قومی خبریں

بہار: این ڈی اے امیدواروں کا اعلان، شاہنواز اور شتروگھن کی چھٹی

مودی حکومت سے خفا چل رہے شتروگھن سنہا کو بی جے پی نے ٹکٹ نہ دے کر ان سے بدلا لے لیا ہے۔ پٹنہ صاحب سے شتروگھن کی جگہ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد انتخاب لڑیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

بہار میں این ڈی اے اتحاد نے لوک سبھا انتخاب کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی نے اپنے دو سینئر لیڈروں کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔ باغی شتروگھن سنہا اور بھاگلپور سے رکن پارلیمنٹ شاہنواز حسین کا نام لسٹ میں شامل نہیں ہے۔ نوادہ سے ٹکٹ نہیں ملنے سے ناراض چل رہے گری راج سنگھ کو بیگو سرائے سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ لسٹ میں 39 امیدواروں کا نام ہے اور کھگڑیا سیٹ پر ابھی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ یہ سیٹ ایل جے پی کے کھاتے میں ہے۔

مودی حکومت سے خفا چل رہے شتروگھن سنہا کو بی جے پی نے ٹکٹ نہ دے کر ظاہر کر دیا ہے کہ وہ اب شتروگھن کا ساتھ نہیں چاہتی۔ پٹنہ صاحب سے شتروگھن سنہا کی جگہ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد انتخاب لڑیں گے۔ رام کرپال یادو کو بی جے پی نے ایک بار پھر پاٹلی پترا سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رام کرپال یادو 2014 میں آر جے ڈی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ بی جے پی نے انھیں پاٹلی پترا سے ٹکٹ دیا تھا اور وہ انتخاب جیت کر وزیر بنے تھے۔

نوادہ سیٹ سے لڑنے کی ضد کر رہے گری راج سنگھ کو بی جے پی نے بیگوسرائے سے امیدوار بنایا ہے۔ نوادہ کی سیٹ ایل جے پی کے کھاتے میں جانے کی وجہ سے ان کی سیٹ کو بدلا گیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر شاہنواز حسین کو پارٹی نے ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ مرکزی وزیر رادھا موہن سنگھ مشرقی چمپارن سے انتخاب میں اتریں گے۔ راجیو پرتاپ روڑی سارن سے میدان میں ہوں گے۔ر یاستی بی جے پی صدر نتیانند رائے کو اجیار پور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ مرکزی وزیر اشونی چوبے کی بکسر سیٹ برقرار رکھی گئی ہے۔

Published: 23 Mar 2019, 2:09 PM IST

واضح رہے کہ بہار میں بی جے پی 17، جنتا دل یو 17 اور ایل جے پی کے کھاتے میں 6 سیٹیں آئی ہیں۔ بی جے پی جن 17 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی اس میں مغربی چمپارن (بتیا)، مشرقی چمپارن (موتیہاری)، مظفر پور، سارن، مہاراج گنج، شیوہر، مدھوبنی، دربھنگہ، اجیارپور، بیگوسرائے، پٹنہ صاحب، پاٹلی پترا، آرہ، بکسر، سہسرام، اورنگ آباد اور ارریہ شامل ہیں۔

جنتا دل یو کے ذریعہ لڑی جانے والی لوک سبھا سیٹوں میں والمیکی نگر، سیوان، گوپال گنج، جہان آباد، گیا، کاراکٹ، مدھے پورہ، سپول، جھنجھار پور، سیتامڑھی، پورنیہ، کشن گنج، بانکا، بھاگلپور، مونگیر، نالندہ اور کٹیہار شامل ہیں۔ ایل جے پی کے حصے میں جو 6 سیٹیں آئی ہیں وہ حاجی پور، سمستی پور، جموئی، نوادہ، ویشالی اور کھگڑیا ہیں۔

Published: 23 Mar 2019, 2:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Mar 2019, 2:09 PM IST