قومی خبریں

مظفرنگر میں ’اللہ اکبر‘ اور ’جو بولے سو نہال‘ کے نعرے ایک ساتھ بلند

پیغام انسانیت کے زیر اہتمام جمعیۃ علما سمیت مختلف تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں نے مظفرنگر کے میناکشی چوک پر سکھوں کے مذہبی جلوس کا استقبال کیا اور اس قدم کو ملک کی سالمیت اور یکجہتی کیلئے ضروری قرار دیا

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز مظفرنگر میں سکھ یاترا کا استقبال کرتے مسلم جماعتوں کے ذمہ داران

مظفرنگر: ملک میں جس طرح کی نفرت کی بیار آج بہہ رہی ہے اس میں ہر سو سے مار کاٹ، کشیدگی اور فرقہ وارانہ تشدد کی خبروں کی ہی بہتات نظر آتی ہے لیکن دریں اثنا اکا دکا ایسی بھی خبریں منظر عام پر آ جاتی ہیں جو اس حبس سے پُر ماحول میں تازی ہوا کا جھونکا معلوم ہوتی ہیں۔ ایسی ہی ایک خبر مظفر نگر سے موصول ہوئی ہے جو مذہبی ہم آہنگی کی ایک مثال ہے۔

Published: undefined

دراصل، سکھوں کے مذہبی پیشوا گرونانک کے پانچ سو پچاسویں یوم پیدائش کے موقع پر بیدر کرناٹک سے چل کر مظفرنگر پہنچنے والے طویل جلوس کا آج مظفرنگر میں مسلم جماعتوں کے ذمہ داران نے والہانہ استقبال کرکے خیر سگالی کا پیغام دیا۔ جس کو دیکھ کر سکھوں کے مذہبی رہنماؤں نے نعرہ تکبیر ’اللہ اکبر‘ اور ’جو بولے سونہال‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے سکھ مسلم اتحاد کی مثال پیش کی۔

Published: undefined

پیغام انسانیت کے زیر اہتمام جمعیۃ علما ہند سمیت مختلف تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں نے مظفرنگر کے میناکشی چوک پر سکھوں کے مذہبی جلوس کا استقبال کرتے ہوئے اس قدم کو ملک کی سالمیت اور یکجہتی کے لئے ضروری قرار دیا۔

Published: undefined

تصویر قومی آواز

واضح رہے کہ گرو نانک دیو جی صاحب کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر گرودوارہ نانک جھیرا صاحب بیدر کرناٹک سے یہ یاترا 2 جون کو شروع ہوئی تھی جو آج یعنی 16 جولائی کو مظفرنگر پہنچی۔

Published: undefined

اس موقع پر سماجی تنظیم ’پیغام انسانیت‘ کے صدر حاجی آصف راہی نے کہا کہ ’’ہندوستان کی قومی یکجہتی اور سالمیت کی حفاظت اسی وقت ہوسکتی ہے جب ہم ایک دوسرے کے مذہبی شعائر کی عزت کریں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ باہمی روابط مضبوط ہوں گے‘‘

Published: undefined

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیکولر ملک ہے جہاں جمہوری نظام ہے ایسے میں آج کے ماحول کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم سبھی کو خیر سگالی اور آپسی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا تبھی ہم ملک کے سیکولر تانے بانے کو مضبوط کر پائیں گے۔

Published: undefined

مسلمانوں کے ذریعہ اس والہانہ استقبال کو دیکھ کر سکھ طبقے کے لوگوں اور ان کے مذہبی رہنماؤں نے مسلمانوں کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا استقبال بیدر سے یہاں تک کسی طبقہ نے پہلی مرتبہ کیا ہے۔ مسلم مذہبی رہنماؤں نے سکھوں کے پنچ پیاروں کو چادر اڑھا کر استقبال کیا، جن میں مولانا قاسم، حاجی آصف راہی، جمعیۃ علماء کے ضلع سکریٹری مولانا موسیٰ قاسمی،قاضی محمد علی علوی، وغیرہ کے نام خصوصی طور سے شامل رہے۔ اس موقع پر پولس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے حفاظت کے چاک و چوبند انتظامات کئے گئے تھے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined