’اب چھوڑ دیجیے، مجھے جانے دیجیے‘، جنتا دل یو اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں جذباتی ہوئے نتیش کمار

وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کی جانکاری ملنے کے بعد سے ہی جنتا دل یو کارکنان بہت ناراض ہیں۔ اس کا نظارہ جنتا دل یو دفتر میں آج بھی دیکھا گیا اور گزشتہ کل بھی دیکھا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے لیے پرچۂ نامزدگی داخل کیے جانے کے بعد جنتا دل یو دفتر میں 2 دنوں سے ہنگامہ برپا ہے۔ پارٹی کارکنان نے اس معاملہ میں اپنی شدید ناراضگی ظاہر کی ہے اور لگاتار نتیش کمار سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ اپنا فیصلہ بدل لیں۔ پیدا حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی اراکین اسمبلی کی آج میٹنگ بلائی تھی۔ اس میٹنگ کے دوران وہ جذباتی ہو گئے اور کہا کہ ’’اب چھوڑ دیجیے، مجھے جانے دیجیے۔‘‘

وزیر اعلیٰ کی رہائش پر جنتا دل یو اراکین اسمبلی اور وزراء کی میٹنگ ختم ہونے کے بعد جب سبھی لیڈران باہر نکلے تب اس بات کی جانکاری ان لوگوں نے میڈیا کو دی۔ ان لوگوں نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران کئی اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے فیصلہ پر اعتراض ظاہر کیا۔ ان کے اس فیصلہ کی سبھی لیڈران نے مخالفت کی۔ اس پر وزیر اعلیٰ نے اراکین اسمبلی کو بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ وہ راجیہ سبھا جا رہے ہیں، لیکن دہلی سے ہی بہار اور بہار کی سرگرمیوں پر ان کی نظر رہے گی، اس لیے اب جانے دیجیے۔ یہ کہتے ہوئے نتیش کمار جذباتی ہو گئے اور انھیں جذباتی دیکھ کر کئی اراکین اسمبلی بھی رو پڑے۔ سبھی نے ایک آواز میں ان سے اپنا فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی، لیکن وزیر اعلیٰ نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ ’’میں فیصلہ لے چکا ہوں، اس لیے آپ لوگ مجھے اب جانے دیجیے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کی جانکاری ملنے کے بعد سے ہی جنتا دل یو کارکنان بہت ناراض ہیں۔ اس کا نظارہ جنتا دل یو دفتر میں آج بھی دیکھا گیا اور گزشتہ کل بھی دیکھا گیا تھا۔ مرد کارکنان کے ساتھ ساتھ خاتون کارکنان بھی نتیش کمار کے اس فیصلہ سے مشتعل ہیں۔ ان لوگوں نے اس بات کا ٹھیکرا اپنے ہی سینئر لیڈران پر پھوڑا ہے۔ ایک خاتون کارکن نے تو ایک خاص لیڈر کو ’جئے چند‘ کہہ دیا اور کہا کہ انھیں سبھی باتوں کی خبر تھی، لیکن کسی کو ہوا نہیں لگنے دی گئی۔ کچھ خواتین نے تو اعلان کر دیا کہ اگر وزیر اعلیٰ نتیش کمار راجیہ سبھا گئے تو وہ خود سوزی کر لیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔