قومی خبریں

مودی حکومت پرینکا گاندھی کی فیملی کو ’کورونا کے منھ‘ میں ڈھکیلنا چاہتی ہے: اجے ماکن

اجے ماکن کا کہنا ہے کہ پرینکا گاندھی کو صرف اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ وہ آل انڈیا کانگریس کی جنرل سکریٹری ہونے کے ناطے اپوزیشن کی مضبوط آواز بن گئی ہیں، اور مضبوط اپوزیشن کا کردار نبھا رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

دہلی کانگریس کے سابق صدر اور سینئر لیڈر اجے ماکن نے مرکز کی مودی حکومت پر پرینکا گاندھی اور ان کی فیملی کے خلاف سازش رچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان سے جبراً گھر خالی کر دوسری جگہ شفٹ ہونے کے لیے کہنا دراصل کورونا وبا کے منھ میں دھکیلنے کی ایک کوشش ہے۔ اجے ماکن نے کہا کہ "حکومت کورونا وبا کے اس دور میں زیڈ پلس سیکورٹی والوں میں سے صرف پرینکا گاندھی جی سے جبراً مکان خالی کرا رہی ہے جو اس وبا کے منھ میں دھکیلنے کی سازش ہے۔" ساتھ ہی ماکن نے یہ بھی کہا کہ "اپوزیشن کے اوپر ایسے دباؤ کی سیاست کبھی ثمرآور ثابت نہیں ہوتی۔ قربانی کی تاریخ رکھنے والی کانگریس اور قیادت ایسی سازشوں سے نہیں ڈرتی۔"

Published: undefined

دراصل اجے ماکن نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں ایک رپورٹر کے ذریعہ ان سے پرینکا گاندھی کے 35 لودھی اسٹیٹ واقع گھر کو یکم اگست تک خالی کرنے کے حکم سے متعلق سوال کیا گیا۔ جواب میں اجے ماکن نے کہا کہ "بڑے دکھ کی بات ہے کہ پوری دنیا میں کورونا وبا پھیلی ہوئی ہے۔ حکومت خود اشتہار کر رہی ہے کہ جب تک بہت زیادہ ضروری نہ ہو آپ گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ایسے میں گھر شفٹ کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ گھر خالی کرنا صرف دو لوگوں کو یا چار لوگوں اور بچوں کو گھر سے لے کر دوسری جگہ جانا نہیں ہوتا۔ اس پورے عمل میں کئی لوگ شامل ہوتے ہیں، گھر کا سامان شفٹ کرنا ہوتا، نئے گھر میں سامان سیٹ کرنا ہوتا ہے۔"

Published: undefined

اجے ماکن ویڈیو میں مودی حکومت پر سوال کھڑا کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ"کیا یہ حکومت جان بوجھ کر پرینکا گاندھی جی کو کورونا وبا میں دھکیل رہی ہے؟ اور بہت سارے لوگ ہیں دہلی میں اور ہندوستان میں جن کو زیڈ پلس سیکورٹی ملی ہوئی ہے، کیا سبھی سے گھر خالی کرایا جا رہا ہے؟" وہ مزید کہتے ہیں کہ "پرینکا گاندھی کو صرف اس لیے ہدف بنایا گیا ہے کیونکہ وہ آل انڈیا کانگریس کی جنرل سکریٹری ہونے کے ناطے اپوزیشن کی مضبوط آواز بن گئی ہیں، اور مضبوط اپوزیشن کا کردار نبھا رہی ہیں۔"

Published: undefined

ساتھ ہی اجے ماکن مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ "کیا جمہوریت کے اندر جو بھی مضبوط اپوزیشن کا کردار نبھائے گا اس سے سزا کے طور پر مکان خالی کرایا جائے گا، جب کہ دیگر زیڈ پلس سیکورٹی والوں سے گھر خالی نہیں کرایا جا رہا۔ ان کو (پرینکا گاندھی) اکیلے کیوں ٹارگیٹ کیا جا رہا ہے؟ کیوں زبردستی ان کی فیملی کو کورونا وبا میں دھکیلنے کی کوشش ہو رہی ہے؟ صرف اس لیے کہ وہ اپوزیشن کی آواز بن کر ابھر رہی ہیں؟ کیا حکومت یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ جو بھی اپوزیشن کا کردار نبھائے گا حکومت اس کو تنگ کرے گی، اس پر ظلم کرے گی؟"

Published: undefined

ویڈیو کے آخر میں اجے ماکن واضح لفظوں میں کہتے ہیں کہ "مرکزی حکومت اگر یہ سوچتی ہے کہ اس (ظلم) سے ہمارے لیڈر دب جائیں گے، ڈر جائیں گے، پیچھے ہٹ جائیں گے، آواز اٹھانا بند کر دیں گے، تو ان سے کانگریس پارٹی کہنا چاہتی ہے کہ اس ظالمانہ کارروائی سے کانگریس ڈرنے والی نہیں ہے بلکہ اور مضبوطی کے ساتھ ذمہ داری نبھانے کے لیے آگے بڑھے گی۔"

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined