
راہل گاندھی، تصویر @INCIndia
نئی دہلی: یومِ آئین کے موقع پر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستان کا دستور صرف ایک قانونی دستاویز نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری سے کیا گیا ایک مقدس وعدہ ہے۔ ان کے مطابق یہ وعدہ مذہب، ذات، زبان، خطے یا معاشی حیثیت سے بالاتر ہو کر مساوات، احترام اور انصاف کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی شہری کو اس بنیاد پر کم تر نہیں سمجھا جا سکتا کہ وہ کون ہے اور کہاں سے آتا ہے، کیونکہ آئین اس کا محافظ ہے۔
Published: undefined
راہل گاندھی نے اپنے بیان میں لکھا کہ آئین کمزور طبقات، غریبوں، محروموں اور پسماندہ طبقات کے لیے ایک حفاظتی ڈھال کی حیثیت رکھتا ہے، جو انہیں آواز، طاقت اور حقوق دیتا ہے۔ ان کے مطابق جب تک آئین محفوظ ہے، ہندوستانی شہریوں کے حقوق بھی محفوظ رہیں گے اور جمہوری ڈھانچہ مستحکم رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئین کی روح، اصولوں اور اقدار کی حفاظت کے لیے متحد رہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ آئین پر کسی بھی طرح کا حملہ برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر آئین کو ٹھوس انداز میں بچانے کی ضرورت پیش آئی تو وہ سب سے آگے کھڑے ہوں گے۔ آخر میں انہوں نے تمام ہندوستانیوں کو یومِ آئین کی مبارکباد دیتے ہوئے ’جے ہند، جے آئین‘ کے نعرے کے ساتھ اپنا پیغام مکمل کیا۔
Published: undefined
اسی سلسلے میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی یومِ آئین پر ایکس کے ذریعے بانیانِ دستور اور دستور ساز اسمبلی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین زندگی گزارنے کا طریقہ ہے اور اس کی بنیادی روح ہمیشہ یکساں رہتی ہے۔ کھڑگے نے مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، مولانا ابوالکلام آزاد، راجندر پرساد، سروجنی نائیڈو، نیتا جی سبھاش چندر بوس اور دیگر قائدین کی تاریخی خدمات یاد دلائیں۔
کھڑگے نے کہا کہ آج سب سے زیادہ ضرورت انصاف، مساوات، آزادی، بھائی چارہ، سیکولرازم اور سوشلسٹ اقدار کی حفاظت کی ہے، کیونکہ یہی اصول ہندوستان کی جمہوری شناخت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، ہم آہنگی اور آئینی جمہوریت کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined