قومی خبریں

مکیش اور نیتا امبانی نے 550 کروڑ روپے دے کر انل امبانی کو جیل جانے سے بچایا

ریلائنس انڈسٹریز کے چئیرمین مکیش امبانی نے انتہائی نازک موقع پر اپنے بھائی انل امبانی کی مالی مدد کر کے انہیں جیل جانے سے بچا لیا۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا  

بھائی بھائی ہوتا ہے اور ریلائنس انڈسٹریز کے چئیرمین مکیش امبانی نے اس بات کو اس وقت ثابت کر دیا جب انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی انل امبانی کو 550 کروڑ روپے دے کر ان کو جیل جانے سے بچا لیا۔ریلائنس کمیونیکیشن کے چئیرمین انل امبانی نے سپریم کورٹ کے ذریعہ طے شدہ وقت سے ایک دن قبل سویڈن کی کمپنی ایرکسن کا بقایا چکا دیا اور اس طرح وہ جیل جانے سے بچ گئے۔ آ ر کوم نے پیر کو ٹیلی کوم اکوئپمنٹ بنانے والی کمپنی ایرکسن کو 458.77 کروڑ روپے کا بقایا ادا کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 19 فروری کو حکم جاری کیا تھا کہ اگر چار ہفتوں کے اندر انل امبانی نے پوری رقم نہیں ادا کی تو انہیں تین ماہ کے لئے جیل بھیج دیا جائے گا کیونکہ انہیں ایرکسن کے معاملہ میں عدالت کی توہین کا مجرم مانا گیا تھا۔ اس بھگتان کے بعد انل امبانی نے ایسے نازک موقع پر بھائی مکیش امبانی اور بھابھی نیتا امبانی کے ذریعہ کی گئی مالی مدد کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انل امبانی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’پریشانی کی اس گھڑی میں میرے ساتھ کھڑے ہونے کے لئے میں اپنے بھائی مکیش اور بھابی نیتا امبانی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ایسے موقع پر مدد کر کے انہوں نے یہ دکھایا ہے کہ اپنی خاندانی قدروں کے تئیں اور ان رشتوں کے تئیں سچائی کے ساتھ کھڑے رہنا کتنا ضروری ہے۔ میں اور میرے اہل خانہ خوش ہیں کہ ہم ماضی کی باتوں سے آگے نکل آئے ہیں اور میں اس مدد کے لئے بڑے بھائی کا احسان مند ہوں‘‘۔

Published: 19 Mar 2019, 9:09 AM IST

اس درمیان ایرکسن کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کو بقائے کی شکل میں 458.77 کروڑ روپے کا بھگتان ہو گیا ہے۔ انل امبانی کی کمپنی آر کوم نے ایرکسن سے سال 2014 میں ایک معاہدہ کیا تھا۔ بعد میں ایرکسن نے الزام لگایا کہ آر کوم نے اس کے 1500 کروڑ روپے نہیں ادا کئے۔ سال 2018 میں دیوالیہ عمل کے تحت ایرکسن 550 کروڑ روپے پر معاملہ ختم کرنے پر رضامند ہو گیا اور اب آر کوم نے یہ رقم ادا کر کے معالہ ختم کر دیا ہے۔ انل امبانی کے پاس یہ رقم ادا کرنے کے لئے پیسے نہیں تھے جو انہوں نے اپنے بڑے بھائی سے لے کر دیے ہیں۔

Published: 19 Mar 2019, 9:09 AM IST

واضح رہے کہ ایرکسن سے چھٹکارا پانے والے انل امبانی کی پریشانیاں ابھی ختم نہیں ہوئی ہیں۔ سرکاری ٹیلی کام کمپنی بی ایس این ایل نے بھی ان کے خلاف این سی ایل ٹی جانے کی تیاری کر لی ہے۔ بی ایس این ایل نے کہا ہے کہ وہ اسی ہفتہ آر کوم پر بقایا 700 کروڑ روپے وصولنے کے لئے ٹریبیونل کا دروازہ کھٹکھٹائے گا۔

Published: 19 Mar 2019, 9:09 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Mar 2019, 9:09 AM IST