شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تاریخ کا ہوا اعلان، سیاسی و قانونی کشیدگی بڑھنے کا اندیشہ

شیخ حسینہ کے ترجمان نے منگل کو اطلاع دی کہ وہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس آئیں گی۔ یہ پہلی بار ہے جب حسینہ نے اپنی واپسی کے لیے کوئی مقررہ تاریخ طے کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ / آئی اے این ایس</p></div>
i

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ جلد ہی بنگلہ دیش واپس لوٹنے والی ہیں۔ وہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپسی کا منصوبہ بنا رہی ہیں، اور اس تاریخ کے انتخاب کی ایک خاص وجہ ہے۔ دراصل 16 دسمبر کو بنگلہ دیش میں 1971 کی جنگ آزادی میں فتح کی سالگرہ منائی جاتی ہے۔ شیخ حسینہ کا منصوبہ ہے کہ وہ اس تاریخ کو وطن واپسی کریں اور 1971 کی جنگ آزادی میں ملی فتح کا جشن اپنے ملک میں منائیں۔

قابل ذکر ہے کہ شیخ حسینہ گزشتہ 2 سالوں سے ہندوستان میں مقیم ہیں۔ ان کے ترجمان نے منگل کو اطلاع دی کہ وہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس آئیں گی۔ یہ پہلی بار ہے جب حسینہ نے اپنی واپسی کے لیے کوئی مقررہ تاریخ طے کی ہے۔ ایسے میں بنگلہ دیش میں سیاسی اور قانونی کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ شیخ حسینہ نے نہ صرف اپنے دستاویزات واپس مانگے ہیں بلکہ بنگلہ دیشی حکومت سے اپنی واپسی کے لیے ملک کی سرکاری ایئرلائن ’بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز‘ کے ذریعہ سفر کا انتظام کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔


حسینہ کے ترجمان سید مزمل علی نے کہا ہے کہ چونکہ 5 اگست 2024 کو شیخ حسینہ کو بنگلہ دیشی طیارہ کے ذریعہ ہندوستان لایا گیا تھا، اس لیے اب انہیں دہلی سے ڈھاکہ بھیجنے کے لیے بنگلہ دیشی حکومت ان کے فضائی سفر کا انتظام کرے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حسینہ کو ملک سے باہر کیا گیا تھا۔ ایسے میں یہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ 16 دسمبر کو ’یوم فتح‘ (وکٹری ڈے) کے موقع پر ان کی واپسی کو ممکن بنائے۔

اس معاملے میں بنگلہ دیشی حکومت کے ترجمان نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے ایک وزیر نے گزشتہ اتوار کے روز یہ ضرور کہا تھا کہ اگر شیخ حسینہ واپس آتی ہیں تو انہیں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں واپس لانے کے لیے ہندوستان سے کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی ہے۔