شرد پوار (فائل) / تصویر: قومی آواز
قد آور رہنما اور این سی پی (شرد گروپ) سربراہ شرد پوار نے حالیہ مہاراشٹر انتخابات کے نتائج کو لے کر مہاوکاس اگھاڑی اتحاد کے نام ایک پیغام دیا ہے جس میں انہوں نے اپنے معاون رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ شرد پوار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن کو اپنی شکست پر مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان لوگوں کے پاس جانا چاہیے جو مہاراشٹر انتخاب میں بی جے پی قیادت والی مہایوتی کی جیت سے پُرجوش نہیں ہیں۔
سیاست میں دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے شرد پوار نے کولہا پور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی ترجیح یہ یقینی کرنا ہونا چاہیے کہ حزب اقتدار کے ذریعہ کیے گئے انتخابی وعدوں کو جلد سے جلد نافذ کرایا جائے، جس میں لاڈکی بہن منصوبہ کے تحت خواتین کو دی جانے والی مالی امداد کو 1500 روپے سے بڑھا کر 2100 روپے کرنا شامل ہے۔
Published: undefined
اس دوران پوار نے یہ بھی کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب میں سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ حاصل ووٹوں اور جیتی گئی نشستوں کے درمیان موازنہ حیران کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ ہم ہار گئے ہیں، ہمیں اس پر فکر نہیں کرنی چاہیے بلکہ لوگوں کے پاس جانا چاہیے کیونکہ انتخابی نتائج کو لے کر لوگوں میں کوئی جوش نظر نہیں آ رہا ہے بلکہ بہت ناراضگی ہے۔
مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن رہنما مقرر کیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں شرد پوار نے کہا کہ ایم وی اے اتحاد اس بات پر زور نہیں دے سکتا ہے کہ انہیں یہ عہدہ ملے کیونکہ ان کے پاس اراکین کی ضروری تعداد نہیں ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن رہنما کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی پارٹی کے پاس کم سے کم 29 ایم ایل اے ہونے چاہئیں۔
Published: undefined
واضح ہو کہ مہاراشٹر کی 288 رکنی اسمبلی کے لیے ہوئے حالیہ انتخاب میں برسراقتدار بی جے پی، اجیت پوار (این سی پی) اور ایکناتھ شندے (شیو سینا شندے) کی شراکت داری والی مہایوتی اتحاد نے 230 سیٹوں پر جیت حاصل کرکے حکومت میں واپسی کی تھی اور اب مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر دیوندر فڑنویس اور نائب وزراء اعلیٰ کے طور پر ایکناتھ شندے اور اجیت پوار حلف لے چکے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined