آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ: ٹاپ 10 میں جگہ بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بنے رحمت شاہ
33 سالہ افغان کپتان رحمت شاہ کی زمبابوے کے خلاف 173 رنز کی شاندار اننگ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 5ویں اور رواں سال کی دوسری سنچری تھی۔

افغانستان کے کپتان رحمت شاہ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ آئی سی سی مردوں کی ٹیسٹ پلیئر رینکنگ کے ٹاپ 10 میں جگہ بنانے والے ملک کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ شارجہ میں زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد وہ 7ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے کسی بھی زمرے میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے والے پہلے افغان کرکٹر بن گئے ہیں۔ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلہ میں 173 رنز بنانے کے بعد رحمت شاہ کی رینکنگ میں 6 درجے کا اضافہ ہوا، جس سے انہیں کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل ہوئی۔ وہ ہندوستانی کپتان شبھمن گل، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور سری لنکا کے کامندو مینڈس جیسے بلے بازوں سے آگے نکل گئے۔
33 سالہ رحمت شاہ کی زمبابوے کے خلاف کھیلی گئی 173 رنز کی شاندار اننگ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 5ویں سنچری اور رواں سال کی دوسری سنچری تھی۔ رواں ماہ کے آغاز میں افغانستان کی ٹیم آئی سی سی مردوں کی ونڈے ٹیم رینکنگ میں اپنی اب تک کی بہترین پوزیشن (چھٹے نمبر) پر پہنچ گئی تھی۔ زمبابوے کے کریگ اِرون کو بھی حالیہ ٹیسٹ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ افغانستان کے خلاف شارجہ ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں ڈبل سنچری بنانے والے اِرون 9 درجے اوپر چڑھ کر 48ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سیریز ختم ہونے کے بعد بھی بلے بازوں کی رینکنگ میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کاویم ہوج 12 درجے اوپر چڑھ کر 52ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ بنگلہ دیش کے توحید ہردوئے 60ویں نمبر پر آ گئے۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز عامر جنگو 28 درجے اوپر چڑھ کر 62ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
گیند بازوں میں ویسٹ انڈیز کے اسپنر جومیل واریکن نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں پلیئر آف دی سیریز کی کارکردگی کے بعد کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل کی۔ وہ ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں 11 درجے اوپر چڑھ کر 19ویں نمبر پر آ گئے، جبکہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں 4 درجے ترقی کے ساتھ 31ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ان کے ساتھی جسٹن گریوز کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ وہ ایک مقام اوپر چڑھ کر ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی فہرست میں 8ویں نمبر پر آ گئے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ سیریز کے شروعاتی 2 میچوں کے بعد تازہ ونڈے رینکنگ میں بھی کئی کھلاڑیوں کو فائدہ ہوا ہے۔ ہندوستانی اسپنر اکشر پٹیل ویلنگٹن میں دوسرے میچ میں 28 رن دے کر 2 وکٹ لینے کے بعد ونڈے گیند بازوں کی رینکنگ میں 23 درجے اوپر چڑھ کر 21ویں نمبر پر آ گئے۔ آکلینڈ میں سیریز کے پہلے میچ میں 4 وکٹ لینے کے بعد بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ 11 درجے اوپر چڑھ کر 31ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ نیوزی لینڈ سیریز سے پہلے ٹاپ 100 سے باہر رہنے والے نوجوان ہندوستانی تیز گیند باز گرنور برار 2 میچوں میں 7 وکٹ لینے کے بعد 48ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
