روسی طیاروں کو دیکھتے ہی جنوبی کوریا میں افرا تفری، لوگوں کو دی گئی پوشیدہ ہونے کی ہدایت!
جنوبی کوریا کی وزارت سلامتی نے صبح تقریباً 7.52 بجے اُلّونگ جزیرے کے لوگوں کو زیر زمین محفوظ مقامات پر چھپنے کا حکم دیا تھا۔ حالانکہ 3 منٹ بعد ہی یہ حکم واپس لے لیا گیا۔

جنوبی کوریا نے اپنے مشرقی جزیرے اُلّونگ کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔ اس کی وجہ کئی روسی طیاروں کا ملک کے ایئر ڈیفنس زون میں داخل ہونا بتایا جا رہا ہے۔ یہ طیارے جزیرہ نما کوریا اور جاپان کے درمیان سمندر کے اوپر پرواز کر رہے تھے۔ حالانکہ بعد میں جنوبی کوریا کی فوج نے واضح کیا کہ روسی طیارے ملک کی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوئے تھے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے منگل کو بیان جاری کر کے پہلے دی گئی معلومات میں اصلاح کی۔ اس سے پہلے وزارت داخلہ اور مقامی انتظامیہ نے کہا تھا کہ غیر ملکی طیاروں نے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس وقت طیاروں کے شمالی کوریا کے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
جنوبی کوریا کی وزارت سلامتی نے صبح تقریباً 7.52 بجے اُلّونگ جزیرے کے لوگوں کو زیر زمین محفوظ مقامات پر چھپنے کا حکم دیا تھا۔ حالانکہ 3 منٹ بعد ہی یہ حکم واپس لے لیا گیا۔ وزارت نے بتایا کہ طیارے خطرہ والے علاقے سے باہر نکل گئے ہیں۔ جے سی ایس کے مطابق روسی طیاروں کی آمد کے بعد جنوبی کوریا نے اپنے جنگی طیارے تیار کر دیے تھے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔ پھر جلد ہی روسی طیارے وہاں سے چلے گئے۔ فوج نے یہ نہیں بتایا کہ کتنے روسی طیارے آئے تھے اور وہ کس قسم کے تھے۔
واضح رہے کہ اُلونگ جزیرے پر تقریباً 9 ہزار لوگ رہتے ہیں۔ 2022 میں بھی اس جزیرے کے لوگوں کو میزائل حملے کا خطرہ لاحق ہوا تھا۔ اس وقت شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے درمیان سمندر میں 20 سے زیادہ میزائل داغے تھے۔ ان میں سے ایک میزائل جزیرے کی جانب آیا تھا۔ اس کے بعد فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا تھا۔
بہرحال، ایک ہفتہ قبل بھی جنوبی کوریا نے روسی فوجی طیاروں کو روکنے کے لیے اپنے جنگی طیارے بھیجے تھے۔ اس وقت بھی کئی روسی طیارے کچھ وقت کے لیے اس کے ایئر ڈیفنس زون میں داخل ہوئے تھے۔ اسی دن جاپان نے بھی روس کے سامنے احتجاج درج کرایا تھا۔ جاپان کا الزام تھا کہ 2 مشتبہ روسی طیارے اس کے جنوب مغربی ساحل کے قریب فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے۔ ایئر ڈیفنس زون میں داخل ہونا کسی ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے مختلف ہے۔ جنوبی کوریا نے اس واقعے میں اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق نہیں کی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
