قومی خبریں

ایندھن کی قلت کی افواہیں بے بنیاد، پٹرول-ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی مکمل محفوظ: حکومت

حکومت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں۔ تقریباً 60 دن کا ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی پوری طرح کنٹرول میں ہے۔ عوام سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

 
WB_KC

نئی دہلی: ملک میں ایندھن کی قلت سے متعلق خبروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں کے درمیان حکومت نے جمعرات کو واضح کیا کہ پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی پوری طرح محفوظ ہے اور کہیں بھی کسی قسم کی کمی نہیں ہے۔ وزارتِ پٹرولیم کے مطابق ملک کے پاس اس وقت تقریباً 60 دن کا وافر ذخیرہ موجود ہے، جب کہ مجموعی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 74 دن تک ہے۔

حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ عالمی حالات، خاص طور پر مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے باوجود ہندوستان میں ایندھن کی فراہمی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا ہے۔ ملک بھر کے پٹرول پمپوں اور گیس ایجنسیوں پر ایندھن کی مناسب دستیابی یقینی بنائی گئی ہے اور عوام کو کسی بھی طرح کی گھبراہٹ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

Published: undefined

وزارت کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں میں بعض علاقوں میں پٹرول پمپوں اور گیس ایجنسیوں پر بھیڑ دیکھنے کو ملی، جس کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی گمراہ کن معلومات اور افواہیں ہیں۔ حکومت نے زور دے کر کہا کہ ایندھن کی قلت یا سپلائی میں رکاوٹ سے متعلق تمام دعوے بے بنیاد ہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

حکام نے بتایا کہ ملک کی تمام ریفائنریز 100 فیصد سے زیادہ صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور آئندہ 60 دنوں کے لیے خام تیل کی خریداری پہلے ہی طے کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان اس وقت 40 سے زائد ممالک سے خام تیل درآمد کر رہا ہے، جس سے سپلائی کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوا ہے اور کسی ایک خطے پر انحصار کم ہوا ہے۔

Published: undefined

ایل پی جی کے حوالے سے بھی حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ گھریلو صارفین کے لیے کسی قسم کی کمی نہیں ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں سلنڈروں کی سپلائی کی جا رہی ہے اور آئندہ کم از کم ایک ماہ کی مکمل فراہمی یقینی ہے۔ گھریلو پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ بیرون ملک سے بھی بڑی مقدار میں ایل پی جی درآمد کی جا رہی ہے۔

حکومت نے یہ بھی بتایا کہ پٹرول پمپوں کو فراہم کیے جانے والے کریڈٹ کی مدت بڑھا دی گئی ہے، تاکہ کسی بھی پمپ کو کام کاج کے لیے درکار سرمایہ کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور سپلائی کا نظام بلا رکاوٹ جاری رہے۔ ساتھ ہی بلیک مارکیٹنگ کو روکنے کے لیے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور کمرشیل گیس سلنڈروں کی سپلائی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

Published: undefined

مزید برآں حکومت پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے، جسے سستا اور ماحول دوست متبادل قرار دیا جا رہا ہے۔ ملک میں پی این جی نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے اور گھریلو کنکشنز کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وزارتِ پٹرولیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایندھن سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری اور مستند ذرائع پر بھروسہ کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔ حکومت نے یقین دلایا کہ ملک میں ایندھن کی سپلائی پوری طرح مستحکم ہے اور آئندہ بھی اس میں کسی خلل کا اندیشہ نہیں ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined