اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایم ایم سومیا کے گھر چوری، کرناٹک پولیس نے 8 تمغے اور آبائی تلوار کی برآمد، 2 ملزمان گرفتار
بنگلورو میں سابق ہاکی کپتان ایم ایم سومیا کے گھر چوری کی واردات میں 8 بین الاقوامی تمغے اور آبائی تلوار سمیت قیمتی سامان چوری ہوا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے تمام اشیا برآمد کرلیں

بنگلورو: ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایم ایم سومیا کے بنگلورو واقع گھر میں چوری کی واردات کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ چور ان کے گھر سے 1980 کے ماسکو اولمپکس کا گولڈ میڈل سمیت آٹھ بین الاقوامی تمغے، خاندان کی آبائی تلوار، اولمپک بیگ اور کیمرہ لے گئے تھے۔ بنگلورو پولیس نے اس معاملے میں دو ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ تمام تمغوں اور دیگر اشیا کو برآمد کرلیا ہے۔
67 سالہ ایم ایم سومیا کے گھر میں یہ واردات اس وقت ہوئی جب وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ کرناٹک کے ضلع کوڈاگو میں واقع اپنے آبائی گاؤں گئے ہوئے تھے۔ خاندان 25 اکتوبر کو گھر سے روانہ ہوا تھا۔ واپسی پر انہیں گھر کا مرکزی دروازہ ٹوٹا ہوا ملا اور اندر سامان بکھرا ہوا تھا۔ اس کے بعد 28 اکتوبر کو اندرا نگر پولیس اسٹیشن میں چوری کی شکایت درج کرائی گئی۔
معاملے کی تفتیش کے لیے مشرقی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی نگرانی اور ہلسورو سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی قیادت میں آٹھ ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ مخبروں سے ملنے والی معلومات اور تفصیلی تفتیش کے بعد پولیس نے 9 نومبر کو رام نگر ضلع کے ہگل ہلی کراس کے قریب سے دو ملزمان مانکیا اور بھارت کو گرفتار کیا۔ ان کی عمریں بالترتیب 31 اور 25 سال ہیں۔
پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے ایک تیسرے ساتھی کے ساتھ مل کر چوری کی واردات انجام دینے کا اعتراف کیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ انہوں نے ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل راجا جی نگر میں واقع ایک گولڈ کمپنی کو فروخت کردیا تھا، جبکہ باقی تمغے اور دیگر سامان ہوسکوٹے کے ایچ کراس علاقے میں ایک ملزم کے گھر میں رکھا تھا۔ پولیس نے گولڈ کمپنی سے دونوں تمغے اور ملزم کے گھر سے دیگر چھ تمغے، آبائی تلوار، اولمپک بیگ اور کیمرہ برآمد کرلیا۔ واردات میں استعمال ہونے والی دو پہیہ گاڑی بھی ضبط کی گئی ہے۔
برآمد شدہ تمغوں میں 1980 کے ماسکو اولمپکس کا گولڈ میڈل، 1982 کے ایشین گیمز کا سلور میڈل، 1986 کے سیول ایشین گیمز کا برونز میڈل اور 1982 میں ایمسٹرڈیم میں منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کا سلور میڈل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اٹلی کے لویانو ٹورنامنٹ کا گولڈ میڈل اور 1984 کے لاس اینجلس اور 1988 کے سیول اولمپکس میں شرکت کے تمغے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ گرو گوبند سنگھ کی 300ویں جینتی کی تقریب کا سلور میڈل بھی پولیس نے برآمد کیا ہے۔
تمغوں کی واپسی پر ایم ایم سومیا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے انہوں نے ایک مرتبہ پھر اولمپک میڈل جیت لیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان تمغوں سے ان کی زندگی کی یادیں، جذبات اور احساسات وابستہ ہیں۔ یہ تمغے ملک کے لیے ہاکی کھیلنے اور حاصل ہونے والے اعزازات کی علامت ہیں۔ انہوں نے پولیس حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شروع ہی سے انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ چوری شدہ سامان برآمد کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سومیا نے 1980، 1984 اور 1988 کے اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ وہ 1988 کے سیول اولمپکس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم مانکیا کے خلاف مبینہ طور پر 33 مجرمانہ مقدمات درج ہیں، جن میں تمل ناڈو کے آٹھ مقدمات بھی شامل ہیں۔ اس کے خلاف چھ غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہیں، جبکہ تین معاملات میں اسے اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ دوسرے ملزم بھارت کے خلاف بھی دو مقدمات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں مزید پوچھ گچھ کے لیے آٹھ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
