قومی خبریں

کشمیر: فورسزاور ملی ٹینٹوں میں جھڑپ، ایک ملی ٹینٹ اور 3 او جی ڈبلیوز ہلاک

وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا ’’شوپیان کے پاہنو نامی گاؤں میں اتوار کی شام جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی پر فائرنگ کی۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں ایک جنگجو مارا گیا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں اتوار کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کا مختصر مسلح تصادم ہوا جس کے نتیجہ میں ایک ملی ٹینٹ اور تین گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز) ہلاک ہو گئے۔

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا ’’شوپیان کے پاہنو نامی گاؤں میں اتوار کی شام قریب آٹھ بجے ایک نجی گاڑی میں سفر کررہے ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک جوائنٹ موبائیل ویکل چیک پوسٹ (ایم وی سی پی) پر حملہ کردیا۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی اور بعدازاں گاڑی میں ایک ملی ٹینٹ اور 3 او جی ڈبلیوز کی لاشیں برآمد کی گئیں۔

راجیش کالیا نے بتایا کہ مارے گئے ملی ٹینٹ کی شناخت شاہد احمد ڈار ولد مشتاق احمد ڈار ساکنہ جامنا گری شوپیان کے بطور کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے قبضے سے ایک ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔ دفاعی ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز کی طرف سے ایک ملی ٹینٹ سمیت 4 افراد کی ہلاکت کے خلاف ضلع شوپیان کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ احتیاطی طور پر ضلع میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

دریں اثنا ضلع پلوامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کے راہمو نامی گاؤں میں اتوار کی شام مقامی نوجوانوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ اس وقت جھڑپیں شروع ہوئیں جب فوج اور ریاستی پولیس نے مذکورہ گاؤں میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ سیکورٹی فورسز نے پتھراؤ کے مرتکب احتجاجی نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر دونوں اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔

Published: 04 Mar 2018, 10:38 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 Mar 2018, 10:38 PM IST