قومی خبریں

’مدھیہ پردیش کے اقتدار سے بی جے پی کو باہر کر داغ کو صاف کریں‘، عوام سے کھڑگے کی اپیل

کھڑگے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے مدھیہ پردیش کو داغدار کرنے کا کام کیا ہے، یہ داغ صابن سے دھونے پر بھی نہیں جا سکتا، اس لیے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کر داغ کو صاف کر دیں۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

 

مدھیہ پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس امیدوار کی حمایت میں تشہیر کرنے گوالیر پہنچے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ انتخاب امیدوار یا پارٹی کے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے ہے۔ کھڑگے نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میں ماؤں-بہنوں کو 1500 روپے ماہانہ ملے گا، 500 روپے میں گیس سلنڈر ملے گا، 100 یونٹ بجلی معاف اور 200 یونٹ ہاف، کسان کا قرض معاف، ملازمین کے لیے پرانی پنشن بحال ہوگی، کسانوں کو 12 گھنٹے آبپاشی کے لیے بجلی دینے کا بھی کام ہماری حکومت کرنے والی ہے۔

کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ ہاتھی کے دانت کی طرح ہیں، یہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ الگ ہی ہیں۔ ہم ملک میں اتحاد رکھنا چاہتے ہیں اس لیے آپ سے کہیں گے کہ یہ انتخاب صرف کسی امیدوار کے لیے یا کسی پارٹی کے لیے نہیں ہے۔ یہ ملک کے اتحاد کے لیے ہے، اور ہم ملک کی جمہوریت کو بچانے کے لیے انتخابی میدان میں ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ بی جے پی حکمراں مدھیہ پردیش کئی معنوں میں نمبر وَن ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ 18 سال حکوتم کرنے کے بعد بھی ووٹ لینے کے لیے ڈرامہ کرتے ہیں۔ شیوراج سنگھ حکومت کی حصولیابی بدعنوانی میں نمبر وَن ہے، کسانوں کی خودکشی میں نمبر وَن، نقص تغذیہ میں نمبر وَن، خواتین، ایس سی، ایس ٹی اور قبائلیوں پر ظلم میں نمبر وَن ہے، بے روزگاری میں نمبر وَن ہے، اتنا سب کر کے انھوں نے اس ریاست کو بیمارو ریاست بنا دیا ہے۔

کھڑگے کا کہنا ہے کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ بی جے پی کی حکومت غریبوں کو نہیں دیکھ رہی ہے، صرف بڑے بڑے صنعت کاروں کو دیکھ رہی ہے اور انہی کے لیے کام کر رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ساڑھے چار ہزار کلومیٹر کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی جس میں وہ غریبوں سے ملے، کسانوں سے ملے، خواتین سے ملے، سبھی کو گلے لگا کر چلے۔ کانگریس نے ملک کو ایک رکھنے کے لیے اپنا خون پسینہ دیا ہے۔ آنجہانی اندرا گاندھی نے ملک کے لیے جان دی اور آنجہانی راجیو گاندھی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جان کی قربانی دی۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جب مدھیہ پردیش آتے ہیں تو انھیں ویاپم گھوٹالے کی یاد نہیں آتی، انھیں پٹواری گھوٹالہ کی یاد نہیں آتی۔ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’جب مودی آپ کے درمیان آئیں تو آپ ان سے پوچھیے کہ مہاکال کا جب گھوٹالہ ہوا تھا تب وہ کہاں تھے؟ مدھیہ پردیش میں 18 سالوں میں 18 ہزار کسانوں نے خودکشی کی تب وہ کہاں تھے؟ جب بی جے پی کے لوگ ہمارے قبائلی بھائیوں پر پیشاب کر رہے تھے تب وہ کہاں تھے؟‘‘

کھڑگے نے مزید کہا کہ بی جے پی نے ریاست کو داغدار کرنے کا کام کیا ہے، اور یہ داغ صابن سے دھونے پر بھی نہیں جا سکتا۔ اس لیے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کر کے اس داغ کو صاف کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے کو ماما کہنے والے شیوراج کے 18 سال کی حکومت میں مدھیہ پردیش میں سب سے زیادہ بچے نقص تغذیہ کے شکار ہیں اور خواتین غیر محفوظ ہیں۔ بی جے پی کے لوگ ہاتھی کے دانت کی طرح ہیں جو کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ الگ ہی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔