قومی خبریں

مندسور قتل عام برسی LIVE : راہل نے کسانوں کے حق کی لڑائی لڑنے کا کیا اعلان

6 جون 2017 کو مدھیہ پردیش کے مندسور میں پولس نے احتجاجی مظاہرہ کر رہے کسانوں پر فائرنگ کی تھی جس میں 6 کسان ہلاک ہو گئے تھے۔ آج اس کی برسی کے موقع پر کسان طبقہ زبردست احتجاجی مظاہرہ کرنے والا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا کانگریس صدر راہل گاندھی شہید کسان ابھشیک پاٹیدار کے والد کو گلے لگاتے ہوئے

’کرناٹک کی طرح مدھیہ پردیش کے کسانوں کا بھی قرض معاف ہوگا‘

کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ سدارمیا حکومت کے دوران کرناٹک میں ہم نے جو کچھ کہا اسے کر کے دکھایا۔ ہم نے جس طرح کرناٹک کے کسانوں کا قرض معاف کیا، ٹھیک اسی طرح مدھیہ پردیش میں بھی کانگریس حکومت بننے پر کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

ہم کھوکھلے وعدے نہیں کرتے: کانگریس صدر

راہل گاندھی نے کسانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہم آپ سے جو وعدے کریں گے اسے ہم پورا کریں گے۔ ہم کھوکھلے وعدے نہیں کرتے۔ اقتدار میں آتے ہی 10 دنوں کے اندر کسانوں کا قرض معاف کیا جائے گا۔ ہم آپ کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے دینے جیسے جھوٹے وعدے نہیں کریں گے۔ ہم من کی بات بھی نہیں کریں گے۔ ہم آپ کے من کی بات سنیں گے اور آپ کے من کی حکومت بنائیں گے۔ ہم جو بھی کہیں گے وہ کر کے دکھائیں گے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مودی جی کے دل میں نفرت بھری ہے: راہل گاندھی

کانگریس صدر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کے دل میں کسانوں کے لیے نفرت ہونے کی بات کہی۔ انوھں نے کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے آر ایس ایس کی پڑھائی کی ہے، اس لیے ان کے دل میں نفرت بھری ہوئی ہے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مودی جی کے دل میں کسانوں کے لیے تھوڑی بھی جگہ نہیں: کانگریس صدر

کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان دونوں کو ایک ساتھ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’مودی جی کی حکومت ہو یا شیوراج جی کی سرکار ہو، ان سرکاروں کے دل میں کسانوں کے لیے تھوڑی سی بھی جگہ نہیں ہے، اور یہی حقیقت ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ہندوستانیوں کو خوردنی اشیاء کسی کاروباری یا تاجر کی وجہ سے نہیں ملتا بلکہ کسان کی وجہ سے ملتا ہے۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ مدھیہ پردیش میں 1200 کسانوں نے خودکشی کی، آخر کسی امیر آدمی نے خودکشی کیوں نہیں کی؟‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

راہل پرزور طریقے سے اٹھا رہے ہیں کسانوں کے حق کی آواز

راہل گاندھی کسانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کے ہر مسائل پر اپنی بات رکھ رہے ہیں اور ان کی آواز پرزور طریقے سے اٹھا رہے ہیں۔ ساتھ ہی وہ نوجوانوں میں بڑھ رہی بے روزگاری کے لیے بھی نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ نیچے دیکھیں راہل گاندھی کے خطاب کا لائیو ویڈیو...

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

برسراقتدار آنے پر کسانوں کا قتل کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کسانوں کے مسائل اور ان پر ہوئے مظالم کے تعلق سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب ہم برسراقتدار تھے، اس وقت کسانوں کا ایک نمائندہ وفد ملنے آیا تھا، اور قرض معاف کرنے کی گزارش کی تھی۔ 10 دن کے اندر حکومت نے کسانوں کا قرض معاف کر دیا تھا۔ میں کسانوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ جس دن ہم دوبارہ برسراقتدار ہوں گے، کسانوں کا قرض معاف کر دیا جائے گا۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’جن لوگوں نے کسانوں کا قتل کیا تھا، ان کے خلاف ہم کارروائی کریں گے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

کسانوں کو خودکشی کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کسانوں سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کو نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کسانوں کو خودکشی کرنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ نہ ہی مودی جی اور نہ ہی بی جے پی حکومت ان کے بارے میں سوچتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کارپوریٹ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے وہ 2.5 لاکھ کروڑ کے قرض معافی کا اعلان کرتے ہیں لیکن کسانوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دیتے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

صرف کسان ہی نہیں مدھیہ پردیش میں ہر طبقہ کے لوگ پریشان: کمل ناتھ

کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے بھی کسانوں کے مسائل کو انتہائی اہم قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ مدھیہ پردیش میں صرف کسان ہی نہیں بلکہ ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگ شیوراج حکومت سے پریشان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’صرف کسان ہی نہیں نوجوان طبقہ کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ نوجوان روزگار چاہتے ہیں لیکن شیوراج اپنی تشہیر پر ہی 200 کروڑ روپے خرچ کر دیتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اب منصوبوں کو اعلان کرنے کا وقت ختم ہو چکا ہے اور حساب کتاب کا وقت ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخاب کانگریس کے لیے نہیں بلکہ نوجوانوں اور ریاست کی عوام کے لیے ہے۔ ہم نظام میں تبدیلی کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور فائرنگ میں شہید کسانوں کا بدلہ لیا جائے گا: جیوترادتیہ سندھیا

جیوترادتیہ سندھیا نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کے حق میں شروع اس ریلی کو دوسرا ’ستیاگرہ‘ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کی آنکھیں کھل چکی ہیں اور نومبر میں ہم بی جے پی کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ شہید کسانوں کے گھر والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’2017 میں پولس فائرنگ میں جو ہلاک ہوئے ہیں ان کا ہم بدلہ لیں گے۔ مودی جی نے نوٹ بندی کی، شیوراج نے کسان بندی کی، ہم سب مل کر نومبر میں ووٹ بندی کریں گے۔‘‘

اپنے خطاب کے دوران کسانوں کی طرف سے جیوترادتیہ سندھیا نے کچھ مطالبات بھی رکھے جن میں مندسور فائرنگ کے قصورواروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا، جین کمیشن کی رپورٹ جاری کرنا اور کسانوں کے خلاف رجسٹرڈ کیس کو ختم کرنا شامل ہیں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

ایس ڈی ایم کے منع کرنے کے باوجود ابھشیک کے والد کی راہل سے ملاقات

شہید کسان ابھشیک پاٹیدار کے بھائی کو ایس ڈی ایم نے فون کر کے کہا تھا کہ اپنے والدین کو راہل گاندھی سے ملاقات کرنے سے روکے، لیکن انھوں نے شیو راج حکومت کی بربریت کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے راہل گاندھی سے ملاقات کی۔ راہل گاندھی نے ان کے علاوہ دیگر شہید کسانوں کے گھر والوں سے بھی ملاقات کی جس کی تصویریں کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل پر اَپ لوڈ کی گئی ہیں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

راہل نے شہید کسانوں کو خراج عقیدت پیش کیا

مندسور میں جلسہ گاہ پر پہنچنے کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے فائرنگ میں شہید ہوئے کسانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مندسور میں گزشتہ سال اپنے مطالبات کو لے کر مظاہرہ کر رہے کسانوں پر پولس نے فائرنگ کر دی تھی جس میں کنہیا لال پاٹیدار، ستیہ نارائن ٹھانگر، ابھشیک پاٹیدار، ببلو، گھنشیام دھاکڑ اور چنتامن پاٹیدار کی موت ہو گئی تھی۔ مندسور فائرنگ کی آج پہلی برسی ہے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

کچھ ہی دیر میں راہل گاندھی لوگوں سے خطاب کریں گے

راہل گاندھی شہید کسانوں کے گھر والوں سے ملاقات کرنے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں موجود لوگوں سے خطاب کرنے کے لیے اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں۔ اسٹیج پر راہل گاندھی کے ساتھ سابق مرکزی وزیر دگ وجے سنگھ، سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ اور دیگر اہم سیاسی لیڈران موجود ہیں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

تصویر وشو دیپک/قومی آواز

راہل گاندھی نے شہید کسانوں کے گھر والوں کی پریشانیاں سنیں

راہل گاندھی جلسہ کے مقام پر پہنچ گئے ہیں اور انھوں نے وہاں موجود شہید کسانوں کے گھر والوں سے ملاقات کر ان کی پریشانیوں کو سنا۔ ’قومی آواز‘ کے نمائندہ وشو دیپک مقامِ جلسہ پر موجود ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کم و بیش 50 ہزار لوگ وہاں پر موجود ہیں اور کئی ہزار لوگ سڑکوں پر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جلسہ کے مقام سے 6 کلو میٹر دور تک جام کی صورت حال بن چکی ہے جس کے سبب متعدد لوگ ابھی تک یہاں نہیں پہنچ سکے ہیں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

تصویر وشو دیپک/قومی آواز

کچھ ہی دیر میں پہنچ سکتے ہیں راہل گاندھی

مندسور میں کانگریس کے ذریعہ منعقد ’کسان سمردھی سنکلپ ریلی‘ شروع ہو چکی ہے اور اسٹیج پر سابق مرکزی وزیر دگ وجے سنگھ، سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ اور جیوترادتیہ سندھیا سمیت ریاست کے کئی اہم لیڈران موجود ہیں۔ چونکہ راہل گاندھی کی آمد ہونے والی ہے اس لیے انتظامیہ نے سیکورٹی سخت کر رکھی ہے اور کسی کو بھی بغیر جانچ کیے جلسہ میں شامل نہیں ہونے دیا جا رہا ہے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور کی شہادت ہم نہیں بھول سکتے: جیتو پٹواری

مدھیہ پردیش کانگریس کے کارگزار صدر جیتو پٹواری کا ایک ویڈیو کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا گیا ہے جس میں انھوں نے 6 جون کو کسانوں کے لیے یومِ سیاہ قرار دیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’کسانوں نے شہادت دی اور کسانوں کے 5000 بچوں پر مقدمے دائر کیے گئے، اس کے بعد بھی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ مندسور کی شہادت کو ہم نہیں بھول سکتے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

جلسہ میں خواتین کی بھی بڑی تعداد میں شرکت

تصویر وشو دیپک/قومی آواز

کلکٹر نے سندیپ پاٹیدار کو راہل سے ملنے سے منع کرنے کا اعتراف کیا

ابھشیک پاٹیدار کے والد نے بھی ایس ڈی ایم کے ذریعہ اپنے دوسرے بیٹے کو فون کر کے راہل گاندھی کے جلسہ میں جانے سے روکنے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک سال گزر جانے کے بعد ہمیں اس بات کا غم ہے کہ قصورواروں کو اب تک سزا نہیں ملی۔ قصوروار پولس والوں کو جب تک سزا نہیں ملتی اس وقت تک ہمیں سکون نہیں ملے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمیں ایسا لگتا ہے کہ اس معاملے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

دوسری طرف مندسور کے کلکٹر او پی شریواستو نے ابھشیک پاٹیدار کے بھائی سندیپ پاٹیدار کو راہل گاندھی سے نہ ملنے کی صلاح دیے جانے کی بات کا اعتراف کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس ڈی ایم نے انھیں جلسہ میں شامل نہ ہونے کا مشورہ دیا کیونکہ وہ ایک سرکاری ملازم ہیں اور ان کے لیے یہ مناسب نہیں۔ یہ باتیں او پی شریواستو نے ایک نیوز ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران کہی۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

شیوراج حکومت دراصل قاتل حکومت ہے: کسان

راجوڑ سے تعلق رکھنے والے نانو رام کسان نے جلسہ کے دوران ’قومی آواز‘ کے نمائندہ سے بات چیت کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی پر کسان مخالف پالیسی پر عمل کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی نے ہمیں ٹھگا ہے۔ جب کسانوں نے اپنی پیداوار کے لیے صحیح قیمت کا مطالبہ کیا تو انھوں نے ان کا قتل کر دیا۔‘‘ راہل گاندھی کی حمایت کرنے کے مقصد سے 100 کلو میٹر سے زیادہ طویل سفر کر کے جلسہ میں پہنچے نانو رام نے شیوراج حکومت کے ذریعہ کسانوں پر مظالم کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’شیو راج حکومت دراصل قاتل حکومت ہے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

ایس ڈی ایم نے مہلوک ابھشیک کے والدین کو راہل سے ملنے سے منع کیا

گزشتہ سال مندسور فائرنگ میں ہلاک ابھشیک پاٹیدار کے والدین نے خبر رساں ادارہ اے این آئی کو بتایا کہ ایس ڈی ایم (سب ڈویژنل مجسٹریٹ) ان کے دوسرے بیٹے سے پوچھا کہ راہل گاندھی سے ملنے کون جا رہا ہے۔ جب میرے بیٹے نے کہا کہ میرے والدین جا رہے ہیں، تو ایس ڈی ایم نے کہا کہ راہل گاندھی سے ملنے سے ہمیں روک لے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور فائرنگ میں شہید کسانوں پر مبنی کتاب کا اجراء

مندسور فائرنگ میں شہید ہوئے کسانوں پر مبنی ایک کتاب کا اجراء سابق مرکزی وزیر دگ وجے سنگھ اور راج منی پٹیل کے ذریعہ کیا گیا۔ یہ کتاب سماجی کارکن اور سابق ممبر اسمبلی پارس سکھلیچا نے لکھی ہے۔ کتاب ہندی میں ہے جس کا نام ہے ’مندسور گولی ہتیا کانڈ‘۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

تصویر قومی آواز

راہل کا خطاب سننے کے لیے کسانوں کی بڑی تعداد میں آمد

مدھیہ پردیش کے الگ الگ علاقوں سے کسانوں کی بڑی تعداد میں راہل گاندھی کا خطاب سننے کے لیے مندسور میں جمع ہو رہی ہے۔ ابھی راہل گاندھی کی آمد میں تقریباً دو گھنٹے باقی ہیں، پھر بھی جلسہ کے مقام پر پنڈال میں بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گرمی کی شدت کے باوجود کسانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ نیچے دیکھیے جلسہ کے مقام پر جمع ہوتے کسانوں کی کچھ تصویریں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مہلوک کسانوں کی فیملی کو مل رہی دھمکی

مندسور فائرنگ میں ہلاک ابھشیک پاٹیدار کے بھائی سندیپ پاٹیدار نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے والدین کو راہل گاندھی سے ملنے سے روک رہی ہے۔ ناگپور میں فورتھ گریڈ ملازم سندیپ نے ساتھ ہی یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ اے ڈی ایم مسٹر آر کے ورما نے انھیں فون کر کے دھمکی دی ہے کہ اگر میرے والدین راہل گاندھی سے ملنے گئے تو ملازمت بھی جا سکتی ہے۔ سندیپ پاٹیدار کے اس بیان سے کانگریس لیڈر کمل ناتھ کے ان الزامات کو مضبوطی ملتی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ شیوراج حکومت مندسور میں لوگوں کو پہنچنے سے روک رہی ہے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور میں کسانوں لیڈروں کا مجمع

مدھیہ پردیش میں مندسور فائرنگ کی برسی کے موقع پر ریاست کے کسان لیڈروں کا مندسور میں مجمع دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہاں پہنچ چکے کسان لیڈروں کا کہنا ہے کہ وہ راہل گاندھی سے بہت پرامید ہیں اور انھیں وعدہ کرنا چاہیے کہ کانگریس حکومت بننے کے بعد مندسور اور ملتائی فائرنگ جیسا واقعہ ملک میں کہیں نہیں ہونے دیں گے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور کے لیے کسانوں کی روانگی کا سلسلہ شروع

مندسور میں کسانوں کی بڑی تعداد پہنچنے کا امکان ہے اور الگ الگ علاقوں سے مندسور کی جانب لوگوں کی روانگی کا سلسلہ صبح سے ہی شروع ہو چکا ہے۔ مندسور-نیمچ شاہراہ پر کسانوں کو بیل گاڑیوں میں سوار ہو کر مندسور کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

تصویر وشو دیپک/قومی آواز

راہل گاندھی ایک بجے پہنچیں گے مندسور

ذرائع کے مطابق ’کسان سمردھی سنکلپ ریلی‘ سے کانگریس صدر راہل گاندھی دوپہر میں خطاب کریں گے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ تقریباً ایک بجے پپلیامنڈی پہنچیں گے جہاں وہ لوگوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ راہل گاندھی کے دورہ کے پیش نظر پولس انتظامیہ نے سیکورٹی کا سخت انتظام کیا ہے۔ جگہ جگہ پر بیریکیٹس بھی لگائے گئے ہیں اور نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور فائرنگ کے بعد بھی شیوراج حکومت کو سبق حاصل نہیں ہوا: دگ وجے

مندسور فائرنگ کی پہلی برسی پر کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے شیوراج حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کسانوں کی شہادت کے بعد بھی شیوراج کو کوئی نصیحت ملی؟ نہیں ملی۔ آج بھی کسان کو اس کی پیداوار کی صحیح قیمت نہیں مل رہی ہے۔ کسان خودکشی کر رہے ہیں اور مدھیہ پردیش حکومت اعداد و شمار پیش کر کے اپنی پیٹھ تھپتھپا رہی ہے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

راہل کے جلسہ میں شریک ہوگی سبھی مہلوک کسانوں کی فیملی

مندسور فائرنگ میں ہلاک کسانوں کو خراج عقیدت پیش کیے جانے سے متعلق جلسہ میں شریک ہونے کے لیے ان کے کنبہ والوں کو راہل گاندھی کی جانب سے مدعو کیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق سبھی فیملی آنے کے لیے رضامند بھی ہو گئے ہیں۔ 6 کسانوں میں سے ہلاک ایک ابھشیک کی ماں الکا پاٹیدار نے اس تعلق سے کہا ہے کہ ’’راہل گاندھی کسانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے آ رہے ہیں تو ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ان سے ملاقات کریں۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور میں مارے گئے کسانوں کو جیوترادتیہ سندھیا نے خراج عقیدت پیش کیا

مندور فائرنگ کی برسی کے موقع پر کانگریس کے نوجوان لیڈر جیوترادتیہ سندھیا نے مارے گئے کسانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انھوں نے خراج عقیدت پیش کیے جانے سے متعلق تصویریں اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پوسٹ بھی کیا ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ ’’میں سلام کرتا ہوں ان بے قصور کسان ساتھیوں کی جو اس مظلوم حکومت کی گولیوں سے شہید ہوئے تھے۔ میں اور میری پارٹی کا ایک ایک کارکن کسانوں کی لڑائی اس وقت تک لڑیں گے جب تک انھیں انصاف اور قصورواروں کو سزا نہیں ملتی۔ یہی میرا عزم، میری کوشش ہے۔‘‘

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں کسانوں کی 10 روزہ ہڑتال بھی جاری

قرض معافی سمیت کئی مطالبات کو لے کر ملک کی کئی ریاستوں میں کسانوں کی 10 روزہ ہڑتال بھی جاری ہے۔ کسانوں نے پوری طرح سے ’گاؤں بند‘ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے شہروں میں اناج، دودھ، پھل اور سبزیوں کی سپلائی رک گئی ہے۔ ایسے میں کئی شہروں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ اس سے عام لوگوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ اپنے کئی مطالبات کو لے کر کسانوں نے یکم جون سے 10 جون تک ’گاؤں بند‘ کا اعلان کیا تھا۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

شیو راج حکومت ریلی کو ناکام بنانے کے لیے کوشاں!

کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے شیوراج سنگھ چوہان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’شیوراج سنگھ کی 30 مئی کے جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے مندسور میں پوری حکومت لگی ہوئی تھی۔ اب، 6 جون کو کسانوں کی آواز دبانے اور راہل جی کے جلسہ کو ناکام بنانے کی کوشش پوری حکومت کر رہی ہے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

بی جے پی کے خلاف ریلی میں 2 لاکھ لوگ جمع ہوں گے

کانگریس نے مندسور فائرنگ کی برسی کے موقع پر منعقد ریلی میں دو لاکھ سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ چونکہ ریاست میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، اس لیے ریلی کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ راہل گاندھی اس ریلی میں نریندر مودی کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کو بھی تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

مندسور فائرنگ کے خلاف نکلے گی ’کسان سمردھی سنکلپ ریلی‘

گزشتہ سال 6 جون کو مدھیہ پردیش کے مندسور میں جو کچھ ہوا اسے کسان طبقہ کبھی نہیں بھول سکتا۔ کسانوں پر ہوئی فائرنگ کے واقعہ کی آج پہلی برسی ہے اور اس موقع پر کانگریس صدر راہل گاندھی مندسور میں ’کسان سمردھی سنکلپ ریلی‘ سے خطاب کریں گے۔ اس ریلی میں گزشتہ سال فائرنگ میں ہلاک کسانوں کے اہل خانہ کی بھی موجودگی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مہلوک کسانوں کے رشتہ دار راہل گاندھی کے ساتھ اسٹیج بھی شیئر کر سکتے ہیں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 06 Jun 2018, 9:46 AM IST