منوج جرانگے پاٹل / تصویر: آئی اے این ایس
مہاراشٹر میں مراٹھا ریزرویشن تحریک نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی ہے۔ تحریک کی قیادت کرنے والے منوج جرانگے پاٹل نے اعلان کیا ہے کہ وہ 29 اگست سے ممبئی کے آزاد میدان میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ ان کے مطابق اس بھوک ہڑتال کا مقصد حکومت پر دباؤ ڈال کر مراٹھا برادری کو ریزرویشن کا حق دلانا ہے۔
جرانگے پاٹل منگل کی صبح اپنے آبائی گاؤں جالنہ کے انتروالی سراتی سے ہزاروں حامیوں کے ساتھ ممبئی کے لئے مارچ پر روانہ ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ، ہنگولی اور دھاراشیو سمیت مختلف اضلاع سے قریب دو ہزار گاڑیاں ممبئی کی طرف روانہ ہو چکی ہیں۔ مظاہرین ٹرکوں اور ٹیمپوؤں میں کھانے پینے کا انتظام کر کے نکلے ہیں تاکہ طویل احتجاج کے دوران ممبئی میں قیام کر سکیں۔
Published: undefined
منوج جرانگے نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’’ہم اب رکنے والے نہیں ہیں۔ ہم قانون کے مطابق بھوک ہڑتال شروع کریں گے اور اس دوران سماج کے وقار کی پاسداری کی جائے گی۔ ہم پرامن رہنا چاہتے ہیں اور ایسے لڑیں گے جیسے زمین پر کبھی کوئی جنگ نہ ہوئی ہو، چاہے کتنے بھی دن لگیں۔‘‘
انہوں نے حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا، ’’دیوی دیوتاؤں کے نام پر غریب مراٹھا برادری پر ظلم کیا جا رہا ہے۔ ہمیں اس طرح پیش کیا جا رہا ہے جیسے ہم دہشت گرد ہوں، جو انگریزوں نے نہیں کیا وہ اب ہو رہا ہے۔ عدالت کو بھی ہمارا موقف سننا چاہیے اور ہمارے وکیل عدالت میں یہ بات رکھیں گے۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مراٹھا برادری کے ساتھ مذہبی مواقع پر بھی امتیاز برتا جا رہا ہے۔ ہم ہندو ہیں لیکن ہمیں ہمارے تہواروں پر روکا جاتا ہے۔ حکومت تہواروں پر بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔ اگر ہندوؤں کو ہندو تہواروں پر روکا جائے تو پھر ہندو مخالف کون ہے؟ ہم کبھی ایسا قدم نہیں اٹھا سکتے جس سے تہوار خراب ہو۔‘‘
جرانگے کے مطابق لاکھوں کی تعداد میں حامی آزاد میدان میں ان کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اگرچہ ممبئی میں ابھی احتجاج کی اجازت نہیں ملی ہے لیکن جالنہ پولیس نے مارچ کو نہیں روکا اور راستے میں آنے والے اضلاع سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے، ساتھ ہی قانون کی پاسداری کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
Published: undefined
دوسری طرف بی جے پی نے جرانگے سے اپیل کی تھی کہ وہ ریاستی حکومت سے بات چیت کریں اور گنیش اتسو کے دوران ممبئی میں احتجاج کے اپنے منصوبے پر نظرثانی کریں لیکن ابھی تک انہوں نے اپنا ارادہ نہیں بدلا۔ ان کے حامی عدالت میں اس حوالے سے اپیل کرنے والے ہیں۔ مہاراشٹر میں گنیش اتسو جاری ہے لیکن اس کے بیچ مراٹھا تحریک ممبئی میں حالات کو مزید گرما سکتی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined