قومی خبریں

’ماں نے اپنی کتاب میں کچھ باتیں شامل نہیں کی ہیں‘، راہل گاندھی نے سونیا اور پرینکا کے ساتھ گفتگو کی ویڈیو شیئر کی

سونیا گاندھی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میرے بچے میری سب سے بڑی خوشی اور میری طاقت ہیں۔ وہ ایسے 2 لوگ ہیں، جو میرے صبر کا امتحان کسی دیگر سے کہیں زیادہ لیتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی گفتگو کرتے ہوئے، ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی گفتگو کرتے ہوئے، ویڈیو گریب

 

کانگریس کے سینئر لیڈر سونیا گاندھی کی خود نوشت ’بیلانگنگ: اے جرنی آف لو‘ لانچنگ کے بعد سے مستقل سرخیوں میں ہے۔ اس کتاب میں سونیا گاندھی نے اپنی ذاتی زندگی سے لے کر سیاست تک کے بارے میں کئی اہم باتیں لکھی ہیں۔ حالانکہ راہل گاندھی نے انکشاف کیا ہے کہ کئی ایسی چیزیں ہیں، جن کا ذکر کتاب میں نہیں کیا گیا ہے۔ اس بارے میں راہل گاندھی نے سونیا گاندھی اور بہن پرینکا گاندھی کے ساتھ بیٹھ کر گفتگو کی، جس کی ویڈیو انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔

اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’یہ تجویز منصوبے کے مطابق آگے نہیں بڑھ سکی، اور نہ ہی میری ساتویں سالگرہ توقع کے مطابق رہی۔ 2004 کے فیصلہ سے ہم میں سے کچھ لوگوں کو راحت ملی، جبکہ کچھ لوگوں کو خوشی ہوئی۔‘‘ والد آنجہانی راجیو گاندھی کو یاد کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ ’’پاپا کی سیکورٹی واپس لینے کے پیچھے ایک خاص مقصد تھا، اور 500 سے زائد صفحات پر مشتمل کتاب کے باوجود کچھ باتیں ایسی ہیں جنہیں ماں نے اپنی کتاب میں شامل نہیں کی ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’پرینکا اور میں نے اپنی ماں کے ساتھ بیٹھ کر ان تمام باتوں پر گفتگو کی۔ ان یادوں کو پھر سے تازہ کرنے سے اس وقت کی خوشیاں، قہقہے، حتیٰ کہ وہ تکلیف بھی یاد آگئی جس سے ہم گزرے تھے۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’ماں کا ’بیلانگنگ‘ (اپنے پن) کا سفر بے پناہ محبت اور ہولناک سانحات سے بھرا رہا ہے اور انہوں نے ان تمام حالات کا سامنا وقار اور حوصلہ کے ساتھ کیا ہے۔‘‘

راہل گاندھی کی ویڈیو کو سونیا گاندھی نے بھی ’ری پوسٹ‘ کیا ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں نے ’بیلانگنگ‘ اپنی یادوں کی بنیاد پر لکھی ہے۔ راہل اور پرینکا نے اس میں اپنی یادیں جوڑی ہیں، جس سے ان کہانیوں میں ایک نئی جان آ گئی۔‘‘ دراصل انھوں نے ویڈیو میں موجود گفتگو کی طرف اشارہ کیا ہے جس میں کئی ایسی باتیں ہوئیں، جو ان کی خود نوشت کا حصہ نہیں ہیں۔ ساتھ ہی وہ لکھتی ہیں کہ ’’میرے بچے میری سب سے بڑی خوشی اور میری طاقت ہیں۔ وہ ایسے 2 لوگ ہیں، جو میرے صبر کا امتحان کسی دیگر سے کہیں زیادہ لیتے ہیں۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔