کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر قومی آواز/ویپن
’’کانگریس پارٹی پورے ملک میں گزشتہ ایک سال سے آئین بچاؤ تحریک چلا رہی ہے۔ اس سے بی جے پی گھبرا گئی ہے۔ جن کا ملک کی تحریک آزادی میں کوئی تعاون نہیں رہا۔ جن کا آئین بنانے میں کوئی کردار نہیں رہا، جنھوں نے آئین کی کاپی جلائی، وہ کانگریس پارٹی کو آئین کے اوپر نصیحت دے رہے ہیں۔‘‘ یہ بیان آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کو بھی اشاروں اشاروں میں ہدف تنقید بنایا۔
Published: undefined
کانگریس صدر نے مودی حکومت پر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت اپنی سبھی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے روزانہ نئے پروگرام چلاتی ہے اور نعرے دیتی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’مودی حکومت ناکام خارجہ پالیسی، مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی، معاشی بدحالی، غریب و امیر کے درمیان بڑھتا فاصلہ، چند صنعت کاروں کو ناجائز فائدہ پہنچائے جانے اور بڑھتی فرقہ پرستی جیسے مسائل سے عوام کا توجہ بھٹکانا چاہتی ہے۔ یہ حکومت نہ ہی آئین کی عزت کرتی ہے، نہ ہی پارلیمنٹ کی۔‘‘
Published: undefined
پہلگام دہشت گردانہ حملہ سے متعلق اپوزیشن کے ذریعہ بار بار پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی گزارش پر بھی ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پورا اپوزیشن پہلگام پر خصوصی اجلاس کا مطالبہ کرتا رہا، لیکن اجلاس نہیں بلایا گیا۔ 2 کل جماعتی میٹنگیں ہوئیں، اس میں بھی مودی جی نے شرکت نہیں کی۔‘‘
Published: undefined
پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے وقت سبھی سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ مرکزی حکومت کی حمایت کیے جانے کا ذکر بھی کانگریس صدر نے میڈیا کے سامنے کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’جب ملک کے سامنے چیلنج تھا تو کانگریس پارٹی سمیت سبھی اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت کو مکمل حمایت دی۔ حکومت کا موقف رکھنے کے لیے ہم نے اپنے اراکین پارلیمنٹ بیرون ممالک بھیجے۔ لیکن حکومت اس کے باوجود سیاست کرتی رہی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم کو عوام کی دقتیں کم کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ قومی سیکورٹی اور عوام سے جڑے سوالوں کے ساتھ ہندوستان کی بہتر شبیہ کیسے بنے، اس کے لیے کام کرنا چاہیے۔ حکومت کو بے معنی پروگراموں پر عوام کا پیسہ برباد کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔‘‘ منی پور میں طویل مدت سے جاری تشدد معاملہ پر وہ کہتے ہیں کہ ’’2 سال سے منی پور جل رہا ہے، لیکن مودی جی کو ابھی تک وہاں جانے کا وقت نہیں ملا۔ جمہوریت اور آئین آج سب سے زیادہ بحران میں ہے۔‘‘
Published: undefined
میڈیا کے سامنے کانگریس صدر کھڑگے نے مودی حکومت کے کئی اقدام کو ہندوستانی جمہوریت کے لیے مضر قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’حکومت سے سوال پوچھنے پر صحافیوں کو جیل بھیج دیا جاتا ہے، ان کا قتل ہو جاتا ہے۔ حکومت سے سوال پوچھنے والے طلبا و نوجوانوں کو غدارِ وطن تک کہہ دیا جاتا ہے۔‘‘ انھوں نے مودی حکومت پر یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ اس کا ظلم و جبر دلتوں و کمزور طبقات پر بڑھتا جا رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined