قومی خبریں

مغربی بنگال: ترنمول کانگریس کے مزید 9 بینک کھاتے منجمد، مجموعی رقم ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہونے کا دعویٰ

بنگال میں ٹی ایم سی کے مزید 9 بینک کھاتے منجمد کر دیے گئے، اس سے پہلے 3 کھاتوں پر بھی پابندی لگ چکی ہے۔ مجموعی طور پر 12 کھاتوں میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے

<div class="paragraphs"><p>ممتا بنرجی، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

ممتا بنرجی، تصویر/آئی اے این ایس

 

کولکاتا: مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ریاستی پولیس کے سائبر کرائم تھانے نے پارٹی کے مزید 9 بینک کھاتوں میں لین دین پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سے قبل تین بینک کھاتوں کو بھی منجمد کیا جا چکا تھا، جس کے بعد اب مجموعی طور پر پارٹی کے 12 بینک کھاتوں پر پابندی نافذ ہو چکی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ان تمام کھاتوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد رقم موجود ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ اگرچہ اس حوالے سے کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم پولیس کے ایک سینئر افسر اور ترنمول کانگریس کے ایک اعلیٰ رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس رقم کی تصدیق کی ہے۔

اس سے ایک روز قبل کلکتہ ہائی کورٹ نے پولیس کی جانب سے منجمد کیے گئے ترنمول کانگریس کے تین بینک کھاتوں کو خصوصی افسر کی نگرانی میں چلانے کی عبوری اجازت دی تھی، جسے پارٹی کے لیے وقتی راحت قرار دیا گیا تھا۔ تاہم جمعہ کو مزید نو کھاتوں پر پابندی عائد ہونے کے بعد پارٹی کو ایک نیا دھچکا لگا ہے۔

دوسری جانب، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے منجمد کیے گئے تین بینک کھاتوں کے خلاف ترنمول کانگریس نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت میں اس درخواست پر پیر کے روز سماعت متوقع ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اپنی ابتدائی جانچ کے بعد بتایا تھا کہ جن تین بینک کھاتوں کو اس نے منجمد کیا ہے، ان میں تقریباً چار سو چالیس کروڑ بیس لاکھ روپے جمع ہیں۔ مرکزی ایجنسی کا کہنا ہے کہ مشتبہ مالی لین دین کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ کارروائی ترنمول کانگریس کے باغی رہنما رتبرت بنرجی کے حامی اور رکن اسمبلی وشوناتھ داس کی شکایت کے بعد شروع ہوئی تھی۔ انہوں نے پارٹی کے بینک کھاتوں میں مشتبہ مالی لین دین اور ممکنہ بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے ودھان نگر سائبر کرائم تھانے میں شکایت درج کرائی تھی۔

پولیس نے اسی شکایت کی بنیاد پر پہلے تین اور بعد ازاں مزید نو بینک کھاتوں کو منجمد کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حاصل ہونے والی معلومات اور مالی لین دین کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد مزید کھاتوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس معاملے کی تفتیش کے دوران پولیس نے شکایت کنندہ وشوناتھ داس سمیت رتبرت بنرجی گروپ کے سات اراکین اسمبلی کے بیانات بھی قلم بند کیے ہیں۔ ادھر ترنمول کانگریس کا مؤقف ہے کہ وہ قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالت میں اپنا موقف پیش کرے گی، جبکہ متعلقہ ایجنسیاں مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کی مختلف پہلوؤں سے جانچ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔