قومی خبریں

منی پور انتخاب: آخری مرحلہ میں 77 فیصد ووٹنگ، مختلف حادثات میں 2 افراد کی موت

منی پور میں ہفتہ کے روز دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے 60 میں سے 22 انتخابی حلقوں میں 838730 ووٹروں میں سے 77 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

منی پور اسمبلی انتخاب
منی پور اسمبلی انتخاب تصویر آئی اے این ایس

منی پور میں ہفتہ کے روز دوسرے اور آخری مرحلے کے لیے 60 میں سے 22 انتخابی حلقوں میں 838730 ووٹروں میں سے 77 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس دوران دو لوگوں کی موت کی بھی اطلاع ہے، جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ جانکاری افسران نے دی ہے۔ 2017 کے اسمبلی انتخاب میں ووٹنگ 86.36 فیصد تھی، جب کہ 2019 کے لوک سبھا انتخاب میں یہ 82.78 فیصد رہی تھی۔

Published: undefined

پولس کا کہنا ہے کہ سیناپتی ضلع کے کرونگ میں پولس کی گولی باری میں ایک شخص کی موت ہو گئی جب کہ ایک دیگر زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں تھوبل ضلع میں بی جے پی کے کارکن کی موت ہو گئی ہے۔ ایک افسر نے کہا کہ کچھ لوگوں کے ذریعہ پولنگ مرکز سے ای وی ایم چھیننے کی کوشش کے دوران پولنگ اہلکاروں کی پٹائی کی گئی جس کے بعد پولس کو کرونگ میں گولیاں چلانی پڑیں۔

Published: undefined

ایک دیگر واقعہ میں تھوبل ضلع میں جمعہ کی دیر شب بی جے پی کے کچھ کارکنان ایک حزب مخالف پارٹی کارکنان کی رہائش پر گئے۔ ایک تنازعہ کے بعد مخالف پارٹی کے کارکنان نے مبینہ طور پر بی جے پی کارکنان پر گولیاں چلائیں، جن میں سے کچھ کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ہفتہ کو ایک شخص نے دم توڑ دیا۔

Published: undefined

افسران نے بتایا کہ ماؤ، موریہہ اور دیگر مقامات پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنان آپس میں نبرد آزما ہو گئے جس سے وہاں ووٹنگ کچھ دیر کے لیے رک گیا۔ منی پور کے چیف الیکٹورل افسر (سی ای او) راجیش اگروال نے کہا کہ پہاڑی ضلعوں میں شورش پسندوں کے ذریعہ ای وی ایم کو نقصان پہنچانے کے 12 واقعات ہوئے ہیں اور ہر معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Published: undefined

سیاسی پارٹیوں نے ایک دوسرے پر کئی مقامات پر آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخاب میں خلل ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس سے قبل ہفتہ کو چھ انتخابی ضلعوں میں صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے بڑی تعداد میں مرد، خاتون اور پہلی بار ووٹ کرنے والے ووٹروں کی قطاریں پولنگ مراکز کے سامنے نظر آئیں۔

Published: undefined

افسران کے مطابق چھ ضلعوں تھوبل، جریبام، چندیل، اکھرول، سیناپتی اور تامینگ لونگ میں دوسرے مرحلہ کی پولنگ کے لیے مرکزی نیم فوجی دستہ کے 20 ہزار سے زائد جوانوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ تھوبل ضلع وادی علاقہ میں پڑتا ہے، دیگر پانچ ضلعے آسام اور ناگالینڈ کی سرحد کے ساتھ ساتھ میانمار کے پہاڑی علاقوں میں ہیں۔

Published: undefined

اگروال نے کہا کہ مجموعی طور پر 838730 ووٹرس، جن میں 428679 خواتین اور 31 ٹرانسجنڈر شامل ہیں، دوسرے مرحلہ میں دو خواتین سمیت 92 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے اہل تھے۔ تین بار کے وزیر اعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر اوکرام ایبوبی سنگھ کے ساتھ ساتھ بی جے پی کے کئی وزراء اور موجودہ اراکین اسمبلی کی قسمت ہفتہ کے روز ای وی ایم میں بند کر دی گئی ہے۔ سنگھ تھوبل اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

Published: undefined

اس درمیان دو اضلاع امپھال مشرق اور چراچاندپور کے 12 بوتھوں پر بھی ہفتہ کو دوبارہ ووٹنگ ہوئی۔ 28 فروری کو پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کے دوران اور بعد میں بدمعاشوں نے ای وی ایم کو نقصان پہنچایا تھا، جس کے بعد دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی۔ پہلے مرحلہ کی ووٹنگ 28 فروری کو 38 سیٹوں پر ہوئی تھی، جب 1209439 ووٹروں میں سے 88.63 فیصد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined