قومی خبریں

مدھیہ پردیش: کانگریس لیڈر کا گولی مار کر قتل، ملزمین کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

مدھیہ پردیش میں نظامِ قانون پر سوال اٹھاتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ ’’ریاست میں قانون کی حالت انتہائی فکرانگیز ہے۔ آج ریاست میں کوئی بھی محفوظ نہیں۔‘‘

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

مدھیہ پردیش کے چھترپور ضلع میں کانگریس کے بلاک صدر اندر پرتاپ سنگھ بندیلا کا منگل کی شب گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے ضلع اسپتال میں جم کر ہنگامہ کیا۔ قتل کی وجہ پرانی رنجش بتائی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گھوارا بلاک کانگریس کے صدر اندر پرتاپ منگل کی شب کو ایک ڈھابے پر بیٹھے تھے تبھی انھیں گولی مار دی گئی۔ اندر پرتاپ کو سنگین حالت میں ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔ اس کے بعد اندر پرتاپ کے اہل خانہ اور حامیوں نے اسپتال میں جم کر ہنگامہ کیا اور توڑ پھوڑ بھی کی۔

Published: undefined

نگر پولس سپرنٹنڈنٹ لوکیندر سنگھ کے مطابق بڑا ملہیرا میں اندر پرتاپ کو گولی ماری گئی، پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ اس قتل کے واقعہ پر سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ ’’چھتر پور ضلع کے گھوارا بلاک کانگریس صدر اندر پرتاپ سنگھ کا گولی مار کر قتل کیے جانے کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ فیملی کے تئیں میری ہمدردی ہے۔ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ فوری ملزمین کا پتہ لگا کر ان کی گرفتاری ہو، ان پر سخت سے سخت کارروائی ہو۔‘‘

Published: undefined

مدھیہ پردیش میں نظام قانون پر سوال اٹھاتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ ’’ریاست میں قانون کی حالت انتہائی فکر انگیز ہے۔ آج ریاست میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ ریاست میں قتل، اغوا، عصمت دری، لوٹ جیسے واقعات روز سرزد ہو رہے ہیں۔ ذمہ دار مغربی بنگال، آسام میں انتخابی تشہیر کر رہے ہیں اور ریاست میں سُشاسن کی بڑی بڑی ڈینگیں ہانک رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined