ممبئی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا ممبئی دورہ سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ شیوسینا اور این سی پی نے کانگریس کے بغیر کسی سیاسی اتحاد کی کوشش کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ شیو سینا ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے واضح کر دیا ہے کہ ملکی سطح پر کانگریس کو چھوڑ کر کسی سیاسی فرنٹ کو تشکیل دینا ناممکن ہے۔

Published: undefined

این سی پی ترجمان اور حکومتِ مہاراشٹر میں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے بھی ممتا بنرجی کے بیان کو خارج کرتے ہوئے کانگریس کے متبادل کے امکانات کو بھی خارج کر دیا ہے۔ نواب ملک نے کہا کہ شرد پوار کا واضح طور پر یہ ماننا ہے کہ کانگریس کے بغیرحزبِ اختلاف کے سیاسی فرنٹ کو تشکیل نہیں دیا جا سکتا۔

Published: undefined

واضح رہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ دنوں ممبئی میں این سی پی سپریمو شرد پوار سے ملاقات کے بعد کانگریس کی قیادت والے یو پی اے اتحاد پر سوال اٹھاتے ہوئے ایک نئے سیاسی فرنٹ کی تشکیل کا اشارہ دیا تھا جسے شیوسینا اور این سی پی دونوں جماعتوں نے خارج کر دیا ہے۔

Published: undefined

پچھلے دنوں شیوسینا سپریمو ادھو ٹھاکرے کی جانب سے شیوسینا ترجمان سنجے راؤت اور حکومت مہاراشٹر میں وزیر برائے ماحولیات و ٹورزم اور نوجوان شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے ممبئی میں ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ میٹنگ کے بعد سنجے راؤت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے خلاف جاری لڑائی میں ممتا بنرجی ایک اہم جنگجو کی حیثیت رکھتی ہیں۔ لیکن یہ لڑائی کانگریس کو ساتھ لیے بغیر لڑنا ناممکن ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ شیوسینا سربراہ اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے بارہا یو پی اے کو مضبوط کرنے پر زور دیا ہے۔

Published: undefined

راؤت نے اختلافات کے باوجود اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر میں بھی ہمارے درمیان اختلافات ہیں اس کے باوجود ہم مہا وکاس اگھاڑی سرکار چلا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس کو دور رکھ کر مضبوط سیاسی متبادل کی تلاش کا خیال، غلط سیاسی فکر کا غماز ہے۔

Published: undefined

این سی پی ترجمان نواب ملک نے ممتا بنرجی کی قیاس آرائیوں کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مودی سرکار کے خلاف بے چینی کا ماحول ہے۔ حزبِ اختلاف کی سبھی سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے ایک مضبوط سیاسی اتحاد کو قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس کے بغیر کسی بھی قسم کے سیاسی اتحاد کو کھڑا کرنا ناممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے خلاف کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیلٹ فارم پر لایا جائے گا اور ایک نیا مورچہ تشکیل دیا جائے گا۔ اس مورچے کی قیادت کون کرے گا یہ سوال ابھی اہم نہیں ہے. لیکن کانگریس کے بغیر کسی بڑے سیاسی مورچے کی تشکیل خارج از امکان ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined