نیپال میں صبح سویرے آیا 5.3 شدت کا زلزلہ، بھوٹان اور بہار میں بھی محسوس ہوئے جھٹکے
منگل کی علی الصبح آسام کے کاربی ضلع میں بھی 2.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کا مرکز زمین سے 15 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

منگل کی صبح نیپال میں ایک بار پھر زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یہ زلزلہ صبح سویرے تقریباً 7.02 بجے آیا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلہ کا اثر صرف نیپال تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے جھٹکے ہندوستان، بھوٹان، بنگلہ دیش اور چین کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ یہ زلزلہ نیپال کے کوشی صوبے میں لیلیپ کے قریب آیا۔ صبح سویرے زلزلہ کے جھٹکوں سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حالانکہ اب تک کسی کے زخمی ہونے یا جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
اس زلزلہ کا مرکز 27.855 ڈگری شمالی عرض البلد اور 87.909 ڈگری مشرقی طول البلد پر، زمین سے 20 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ نیپالی میڈیا کے مطابق نیپال کے قومی زلزلہ نگرانی اور تحقیقاتی مرکز نے زلزلے کی شدت 5.6 بتائی ہے، جبکہ دیگر خبروں میں شدت 5.3 ریکارڈ ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ زلزلہ کا مرکز نیپال-تبت سرحد کے قریب بتایا گیا ہے۔ منگل کی علی الصبح آسام کے کاربی ضلع میں بھی 2.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کا مرکز زمین سے 15 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اگرچہ زمین کی بیرونی سطح پُرسکون اور مستحکم دکھائی دیتی ہے، لیکن اس کے اندر ہمیشہ ہلچل جاری رہتی ہے۔ ارضیاتی پلیٹوں کے ٹکرانے کی وجہ سے ہر سال سینکڑوں زلزلے آتے ہیں۔ اس سلسلے میں کئی ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ ہماری زمین 12 ٹیکٹونک پلیٹوں پر واقع ہے۔ جب یہ پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں تو اس سے پیدا ہونے والی توانائی زلزلے کا سبب بنتی ہے۔ زمین کے نیچے موجود یہ پلیٹیں انتہائی سست رفتار سے حرکت کرتی رہتی ہیں۔ ہر سال یہ پلیٹیں اپنی جگہ سے 4 سے 5 ملی میٹر تک کھسکتی ہیں۔ اس دوران کچھ پلیٹیں ایک دوسرے سے دور ہو جاتی ہیں، جبکہ کچھ ایک دوسرے کے نیچے سرک جاتی ہیں۔ پلیٹوں کے کھسکنے اور ٹکرانے کے اسی عمل کی وجہ سے زلزلے آتے ہیں۔
زلزلے کا مرکز وہ مقام ہوتا ہے جہاں زمین کے اندر چٹانیں ٹوٹتی ہیں یا آپس میں ٹکراتی ہیں۔ اسے فوکس یا ہائپو سنٹر کہا جاتا ہے۔ زلزلہ کی توانائی اس مرکز سے لہروں کی شکل میں پھیلتی ہے۔ جب یہ لہریں زمین کی سطح تک پہنچتی ہیں تو ارتعاش محسوس ہوتا ہے۔ سطح زمین پر وہ مقام جہاں یہ توانائی سب سے پہلے پہنچتی ہے، اسے ایپی سینٹر کہتے ہیں۔ یہی مقام زلزلہ کے مرکز کے سب سے قریب اور سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ہوتا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
