قومی خبریں

سی بی آئی جانچ شروع ہونے سے پہلے بنگال کونسلر قتل معاملہ میں نیا موڑ، چشم دید کی موت

نرنجن ویشنو کانگریس کونسلر تپن کاندو کا قریبی تھا اور 13 مارچ کو حملہ ہونے کے وقت وہ ان کے ساتھ ہی تھا، تپن کاندو کا قتل اس وقت ہوا تھا جب وہ اپنی بیوی پورنیما کاندو کے ساتھ شام کو ٹہل رہے تھے۔

فائل فوٹو، سوشل میڈیا
فائل فوٹو، سوشل میڈیا NJ

مغربی بنگال کے پرولیا ضلع میں جھالدا میونسپلٹی کے کانگریس کونسلر تپن کاندو کے قتل کا چشم دید گواہ نرنجن ویشنو بدھ کی صبح اپنی رہائش پر مردہ پایا گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ دو دن پہلے کلکتہ ہائی کورٹ نے قتل واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا۔ پولیس کے مطابق ویشنو کی لاش جھالدا واقع ان کی رہائش پر پھانسی کے پھندے سے لٹکی ملی اور ان کے کمرے سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ اس میں لکھا ہے کہ وہ ضلع پولیس کے دباؤ کو برداشت نہیں کر پا رہے تھے اور انھوں نے کبھی پولیس اسٹیشن میں قدم نہیں رکھا ہے۔

Published: undefined

اس نوٹ میں ویشنو نے تپن کاندو کے قتل کا بھی تذکرہ کیا ہے جس میں وہ ایک چشم دید گواہ تھے اور انھوں نے کہا کہ جس دن یہ افسوسناک واقعہ ہوا تب سے انھیں ڈر لگ رہا تھا۔ وہ نرنجن کاندو کا قریبی ساتھی تھا اور 13 مارچ کو حملہ ہونے کے وقت وہ کاندو کے ساتھ تھا۔ کاندو کا قتل اس وقت ہوا جب وہ اپنی بیوی پورنیما کاندو کے ساتھ شام کو ٹہل رہے تھے۔ ان کے ساتھ ویشنو بھی تھے۔

Published: undefined

کانگریس نے بدھ کو جھالدا میں 12 گھنٹے کی ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ جب مقامی کانگریس لیڈر اور کارکنان ہڑتال کی حمایت میں ایک ریلی کا انعقاد کر رہے تھے اسی وقت ویشنو کی حیرت انگیز موت کی خبر وائرل ہو گئی۔ کانگریس کارکنان ان کی رہائش پر پہنچے اور انھوں نے ویشنو کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا پایا۔ اس کے بعد پولیس نے وہاں پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔

Published: undefined

تپن کاندو کی بیوی پورنیما کندو جھالدا میونسپلٹی کی کونسلر ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ نرنجن ویشنو کی حیرت انگیز موت کے پیچھے گہری سازش ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ میرے شوہر کے قتل کے بعد سے ہی ضلع پولیس کئی لوگوں پر دباؤ بنا رہی تھی۔ میں معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتی ہوں۔ تپن کاندو کے بھتیجے متھن کاندو نے صحافیوں کو بتایا کہ نرنجن ویشنو نے انھیں بتایا کہ تپن کے قتل کے بعد سے ضلع پولیس ان پر زبردست دباؤ بنا رہی تھی۔ کاندو نے کہا کہ ’’اب سی بی آئی ان کی حیرت انگیز موت کی اصل وجہ کا پتہ کر رہی ہے۔‘‘

Published: undefined

اس کے کچھ ہی گھنٹے پہلے کلکتہ ہائی کورٹ کی بنچ نے تپن کاندو کی موت کی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا۔ متاثرہ کنبہ نے ایک آڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں ترنمول کانگریس کے ایک مقامی لیڈر تپن کاندو کو کانگریس سے ترنمول کانگریس میں منتقل نہیں ہونے پر سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دے رہے تھے۔ مقامی ترنمول کانگریس لیڈر کی شناخت امل کاندو کی شکل میں ہوئی ہے۔

Published: undefined

کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم سے پہلے ریاستی پولیس کی ایک خصوصی جانچ ٹیم معاملے کی جانچ کر رہی تھی۔ خصوصی جانچ کے دوران اس معاملے میں 4 لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا جس میں متاثرہ کے بھائی نرین کاندو اور ان کے بیٹے دیپک کاندو بھی شامل تھے۔ پرولیا ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس سیلوامروگن نے دعویٰ کیا کہ تپن کے قتل کے پیچھے کی وجہ دو بھائیوں کے درمیان کی خاندانی رنجش تھی۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے جھالدا تھانے کے انچارج انسپکٹر سنجیو گھوش کو بھی کلین چٹ دے دی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined