قومی خبریں

شکست کے خوف سے گھبرائے شیوراج، آزاد امیدوار کو جبراً بی جے پی میں کیا شامل

مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو اسمبلی انتخاب ہونا ہے اور چاروں طرف بی جے پی کی حالت خستہ ہی نظر آ رہی ہے۔ ان خبروں سے پریشان شیوراج سنگھ آزاد امیدواروں کو انتخاب نہ لڑنے کا دباؤ بنا رہے ہیں۔

تصویر بذریعہ ’آج تک‘
تصویر بذریعہ ’آج تک‘ آزاد امیدوار پاردھی کا ہاتھ پکڑ کر جبراً جلسہ گاہ لے جاتے ہوئے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان اب ہاتھ پکڑ پکڑ کر آزاد امیدواروں کو میدان سے ہٹا رہے ہیں اور انھیں جبراً بی جے پی میں شامل کر رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک معاملہ واراسونی اسمبلی سیٹ پر دیکھنے کو ملا ہے۔ اس سیٹ سے شیوراج کے سالے سنجے سنگھ کانگریس کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے ذریعہ زبردستی امیدوار کو اپنے ساتھ لے جانے سے خوفزدہ اس امیدوار کے ایک حامی کو تو ہارٹ اٹیک تک آ گیا۔

مدھیہ پردیش اسمبلی کے لیے ووٹنگ میں اب ایک ہفتہ سے بھی کم وقت بچا ہے۔ چاروں طرف سے حالت خراب ہونے کی خبروں نے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کو پریشان کر رکھا ہے۔ اس گھبراہٹ میں شیوراج انتخابی حلقوں کے نام پاکستانی شہروں کے نام پر تو لے ہی رہے ہیں، اب آزاد امیدواروں کو جبراً میدان سے ہٹانے کی کوششوں میں بھی مصروف ہو گئے ہیں۔

سب سے زیادہ دلچسپ معاملہ تو ریاست کے واراواسنی سیٹ پر دیکھنے کو ملا۔ جمعرات کو وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کی واراواسنی اسمبلی حلقہ میں انتخابی جلسہ تھا۔ لیکن اس سے پہلے ہی وہاں کہرام مچ گیا۔ ہوا کچھ یوں کہ وزیر اعلیٰ اپنے حامیوں کے ساتھ اچانک اس سیٹ سے آزاد امیدوار گورو سنگھ پاردھی کے دفتر جا پہنچے۔ وہاں موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ شیوراج سیدھے آزاد امیدار کے کمرے میں گئے اور اس کا ہاتھ پکڑ کر کھینچتے ہوئے اپنی گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ اس دوران ان کے ساتھ آئے سیکورٹی اہلکاروں نے کسی کو آس پاس نہیں پھٹکنے دیا۔

وزیر اعلیٰ شیوراج آزاد امیدوار پاردھی کو لے کر سیدھے انتخابی جلسہ میں پہنچے۔ بی جے پی کے انتخابی جلسہ کے اسٹیج پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ آزاد امیدوار کو دیکھ کر جلسہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اسٹیج پر پہنچتے ہی شیوراج سنگھ چوہان نے پاردھی کے بی جے پی میں شامل ہونے اور بی جے پی امیدوار کی حمایت میں میدان سے ہٹنے کا اعلان کر دیا۔ اس اعلان کے بعد وہاں خوب ہنگامہ ہوا۔ انتخابی جلسہ ختم ہوتے ہی وزیر اعلیٰ نے اس امیدوار کو بی جے پی کارکنان کے حوالے کر دیا اور چلے گئے۔ اس پورے واقعہ کے بعد آزاد امیدوار میڈیا کے سامنے تو آئے، لیکن انھوں نے پورے معاملے پر گول مول جواب دیا۔ ایک نیوز چینل نے جب ان سے پورے معاملے کو سمجھنا چاہا تو پاردھی نے کسی بھی بات کا کوئی سیدھا جواب نہیں دیا۔

Published: 23 Nov 2018, 12:09 PM IST

غور طلب ہے کہ اس سیٹ سے شیوراج سنگھ چوہان کے سالے سنجے سنگھ کانگریس کے امیدوار ہیں۔ اس کے بعد سے یہاں بی جے پی کے امیدوار کی حالت خراب ہے۔ ساتھ ہی آزاد امیدواروں کی وجہ سے بھی بی جے پی کو زبردست نقصان کا اندیشہ بن گیا ہے۔

آزاد امیدوار پاردھی کے ایک حامی انیس بیگ اس پورے واقعہ سے اتنا سہم گئے کہ انھیں دل کا دورہ پڑ گیا۔ انھیں فوراً اسپتال لے جانا پڑا، لیکن ان کی طبیعت اب ٹھیک ہے۔ نیوز چینل ’آج تک‘ نے اس اسمبلی حلقہ میں کچھ لوگوں سے بات کی تو انھوں نے بتایا کہ پہلے تو اس امیدوار کو لالچ دیا گیا، جب وہ نہیں مانے تو انھیں ڈراما دھمکایا بھی گیا۔ اس پر بھی جب وہ میدان سے پیچھے نہیں ہٹے تو وزیر اعلیٰ دفتر آ کر ان کا ہاتھ پکڑ کے اپنے ساتھ لے گئے۔ آزاد امیدوار کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ لوگ بھی پیچھے بھاگے لیکن وزیر اعلیٰ نے اپنی گاڑی میں بٹھا کر انھیں جلسہ گاہ پر لے گئے اور پولس اہلکاروں نے انھیں روک دیا۔

Published: 23 Nov 2018, 12:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Nov 2018, 12:09 PM IST