قومی خبریں

یو پی اسمبلی میں بھی نماز کے لیے علیحدہ کمرے کا مطالبہ، رکن اسمبلی عرفان سولنکی نے اٹھائی آواز

سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم اراکین اسمبلی کو نماز ادا کرنے کے لیے باہر جانا پڑتا ہے، اس لیے اسمبلی احاطہ میں ہی نماز کے لیے انتظام ہونا چاہیے۔

عرفان سولنکی، تصویر آئی اے این ایس
عرفان سولنکی، تصویر آئی اے این ایس 

جھارکھنڈ اسمبلی میں نماز کے لیے الگ سے ایک کمرہ الاٹ کیے جانے کے بعد کافی ہنگامہ برپا ہوا تھا اور بی جے پی لیڈران نے جھارکھنڈ اسمبلی احاطہ میں ایک مندر بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا تھا، اور اب اتر پردیش اسمبلی میں نماز کے لیے علیحدہ کمرے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی نے نماز ادا کرنے کے لیے اتر پردیش اسمبلی ہاؤس میں خصوصی جگہ متعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سولنکی نے پیر کے روز اس سلسلے میں یو پی اسمبلی اسپیکر ہردے نارائن دیکشت کو ایک خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ عبادت کے لیے کمرہ الاٹ کیا جائے۔

Published: undefined

اپنے خط میں عرفان سولنکی نے کہا ہے کہ اسمبلی اجلاس کے دوران مسلم اراکین اسمبلی کو نماز ادا کرنے کے لیے اسمبلی ہاؤس سے باہر جانا پڑتا ہے۔ اگر نماز کے لئے کمرہ الاٹ کیا جاتا ہے تو مسلم اراکین اسمبلی اجلاس میں شامل بھی ہو سکتے ہیں اور نماز بھی ادا کر سکتے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی نے خط میں لکھا ہے کہ ’’عبادت بھی ضروری ہے اور اسمبلی اجلاس بھی ضروری ہے۔ اسمبلی میں عبادت کے لیے جگہ بننی چاہیے۔‘‘

Published: undefined

عرفان سولنکی کا کہنا ہے کہ مسلم اراکین اسمبلی کو کئی بار اجلاس درمیان میں ہی چھوڑ کر مسجدوں میں نماز کے لیے جانا پڑتا ہے، اس لیے بہتر ہوگا اگر اسمبلی میں ہی نماز کا انتظام کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اسمبلی اسپیکر اگر چاہیں تو ایک چھوٹا سا کمرہ عبادت کے لیے بنوا دیں، اس سے نہ تو کسی کو نقصان ہوگا اور نہ ہی کوئی پریشانی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined